• Fri, 23 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی بڑودہ قومی شاہراہ پر لاماج انٹری ایگزٹ سے راحت

Updated: January 23, 2026, 12:34 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

بھیونڈی کو بڑا فائدہ ملنے کی امید ،یہ منصوبہ خصوصاًصنعتی شعبے کے لئے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا۔

Member of Parliament Suresh Mahatre (Baliya Mama). Picture: INN
رکنِ پارلیمان سریش مہاترے( بالیا ماما)۔ تصویر: آئی این این
ممبئی بڑودہ قومی شاہراہ پر لاماج کے مقام پر انٹری اور ایگزٹ پوائنٹ کے قیام سے بھیونڈی شہر اور اطراف کے علاقوں کو بڑی راحت ملنے والی ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کی جانب سے اس منصوبے کے لئے۱۳۲؍ کروڑ۲۸؍ لاکھ روپے کا ٹینڈر جاری کئے جانے کے بعد یہ دیرینہ مطالبہ عملی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ اس منصوبے کو بھیونڈی کی مجموعی ترقی کے لئے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔لاماج انٹری ایگزٹ پوائنٹ کے باعث بھیونڈی کے شہریوں کو قومی شاہراہ تک براہِ راست رسائی حاصل ہو جائے گی۔ اب تک شہریوں اور صنعت کاروں کو شاہراہ تک پہنچنے کے لئے طویل راستے اختیار کرنے پڑتے تھے جس سے وقت اور ایندھن دونوں کا ضیاع ہوتا تھا۔ انٹری ایگزٹ پوائنٹ کے قیام کے بعد نہ صرف سفر کا وقت کم ہوگا بلکہ آمد و رفت بھی زیادہ محفوظ اور آسان ہو جائے گی۔
یہ منصوبہ بالخصوص بھیونڈی کے صنعتی شعبے کے لئے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا۔ پاورلوم، گوداموں اور دیگر صنعتی یونٹس سے وابستہ مال برداری کو قومی شاہراہ سے براہِ راست جوڑ ملنے سے نقل و حمل کے اخراجات میں کمی آئے گی۔ اس سے صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، مقامی تجارت میں تیزی آئے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
واضح ہوکہ اس پروجیکٹ  کا مطالبہ ابتدا ہی سے رکنِ پارلیمان سریش مہاترے( بالیا ماما) کی جانب سے مسلسل کیا جاتا رہا ہے ۔ مقامی سنگھرش سمیتی کے نمائندوں کے ساتھ مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہ نتن گڈکری سے ملاقات کے بعد اس منصوبے کو منظوری ملی اور۱۶؍ جنوری کو این ایچ اے آئی نے باضابطہ طور پر ٹینڈر عمل شروع کر دیا۔
اس موقع پر رکنِ پارلیمان سریش مہاترے نے کہا:’’ لاماج انٹری ایگزٹ کا مقصد بھیونڈی کے شہریوں اور صنعتوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری جی کی مثبت رہنمائی سے آج یہ منصوبہ عملی صورت اختیار کر رہا ہے جس سے بھیونڈی کی ترقی کو نئی سمت ملے گی۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK