Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: خستہ حال عمارتوں کو خالی کروانے کیلئے لاؤڈاسپیکر سے بیداری مہم

Updated: June 13, 2024, 10:45 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

میونسپل کمشنر نے اپنے معاونین کو خستہ حال قرار دی گئی عمارتوں کو مکینوں سے خالی کروانے کیلئے ان کی پانی اور بجلی سپلائی منقطع کرنے کی ہدایت دی

An announcement is being made to vacate the house.
مکینوں کو گھرخالی کرنے کیلئے اناؤنسمنٹ کیا جارہا ہے۔ (تصویر:انقلاب)

بارش کے دوران پرانی عمارتوں کے اچانک منہدم ہونے سے بڑے پیمانے پر   جانی و مالی نقصان سے شہریوں کو بچانے کیلئے میونسپل کارپوریشن نے بیداری مہم شروع کی ہے۔ انتظامیہ نے  انتہائی خستہ حال اور خستہ حال عمارتوں میں رہائش پذیر افرادکو نوٹس جاری کرنے کے بعد اب لاؤڈاسپیکر کے ذریعہ ان سے عمارت خالی کرنے کی درخواست کی جارہی ہے۔ واضح ہوکہ میونسپل انتظامیہ نے شہر کی ایک ہزار ۳۱۱؍عمارتیں مخدوش قرار دی ہیںجن میں ۲۸۷؍انتہائی مخدوش قرار دی گئی ہیں۔تاہم شہری انتظامیہ کے پاس باز آباد کاری کی کوئی ٹھوس اور موثرمنصوبہ بندی نہ ہونے کے باعث ان خطرناک عمارتوں میں تقریباً ۳؍ ہزار خاندانوں کے لگ بھگ ۱۵؍ہزار سے زائد افراد اپنی جان خطرے میں ڈال کرمقیم  ہیں۔شہری انتظامیہ نے ایسے مکانوں میں رہنے والے افراد کو نوٹس جاری کرکے عمارت خالی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
میونسپل کمشنر کی ہدایت
 میونسپل کمشنر اجے ویدیہ نے سبھی اسسٹنٹ میونسپل کمشنروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ خطرناک عمارتوں کی پانی اور بجلی منقطع کردیںجس کے پیش نظر شہری انتظامیہ نے شہر میں بیداری مہم شروع کی ہے۔ خطرناک عمارتوں میں رہائش پذیر بیشتر مکینوں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس رہائش کیلئے کوئی متبادل اور مناسب جگہ نہیں ہے۔ایسی صورت میں اگر وہ اپنا مکان خالی کر دیں گے تو جائیں گے کہاں؟ لہٰذا خطرناک عمارتوں میں رہنے والے ہزاروں لوگوں کو بے گھر کرنے سے پہلے شہری انتظامیہ کو سب سے پہلے ان کی بحالی کی ٹھوس پالیسی بنانے کی ضرورت ہےتبھی اس مسئلہ کا قابل قدر حل نکل سکتا ہے۔
کارپوریشن میں ’چھوڑو‘ اور’ توڑو‘کا کھیل
 ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق کچھ بلڈر نما زمین مالک مبینہ طور پر ساز باز کرکے مضبوط عمارتوں کو بھی نوٹس دلواکر خالی کروانے کی کوشش میں مصروف  ہیں۔ایسے کچھ زمین مالکان کارپوریشن کے اہلکاروں کو ’خوش‘ کرکے مضبوط عمارتوں کوبھی انتہائی مخدوش قرار دے کر زبردستی خالی کرواکر اسے بڑی بڑی عمارتوں میں تبدیل کرکے کروڑوں روپے کماتے ہیںجبکہ برسوں سے مقیم کرایہ داروں کا کوئی پُرسان حال نہیں ہوتا  ۔ اسی طرح کچھ مخدوش عمارتوں کو جان بوجھ کر کمزور عمارتوں کی فہرست میں شامل نہیں کیاجاتا ہے۔ شہریوں کے مطابق میونسپل کارپوریشن میں جاری اس کھیل کو ختم کرنے کیلئے میونسپل کمشنر اجے ویدیہ کوافسران کی جانب سے کمزورقرار دی گئی عمارتوں کا خود  جائزہ لینا چاہئےجس سے میونسپل افسران کے اس کھیل سے پردہ اُٹھ سکے گا ۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK