Inquilab Logo

بھیونڈی: مانسون کے دوران نامساعد حالات سے نمٹنے کیلئے میٹنگ

Updated: May 15, 2023, 11:32 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

میونسپل ،پولیس اور ٹورینٹ پاور کمپنی کے افسران شامل ہوئے

A scene from a meeting held at the Municipal Corporation headquarters.
میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر میں منعقدہ میٹنگ کا ایک منظر۔

یہاں میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر میں میونسپل انتظامیہ ، محکمہ پولیس اور بجلی سپلائی کرنے والی فرنچائزی کمپنی کی مشترکہ میٹنگ میں میونسپل کمشنر وجے کمار مہسال نے سبھی افسران کو مانسون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورت حال  میں چوکس رہنے کا حکم دیا ہے۔کارپوریشن انتظامیہ نے شدید بارش کے دوران میونسپل اہلکاروں اور افسران کو موبائل فون بند کرنے اور بنا اجازت ہیڈ کواٹرز سے کہیں بھی جانے پر سختی سے پابندی عائد کی ہے۔ 
 میٹنگ میں میونسپل کمشنرنے متعلقہ محکموں سے کہا کہ وہ محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق بھیونڈی شہر میں سطح سمندر میں اضافے اور شدید بارش کی وجہ سے ہنگامی صورتحال کے دوران اپنے اپنے علاقوں میں سبھی ساز و سامان اور دیگر ضروری آلات و افرادی قوت کے ساتھ تیار رہیں۔   انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور اس بات کا خیال رکھیں کہ ایسا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوجس سے  شہریوں کے جان و مال کا نقصان ہو۔
 ڈی سی پی نوناتھ دھولے نے کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں تمام محکموں کو ایک دوسرے کے ساتھ تال میل میں رکھنا بہت ضروری ہے۔ اس لئے ہم سب کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ  پولیس انتظامیہ تعاون کے لئے تیار ہے۔
 ایڈیشنل میونسپل کمشنر اوم پرکاش دیوٹے نے تمام متعلقہ افسران کو واضح ہدایات دی کہ شدید بارش کے دوران بغیر اجازت ہیڈ کوارٹرز سے باہر نہ نکلیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ موبائل فون بند کیے بغیر مسلسل تال میل بنا کر رابطے میں رہیں۔ ہنگامی کی صورت میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ میونسپل کارپوریشن کے مرکزی ایمرجنسی مرکز پر ۲۳۸۷۹۷، ۲۵۰۰۴۹۔۰۲۵۲۲؍اور ٹول فری نمبر ۱۸۰۰۲۳۳۱۱۰۲؍پر رابطہ قائم کرکے معلومات فراہم کرسکتے ہیں۔اسی کے ساتھ شہری ای میل 
 bncmc.dmo@gmail.com پربھی پیغام بھیج سکتے ہیں ۔ میٹنگ کے دوران ڈپٹی کمشنر دیپک جھنجاڑ، پرنالی گھونگھے، سٹی انجینئر سنیل گھنگھے، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس راجندر کمار ڈونگرے، اسسٹنٹ کمشنر پریتی گاڈے کے ساتھ میونسپل کارپوریشن، پولیس اور ٹورینٹ پاور کمپنی کے اہم افسران موجود تھے۔

Municipal Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK