Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: عیدالاضحی کے پیشِ نظر ڈی سی پی کے ساتھ میٹنگ

Updated: May 02, 2026, 10:52 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

سماج وادی پارٹی کے ریاستی صدر ابو عاصم اعظمی کی سربراہی میں وفد نے امن امان اور اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

Abu Asim Azmi along with other members of the delegation met with DCP Shashi Kant Borate. Photo: INN
ابو عاصم اعظمی نے وفد میں شامل دیگر ممبران کے ساتھ ڈی سی پی ششی کانت بوراٹے سے ملاقا ت کی۔ تصویر: آئی این این

بقرعید کے پس منظر میں سماج وادی پارٹی کے صوبائی صدر و رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے ڈی سی پی ششی کانت بوراٹے سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور عید کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ ان کیساتھ سماج وادی پارٹی کا ایک وفد بھی تھا۔ وفد میں مقامی صدر انس انصاری، ریاستی جنرل سیکریٹری ریاض اعظمی و دیگر ذمہ داران شامل تھے۔ 

یہ بھی پڑھئے: حج ہاؤس آئی اے ایس کوچنگ سینٹرمیں ۲۰۲۷ءکی تیاری کےلئے داخلے کا اعلان

ملاقات کے دوران ابوعاصم اعظمی نے ڈی سی پی سے گزارش کی کہ قربانی کے جانوروں کی نقل و حمل کے دوران اگر کسی شکایت کی بنیاد پر گاڑیوں کی جانچ ضروری ہو تو یہ عمل صرف پولیس کے ذریعے اور مکمل طور پر قانون کے دائرے میں رہ کر انجام دیا جائے اور کسی غیر مجاز فرد یا تنظیم کو اس میں مداخلت کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بقرعید کے موقع پر اگر کوئی شرپسند اشتعال انگیزی یا فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے کی کوشش کرے تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ مزید برآں انہوں نے درخواست کی کہ قربانی کے بعد گوشت کی نقل و حمل کے دوران پولیس مکمل تعاون کرے اور اگر کوئی شخص یا گروہ بلا وجہ ہراسانی کرتا ہے تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ 

یہ بھی پڑھئے: لاکھوں لوگوں کی پیاس بجھانے والی الہاس ندی کی ڈرون سے نگرانی

ملاقات کے بعد مقامی صدر انس انصاری کی جانب سے ڈی سی پی کو ایک میمورنڈم بھی پیش کیا گیا جس میں انہوں نے پولیس سربراہ سے درخواست کی کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں بڑی تعداد میں مسلمان نمازِ عید ادا کرتے ہیں اور قربانی کا فریضہ انجام دیتے ہیں جس کیلئے امن و امان برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے۔ خاص طور پر اس بات پر زور دیا گیا کہ قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت، آمد و رفت اور دیگر متعلقہ امور میں عوام کو کسی بھی غیر ضروری رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے اور انتظامیہ اس سلسلے میں واضح رہنما اصول جاری کرے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ڈی سی پی ششی کانت بوراٹے نے وفد کی درخواست پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK