Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی : میونسپل کمشنر نے گاڑیوں کو پارکنگ میں کھڑی کرنے کی ہدایت دی

Updated: August 17, 2025, 12:33 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا ،چھترپتی شیواجی مہاراج چوک پر واقع کارپوریشن کی جانب سے بنائی گئی پارکنگ کا معائنہ کیا

The Municipal Commissioner parked the car with a parking receipt.
میونسپل کمشنر نے پارکنگ کی رسید لیکر گاڑی کھڑی کی۔

شہر میں روز بروز بڑھتے ہوئے ٹریفک جام نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ سڑکوں پر گاڑیاں بے ترتیب کھڑی کرنے کی عادت کو اس مسئلے کی سب سے بڑی وجہ قرار دیا گیا ہے۔  اس صورتحال دیکھتے ہوئے میونسپل کمشنر انمول ساگر نے یوم آزادی کے موقع پرچھترپتی شیواجی مہاراج چوک پر واقع کارپوریشن کی جانب سے بنائی گئی پارکنگ کا معائنہ کیا اور شہریوں کو اس سہولت کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت دی۔یہ پارکنگ اگرچہ کچھ عرصے پہلے ہی شروع ہو چکی تھی مگر عوام کی جانب سے اس کا خاطر خواہ استعمال نہیں ہو رہا تھاجس کے سبب مرکزی شاہراہوں پر گاڑیاں کھڑی کرنے سے ٹریفک جام کی صورتحال بڑھ رہی تھی۔ کمشنر نے معائنہ کے دوران خود پارکنگ کی رسید لے کر گاڑی کھڑی کی اور شہریوں کو پیغام دیا کہ وہ بھی اپنی گاڑیاں کارپوریشن کی پارکنگ ہی میں کھڑی کریں تاکہ ٹریفک کی روانی بحال رہے۔
 نو پارکنگ زون میں انتباہ 
 میونسپل کمشنر نے واضح کیا کہ اجے نگر، کھاڑي پار روڈ، نذرانه سنیما ہال، تین بتی ناکہ اور میناتائی ٹھاکرے آڈیٹوریم جیسے مقامات پر سڑک کے کنارے گاڑیاں کھڑی کرنا سختی سے منع ہے۔ ان علاقوں کو نو پارکنگ زون قرار دیا گیا ہے اور وہاں گاڑی پارک کرنے والوں کے خلاف جرمانہ وصول کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر گاڑیاں ضبط بھی کی جا سکتی ہیں۔ اس  سلسلےمیں شہریوں اور خاص طور پر ان علاقوں میں خریداری کے لئے آنے والوں کو سخت انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ میونسپل کمشنر کے معائنہ کے دوران میونسپل کارپوریشن  کے کئی اعلیٰ افسران موجود تھے۔
 پارکنگ کے نرخ 
 کارپوریشن کے مطابق اننت بھوئی پارکنگ میں عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے نرخ مقرر کئے گئے ہیں۔ دو پہیہ گاڑی کے لئے ابتدائی دو گھنٹے کا کرایہ۱۰؍ روپے اور چار پہیہ گاڑی کے لئے ۲۰؍ روپے ہے۔۲؍ سے۶؍ گھنٹے تک پارکنگ پر بالترتیب۲۰؍ اور۴۰؍ روپے، جبکہ ۶؍ سے۱۲؍ گھنٹے تک کے لئے۳۰؍ اور۸۰؍ روپے مقرر ہیں۔ اگر گاڑی۱۲؍ سے۲۴؍ گھنٹے تک پارک کی جائے تو دو پہیہ کے لئے۴۰؍ اور چار پہیہ کے لئے۱۰۰؍ روپے دینے ہوں گے۔ اس کے علاوہ طویل مدت کے لئے ایک سے ۱۰؍دن تک گاڑی رکھنے پر دو پہیہ کے لئے۴؍سو روپے اور چار پہیہ گاڑی کے لئے ایک ہزار روپے کا فیس مقرر کی گئی ہے۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK