Inquilab Logo Happiest Places to Work

زیادتی اور قتل کے ملزم کی نگرانی میں لاپروائی پر ۶؍پولیس اہلکار معطل

Updated: August 11, 2025, 5:36 PM IST | Khalid Abdul Qayyum | Bhiwandi

ملزم کو۴؍اگست کو عدالت میں پیشی کے لئے تھانے جیل سے بھیونڈی کورٹ لایا گیا تو وہ فرار ہوگیا۔

Police Officers.Photo:INN
پولیس اہلکار۔ تصویر:آئی این این

عدالت  میں پیشی کے دوران ایک سنگین مقدمے میں گرفتار ملزم پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہوگیا جس کے بعد پولیس محکمے میں کھلبلی مچ گئی۔واقعہ کے فوراً بعد تھانے پولیس کمشنریٹ نے کارروائی کرتے ہوئے ۶؍ پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا۔ 
پولیس کے مطابق، فرار ہونے والا ملزم سلامت علی انصاری(۳۲) فینے گاؤں، بھیونڈی کا رہائشی ہے اور بہار کے ضلع مدھوبنی کا باشندہ ہے۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے بھیونڈی شہر پولیس اسٹیشن حدود میں ایک۶؍ سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کے بعد اس کا قتل کیا اور لاش کو ایک بند کمرے میں بالٹی کے اندر چھپا دیا۔ یہ واقعہ ستمبر۲۰۲۳ء میں پیش آیا تھا۔ 
پولیس نے بڑی محنت اور حکمتِ عملی سے اسے بہار سے گرفتار کیا تھا اور وہ مقدمے میں گرفتار ہوکر تھانے جیل میں قید تھا۔۴؍اگست کو عدالت میں پیشی کے لئے جب اسے تھانے جیل سے بھیونڈی کورٹ لایا گیا تو پولیس ٹیم میں خاتون کانسٹیبل سنگیتا اشوک چوکھنڈے کے پاس ایس ایل آر رائفل اور۵۰؍ کارتوس جبکہ کانسٹیبل وکاس پریم راؤ چاٹے کے پاس۳؍ ہتھکڑیاں تھیں۔ عدالت کے احاطے میں بھیڑ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سلامت علی پولیس حراست سے نکل بھاگا۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم پر کڑی نظر نہیں رکھی گئی، جو کہ سنگین لاپروائی اور مہاراشٹر سول سروس (اخلاقی ضابطہ) قواعد۱۹۷۹ء کے قاعدہ نمبر۳؍ کی خلاف ورزی ہے۔
جن اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے ان میں حوالدار امول بالاسو ترٹے ، کانسٹیبل موتی رام دتّا ڈھیبرے، کانسٹیبل دتّا ببن راؤ سرکٹے، کانسٹیبل دیپک شیو داس انگلے، کانسٹیبل وکاس پریم راؤ چاٹے اور خاتون کانسٹیبل سنگیتا اشوک چوکھنڈے شامل ہیں۔ یہ کارروائی ڈی سی پی ڈاکٹر پون بنسوڈ نے انجام دی۔ شانتی نگر پولیس اسٹیشن میں ملزم کے فرار ہونے کا  معاملہ درج کرلیا گیا ہے اور متعدد پولیس ٹیمیں سلامت علی انصاری کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں۔قابل ذکر ہے کہ اس سے ایک روز قبل ہی تھانے سینٹرل جیل سے متعلق سنگین لاپروائی پر۹؍ اہلکاروں کو معطل کیا گیا تھا، اس طرح تھانے ضلع میں صرف ۲؍دن میں۱۵؍ پولیس اہلکاروں پر محکمانہ کارروائی ہوچکی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK