شہری انتظامیہ کے ذریعے ایک ہی دن میں ۴؍غیر قانونی تعمیرات کا انہدام ،میونسپل کمشنر کا غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افراد کو انتباہ
EPAPER
Updated: September 13, 2025, 11:10 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
شہری انتظامیہ کے ذریعے ایک ہی دن میں ۴؍غیر قانونی تعمیرات کا انہدام ،میونسپل کمشنر کا غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افراد کو انتباہ
بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن نے شہر کے غیر قانونی تعمیرات مافیا کے لئے واضح اور دوٹوک پیغام دیتے ہوئے ایک ہی دن میں ۴؍ غیر قانونی ڈھانچوں کو زمین بوس کر دیا۔ ممبئی ہائی کورٹ کے ۲۶؍فروری ۲۰۲۲ءکے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے، کمشنر و منتظم انمول ساگر کی ہدایت پر یہ کارروائی گنیش اُتسو کے اختتام کے فوراً بعد انجام دی گئی۔یہ مہم ایڈیشنل میونسپل کمشنر وٹھل ڈا کے اور ڈپٹی کمشنر وکرم دراڈے کی براہِ راست نگرانی میں چلائی گئی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پرابھگ کمیٹیوں کے افسران نے موقع پر پہنچ کر قانون کے مطابق کارروائی کی۔
میونسپل کارپوریشن کے عوامی رابطہ افسر سری کانت پردیشی نے بتایا کہ شانتی نگر ناگاؤ میں غیر قانونی ڈھانچہ اسسٹنٹ میونسپل کمشنر مقصوم شیخ نے بلڈوزر سے منہدم کیا۔ موجے نئی کَنیری ، شاستری نگر میں سروے نمبر ۲۷؍تا ۳۰؍اور گھر نمبر ۶۰۴/۲؍کو اسسٹنٹ کمشنر سریندر بھوئیر نے مسمار کیا۔ اسی طرح دیوان شاہ درگاہ روڈ، دودھ باؤڑی میں نیو غوری پاڑہ کے گھر نمبر ۳۱۳؍کو اسسٹنٹ کمشنر گریش گھوشٹیکر نے زمیں دوز کر کے پیغام دیا کہ غیر قانونی تعمیرات کی کوئی گنجائش نہیں۔
کمشنر انمول ساگر نے اس کارروائی کے بعد دوٹوک الفاظ میں خبردار کیا کہ شہر میں کسی بھی نئے غیر قانونی ڈھانچے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جو تعمیرات زیر عمل ہیں، انہیں فوراً روکا ۔ انہوں نے غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افراد کو متنبہ کیا اور ساتھ ہی کہا کہ اگر اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت برتی گئی تو ذمہ دار افسران اور ملازمین کے خلاف بھی سخت تادیبی کارروائی ناگزیر ہوگی۔