Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریاستی حکومت بنگلہ دیشی باشندوں کے خلاف مہم تیز کرے گی ، خصوصی ٹیمیں تشکیل، حراستی مراکز کاقیام جلد

Updated: March 04, 2026, 11:12 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ریاستی وزیر مملکت برائے داخلہ یوگیش کدم نے اعلان کیا ہےکہ مہاراشٹر میں غیر قانونی بنگلہ دیشی شہریوں کے خلاف کارروائی تیز کی جائے گی۔

Minister of State for Home Yogesh Kadam
وزیر مملکت برائے داخلہ یوگیش کدم

ریاستی وزیر مملکت برائے داخلہ یوگیش کدم نے اعلان کیا ہےکہ مہاراشٹر میں  غیر قانونی بنگلہ دیشی شہریوں کے خلاف کارروائی تیز کی جائے گی۔ اس کیلئے ہر پولیس اسٹیشن میںایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔ ساتھ ہی ریاست کے مختلف مقامات پر حراستی کیمپ بھی بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی مرکزی حکومت کی ہدایات کے مطابق کی جارہی ہے۔ یہ اطلاع انہوں نے اسمبلی میں دی۔ 
 بی جے پی کے رکن کونسل پروین دریکر نے قانون ساز کونسل میں غیر قانونی بنگلہ دیشیوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ ۲۸؍ فروری کو بجٹ اجلاس میں توجہ طلب نوٹس کے تحت کیاتھا۔ان کے اس نوٹس پر ہونے والی بحث میں اراکین اسمبلی سنجے کینیکر، چترا واگھ، انل پرب، ڈاکٹر منیشا کیانڈے، نرنجن ڈاؤکھرے، امتائی کھاپرے نے ذیلی سوالات پوچھ کر حصہ لیا۔
ہر پولیس اسٹیشن میں ۵؍ رکنی ٹیم تشکیل ؕ
 وزیر مملکت برائے داخلہ یوگیش کدم نے کہا کہ غیر قانونی بنگلہ دیشی شہریوں کے خلاف کارروائی کیلئے ہر پولیس اسٹیشن میں ۵؍رکنی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور اے ٹی ایس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے مشترکہ مہم چلائی جارہی ہے۔ مرکزی حکومت کے نئے سرکیولر کے مطابق، اگر اس بات کا ثبوت ملتا ہے کہ متعلقہ شخص غیر قانونی طور پر یہاں مقیم ہے، تو ملک بدری کا عمل طویل عدالتی عمل کے بغیر براہ راست کیا جا سکتا ہے۔ 
کنسٹرکشن سائٹس پر بھی نظر
 وزیر مملکت برائے داخلہ نے مزید کہا کہ ’’کنسٹرکشن سائٹس پر غیر قانونی مزدوروں کی تلاش کیلئے ایک ایس او پی تیار کیا گیا ہے اور تمام سرکاری اور نجی منصوبوں کے ٹھیکیداروں کیلئے یہ لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ مزدوروں کی معلومات مقامی تھانے میں جمع کریں۔ ‘‘
حراستی مرکز قائم کیا جارہا ہے
 انہوں نے کہا کہ اگر کوئی تعمیراتی ٹھیکیدار اس کی خلاف ورزی کرے گا تو اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ غیر قانونی بنگلہ دیشی شہریوں کے خلاف کارروائی کو مزید موثر بنانے کیلئے ریاست میں پہلا مستقل حراستی مرکز قائم کیا جا رہا ہے اور اس کیلئے  ۲۰؍ کروڑ روپے کا فنڈ منظور کیا گیا ہے۔
 محکمہ داخلہ نے بنگلہ دیشی شہریوں کی دراندازی پر قابو پانے اور سرکاری دستاویزات اور سرٹیفکیٹ  جاری کرنے کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کیلئے جامع ہدایات جاری کی ہیں۔ اس پر توجہ مبذول کرنے والے ریمارک پر اپنے ردعمل میں وزیر مملکت برائے امور داخلہ کدم نے یہ بھی کہا کہ ممبئی شہر کے تمام حصوں بشمول ہاکرس ژون، نیز  تمام قسم کی تعمیراتی جگہوں اور سمندر کنارے جھونپڑیوں کی متعلقہ تھانوں، کرائم برانچ اور اے ٹی ایس کی ٹیموں کے ذریعے تلاشی لی جا رہی ہے اور اگر بنگلہ دیشی شہری پائے جاتے ہیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ یوگیش کدم نے عوامی نمائندوں اور شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اگر انہیں غیر قانونی بنگلہ دیشی شہریوں کے بارے میں کوئی بھی اطلاع ہو تو پولیس کو فراہم کریں۔ یاد رہے کہ الیکشن کے دوران بنگلہ دیشی باشندوں کو ملک سے باہر کرنا بی جے پی کا اہم موضوع رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK