Inquilab Logo

سوچھتا سروے میں بہتر پوزیشن حاصل کرنے کیلئے بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کا شارٹ کٹ

Updated: January 13, 2020, 3:05 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

رکزی حکومت کے رہائش اور شہری امور کی وزارت کی جانب سے کرائے جا رہے’ سوچھتاسروے ۲۰۲۰ء‘ میں بہتر کارکردگی اور بہتر رینک حاصل کرنے کے لئے بھیونڈی میونسپل کارپوریشن نے شارٹ کٹ راستہ اختیار کیا ہے۔اس کے تحت سروے کیلئے لوگوں سے پوچھے جانے والے سوالات کی فہرست دے کر انہیں کیا جواب دینا ہے یہ بھی کارپوریشن کے ملازمین کی جانب سے بتایا جا رہا ہے۔

بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کی عمارت۔ تصویر: انقلاب
بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کی عمارت۔ تصویر: انقلاب

بھیونڈی:مرکزی حکومت کے رہائش اور شہری امور کی وزارت کی جانب سے کرائے جا رہے’ سوچھتاسروے ۲۰۲۰ء‘ میں بہتر کارکردگی اور بہتر رینک حاصل کرنے کے لئے بھیونڈی میونسپل کارپوریشن نے شارٹ کٹ راستہ اختیار کیا ہے۔اس کے تحت سروے کیلئے لوگوں سے پوچھے جانے والے سوالات کی فہرست دے کر انہیں کیا جواب دینا ہے یہ بھی کارپوریشن کے ملازمین کی جانب سے بتایا جا رہا ہے۔ واضح رہےکہ سوچھ سرویکشن ۴؍ سے ۳۱؍ جنوری ۲۰۲۰ءکے دوران ملک بھر کے تمام شہروں اور قصبوں میں کیا جائے گا۔ مرکزی حکومت کی ٹیم میونسپل کارپوریشن کو اطلاع دیئے بغیر ہی خاموشی کے ساتھ شہروں میں جاکر وہاں صاف صفائی کی صورت حال کا جائزہ لیتی ہے اورشہریوں سے وہاں کی صفائی کے متعلق سوالات کرکے اس کی بنیاد پر قومی سطح پر شہروں کو صفائی کیلئے نمبر دیئے جاتے ہیں۔ اسی سروے کے سلسلے میں میونسپل کمشنر اور میئر کی جانب سے سوچھتا سروے کی بابت ۷؍ سوالات پر مبنی پمفلٹ شہریوں میں تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے جواب دینے کے طور طریقے سمجھائے جا رہے ہیں۔میونسپل ملازمین شہریوں کو پمفلٹ دیکر انہیں سمجھا رہے ہیں کہ ان دنوں صفائی کے تعلق سے پورے ملک میں سروے کیا جارہا ہے آپ سے کوئی ٹیم باالمشافہ یا فون پرپمفلٹ میں دیئے سوالات کرتا ہے تو آپ کوکس سوال کے جواب میں انہیں کیا جواب دینا ہے۔
 قابل ذکر ہے کہ سروے کے سلسلے میں طے شدہ سوالات میں پہلا سوال یہ ہے کہ آپ سوچھتا سروے۲۰۲۰ء میں شامل ہیں کیا؟ جس کا جواب ہاں میں دینا ہے۔اسی طرح دوسرا سوال آپ بھیونڈی شہر کی صفائی کیلئے کتنے پوائنٹس دیتے ہیں؟ اس کے جواب میں ۲۰۰؍ میں سے۲۰۰؍ پوائنٹس دینے کو کہا جا رہا ہے۔تیسرے سوال کے جواب میں بھیونڈی شہر کے کاروباری اور عوامی احاطے کی حفظان صحت، خوبصورتی اور ہریالی کے لئے۲۰۰؍ میں سے۲۰۰؍ پوائنٹس دینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔اسی طرح چوتھا سوال ہے کہ کارپوریشن کے ملازم گیلا کچرااور سوکھا کچراروزانہ الگ الگ دینے کے لئے کہتے ہیں؟اس کا بھی ہاں میں جواب دینا ہے۔ پانچواں سوال ہے کہ آپ کابھیونڈی شہر سبز، صاف اور خوبصورت شہر ہے کیا؟ اس کے جواب میں بھی ہاں کہنے کو کہا گیا ہے۔چھٹا سوال یہ ہے کہ آپ بھیونڈی شہر کو اوڈی ایف پلس اور تھری اسٹارکا اعزازملا ہے کیا؟اس کے لئے بھی ہاں کہنا ہے اور ساتواں سوال یہ کہ آپ اپنے بھیونڈی شہر کے عوامی، اجتماعی صاف صفائی کے لئے ۲۰۰؍میں سے کتنے پوائنٹس دیں گے؟ اس سوال کے جواب میں بھی ۲۰۰؍ میں سے۲۰۰؍ پوائنٹس ہی دینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
 اس طرح کارپوریشن کی جانب سے پمفلٹ تقسیم کرکے صاف صفائی میں بہتر کارکردگی کے لئے شارٹ کٹ راستہ اختیار کیا جارہا ہے۔ شہر صاف رہے یا نہ رہے باوجود اس کے سروے میں اسے صاف، سبز اور خوبصورت بتانے کے لئے شہریوں کومشورہ دیاجارہا ہے۔ کارپوریشن کی مہم پرکانگریسی کارپوریٹر ارون راؤت نے سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح شہریوں میں پمفلٹ تقسیم کرنا سوچھتا سروے کو متاثر اور اس کی اصل روح کے خلاف ہے۔ارون راؤت نے کہا کہ صاف صفائی نہ رہتے ہوئے بھی سارے سوالات کا جواب ہاں میں دینے اور ۲۰۰؍ میں ۲۰۰؍نمبر دینے کا مشورہ دینا کسی بھی طرح سے مناسب نہیں ہےکیونکہ ایسا کرنے سے سوچھتا سروے کی حقیقت اوربنیادی تصور ہی ختم ہو جائے گا اور اس طرح گندے شہر بھی صفائی کی فہرست میں بہتر اسکور حاصل کر سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK