Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی :بھادانے گاؤںکی زرعی زمینیں متاثر ہونے اوربجلی سپلائی میں کٹوتی پر مقامی افراد ناراض

Updated: March 17, 2026, 11:56 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

بھیونڈی کے پڑگھا کے قریب واقع بھادانے گاؤں کے دیہاتیوں کو درپیش بجلی اور زمین سے متعلق سنگین مسائل کے پیش نظر پرانت دفتر میں ایک اہم میٹنگ منعقدکی گئی جس میں مقامی عوام کے مسائل کو ترجیح دیتے ہوئے باہمی رضامندی سے تنازع کے حل کی کوشش پر زور دیا گیا۔

Power Cut In Bhadawa.Photo:INN
پڑگھا کے دیہات میں بجلی کٹوتی ۔ تصویر:آئی این این
بھیونڈی کے پڑگھا کے قریب واقع بھادانے گاؤں کے دیہاتیوں کو درپیش بجلی اور زمین سے متعلق سنگین مسائل کے پیش نظر پرانت دفتر میں ایک اہم میٹنگ منعقدکی گئی جس میں مقامی عوام کے مسائل کو ترجیح دیتے ہوئے باہمی رضامندی سے تنازع کے حل کی کوشش پر زور دیا گیا۔اطلاعات کے مطابق بھادانے گاؤں اور اس کے اطراف مہاراشٹر اسٹیٹ الیکٹرسٹی ڈسٹری بیوشن کمپنی (ایم ایس ای ڈی سی ایل)، ٹرانسمیشن، پاور گرڈ اور اڈانی پاور سمیت مختلف بجلی کمپنیوں کے ٹاور نصب ہیں جس کے باعث پورا علاقہ بجلی کے منصوبوں سے بری طرح متاثر ہو چکا ہے۔ 
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ متعدد ٹاور کھڑے ہونے کے سبب گاؤں کی زرعی زمینیں تقریباً ناکارہ ہو گئی ہیں اور زمینوں کے ڈیولپمنٹ یا این اے (نان ایگریکلچرل) منظوری بھی ممکن نہیں رہی۔مقامی افراد نے الزام لگایا کہ گاؤں میں روزانہ تقریباً سات گھنٹے تک بجلی کی سپلائی بند رکھی جاتی ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید ذہنی و جسمانی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سنگھرش سمیتی کے ذمہ داران نے مطالبہ کیا کہ گاؤں کے مکینوں کو زیرو ریڈنگ میٹر بل دیا جائے اور بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
ان مسائل کے پیش نظر بھیونڈی کے سب ڈویژنل آفیسر امیت سانپ کے دفتر میں ایک مشترکہ میٹنگ منعقد کی گئی جس میں رکن اسمبلی شانتارام مورے، پولیس افسر جتیندر ٹھاکر، مقامی افراد کے نمائندوں اور ٹورینٹ پاور کمپنی کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر تُکارام کٹھورے، پروین جادھو، اُمیش کامبلے، سبھاش کٹھورے، کیلاش بھوئیر اور اشوک پاٹل سمیت ٹورینٹ پاور کے جنرل منیجر وجے رانے، افسران سمیر دیسائی اور امیت کڈو بھی موجود تھے۔
 
 
ٹورینٹ پاور کمپنی کے جنرل منیجر وجے رانے نے کہا کہ کمپنی بجلی کی محفوظ فراہمی اور نظام کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ تاہم گاؤں میں غیر قانونی بجلی کنکشن کے باعث کئی بار سپلائی منقطع کرنا پڑتی ہے جس سے حفاظتی خدشات پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کی کوشش ہے کہ ہر گھر تک میٹر کے ذریعے محفوظ بجلی لائن پہنچائی جائے لیکن اس سلسلے میں مقامی لوگوں کا مکمل تعاون حاصل نہیں ہو رہا۔ 
 
 
سب ڈویژنل آفیسر امیت سانپ نے کہا کہ یہ مسئلہ افراد کیلئے انتہائی حساس نوعیت کا ہے، اس لیے اس کے حل  کیلئے ٹورینٹ پاور کمپنی اور محکمۂ ریوینیو کے افسران پر مشتمل مشترکہ ٹیم کے ذریعے گاؤں کا تفصیلی سروے کرایا جائے گا۔ انہوں  نے بتایا کہ آئندہ ہفتے اس سلسلے میں باضابطہ احکامات جاری کئے جائیں گے تاکہ زمینی حقائق کی بنیاد پر مسئلے کا قابلِ قبول حل نکالا جا سکے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK