دکانوں کے آگے بڑھائے گئے چھپر، ٹھیلے، غیر قانونی تعمیرات اور فٹ پاتھوں پر رکھی گئی اشیاء کو ہٹایا گیا
EPAPER
Updated: November 12, 2025, 11:28 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
دکانوں کے آگے بڑھائے گئے چھپر، ٹھیلے، غیر قانونی تعمیرات اور فٹ پاتھوں پر رکھی گئی اشیاء کو ہٹایا گیا
یہاں بلدیہ عظمیٰ نے شہر کی بدصورت ہوتی ہوئی تصویر کو سنوارنے اور عوامی راستوں کو آزاد کرانے کے مقصد سے غیر قانونی بینروں، ہورڈنگز اور تجاوزات کیخلاف باضابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں فٹ پاتھوں، سڑک کناروں اور عوامی مقامات پر جگہ جگہ لگے سیاسی، سماجی ،تعلیمی، طبی، تجارتی اور مذہبی نوعیت کے بینر اور پوسٹر نہ صرف شہر کی خوبصورتی کو متاثر کر رہے تھے بلکہ ٹریفک نظام میں بھی رکاوٹ بن چکے تھے۔ شہریوں کی بڑھتی ہوئی شکایات کے بعد میونسپل کمشنر انمول ساگر نے اس سلسلے میں سخت احکامات جاری کرتے ہوئے ڈپٹی میونسپل کمشنر وکرَم دراڑے کو فوری کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
احکامات ملتے ہی تمام وارڈوں کے اسسٹنٹ کمشنر، شہر ترقیاتی شعبہ اور انسدادِ تجاوزات دستہ کے سربراہ اروند گھوگھڑے متحرک ہو گئے۔ کارپوریشن کی ٹیموں نے منگل کی صبح سے ہی مختلف علاقوں میں کارروائیاں شروع کر دیں، جن کے دوران دکانوں کے آگے بڑھائے گئے چھپر، ٹھیلے، غیر قانونی تعمیرات اور فٹ پاتھوں پر رکھی گئی اشیاء کو ہٹایا گیا۔ اسی کے ساتھ دیواروں اور بجلی کے کھمبوں پر چسپاں پوسٹرز اور بڑے بڑے ہورڈنگ بھی منہدم کر دیئے گئے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ مہم صرف وقتی نہیں بلکہ مرحلہ وار چلائی جائے گی تاکہ شہر میں مستقل صفائی اور نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔
اسی دوران انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ خود آگے آ کر تجاوزات ختم کریں، ورنہ جرمانہ اور قانونی کارروائی دونوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انتظامیہ کے اس فیصلے کا شہریوں نے خیر مقدم کیا ہے۔ کئی مقامی سماجی تنظیموں نے کہا ہے کہ اگر یہ مہم ایمانداری سے جاری رہی تو شہر کا منظر نامہ بدل سکتا ہے۔ دوسری جانب غیر قانونی کاروبار کرنے والے اور بینر لگانے والے عناصر میں سخت بے چینی دیکھی جا رہی ہے۔
انتظامیہ نے دو ٹوک اعلان کیا ہے کہ ’’بھیونڈی میں اب کسی بھی غیر قانونی بینر، پوسٹر یا تجاوزات کے لئے کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ شہر کو صاف، منظم اور خوبصورت بنانا ہی ہمارا مقصد ہے۔‘‘