Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی ودھان بھون کو بم سے اُڑانے کی دھمکی، سیکوریٹی ہائی الرٹ

Updated: March 12, 2026, 1:01 PM IST | Mumbai

مہاراشٹر کے قانون ساز کمپلیکس ودھان بھون کو بم سے اُڑانے کی دھمکی دینے والی ایک گمنام ای میل کے بعد جمعرات کی صبح ممبئی میں سیکوریٹی کا بڑا ہنگامہ ہو گیا۔ دھمکی کے بعد اسمبلی کمپلیکس کو احتیاطی طور پر خالی کرا لیا گیا۔

Vidhan Bhavan.Photo;INN
ودھان بھون۔ تصویر:آئی این این

مہاراشٹر کے قانون ساز کمپلیکس ودھان بھون کو بم سے اُڑانے کی دھمکی دینے والی ایک گمنام ای میل کے بعد جمعرات کی صبح ممبئی میں سیکوریٹی کا بڑا ہنگامہ ہو گیا۔ دھمکی کے بعد اسمبلی کمپلیکس کو احتیاطی طور پر خالی کرا لیا گیا اور پولیس نے جنوبی ممبئی کے اہم مقامات پر بڑے پیمانے پر سکیورٹی چیکنگ شروع کر دی۔ 
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ دھمکی آمیز ای میل صبح تقریباً  ۷؍بجے موصول ہوا، جب ریاستی مقننہ کے بجٹ اجلاس ۲۰۲۶ء کے روزانہ کے اجلاس شروع ہونے والے تھے۔ ای میل میں چار اہم مقامات کو نشانہ بنانے کی بات کہی گئی تھی جن میں نریمن پوائنٹ میں واقع مہاراشٹر ودھان بھون، بامبے اسٹاک ایکسچینج، ممبئی ہائی کورٹ اور ممبئی میٹرو شامل تھے۔ قانون ساز کونسل کے چیئرمین رام شندے نے بھی اس ای میل کی تصدیق کی ہے۔ 
 دھمکی کے بعد ممبئی پولیس اور دیگر سیکوریٹی ایجنسیوں نے فوری طور پر ودھان بھون کمپلیکس میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کر دی۔ عمارت میں داخلہ عارضی طور پر محدود کر دیا گیا اور اندر موجود عملہ، افسران اور میڈیا نمائندوں کو احتیاطی طور پر باہر نکال لیا گیا۔ بم ڈٹیکشن اینڈ ڈسپوزل اسکواڈ اور سنفر ڈاگس کی مدد سے عمارت اور اطراف کے علاقوں کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی۔ 
 اسی دوران ای میل میں ذکر کیے گئے دیگر مقامات جیسے بامبے اسٹاک ایکسچینج اور ممبئی ہائی کورٹ پر بھی احتیاطی جانچ کی گئی۔ جنوبی ممبئی کے مختلف حساس علاقوں میں اضافی پولیس اہلکار تعینات کیے گئے اور گشت بڑھا دی گئی۔  ریاستی وزیر مملکت برائے داخلہ پنکج بھویار نے بتایا کہ دھمکی آمیز پیغام صبح موصول ہوا تھا جس میں ودھان بھون کو بم سے اُڑانے کی بات کہی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ الرٹ کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے پورے کمپلیکس کی تفصیلی جانچ کی اور اس دوران تمام ملازمین کو احتیاطی طور پر باہر نکال لیا گیا۔ 
بھویار کے مطابق جانچ تقریباً مکمل ہو چکی ہے اور اب تک کسی بھی مشتبہ شے کا سراغ نہیں ملا ہے، جس سے ابتدائی طور پر یہ دھمکی فرضی معلوم ہوتی ہے۔ تاہم پولیس ای میل کے ماخذ کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھبرائیں نہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:غزہ میں ایندھن کی قلت کی وجہ سے امدادی کارروائیاں معطل ہوسکتی ہے: اقوامِ متحدہ کا انتباہ

واضح رہے کہ ودھان بھون کمپلیکس میں اجلاس کے دوران اراکین  اسمبلی، اراکین  قانون ساز کونسل، وزراء اور ان کے عملے کی بڑی تعداد موجود رہتی ہے۔ دھمکی ایسے وقت میں سامنے آئی جب روزانہ کی کارروائی شروع ہونے سے پہلے علاقے میں سرگرمی بڑھنے لگتی ہے۔ حکام کے مطابق سیکوریٹی  جانچ مکمل ہونے کے بعد مہاراشٹر مقننہ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی معمول کے مطابق جاری رہنے کی توقع ہے۔ اس دوران کمپلیکس اور اطراف کے علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ 

یہ بھی پڑھئے:انسٹاگرام پر وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا کی شادی کا ویڈیو ریکارڈ بنانے میں کامیاب

یہ واقعہ حالیہ ہفتوں میں ممبئی میں موصول ہونے والی ای میل کے ذریعے بم دھمکیوں کے سلسلے کی ایک کڑی بتایا جا رہا ہے۔ مارچ ۲۰۲۶ء کے آغاز میں شہر کے چند اسپتالوں کو بھی اسی طرح کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں، جن کی جانچ کے دوران کوئی دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا تھا۔ پولیس نے متعلقہ تھانوں میں مقدمہ درج کر کے ای میل بھیجنے والے شخص کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ جنوبی ممبئی کے اہم مقامات پر سیکوریٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK