Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریچارج کے متعلق موبائل کمپنیوں کی من مانی کا مسئلہ راجیہ سبھا میں گونجا

Updated: March 12, 2026, 12:31 PM IST | Agency | New Delhi

وقفہ صفرمیں عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمان راگھو چڈھا نے کہا کہ’’ آپریٹر اکثر ریچارج کی میعاد ختم ہوتے ہی اِن کمنگ کال بند کر دیتے ہیں، یہ مواصلات کے حق سے انکار کے مترادف ہے۔‘‘

Raghav Chadda.Photo:INN
راگھو چڈھا۔ تصویر:آئی این این
 ریچارج کی میعاد ختم ہونے کے بعد فون کال کی آمد روکنے کا مسئلہ بدھ کے روز راجیہ سبھا میں اٹھایا گیا، جس میں موبائل آپریٹرس کے ذریعہ اس من مانی پریکٹس پر پابندی لگانے اور آنے والی کال سروس کی ضمانت دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ عام آدمی پارٹی (آپ) کے راگھو چڈھا نے وقفہ صفر کے دوران اس معاملے کو اٹھاتے ہوئے کہا کہ موبائل فون ان دنوں لوگوں کی لائف لائن بن چکے ہیں، لیکن آپریٹر اکثر ریچارج کی میعاد ختم ہوتے ہی آنے والی کال کو بند کر دیتے ہیں، جس سے فون سروس سے باہر ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مواصلات کے حق سے انکار کے مترادف ہے۔ 
 
 
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت موبائل آپریٹرس کی من مانی کو روکنے کیلئے  خصوصی قوانین بنائے، جس میں آخری ری چارج کے بعد تین سال تک ان کمنگ کال جاری رکھنے، صرف انکمنگ کال کے لیے سستے پلان متعارف کرانے، اور اس بات کو یقینی بنانے کا التزام ہو کہ غیر فعال سم کارڈ کا نمبر تین سال تک کسی دوسرے کو دوبارہ تفویض نہ کیا جائے۔ رکن پارلیمنٹ نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ۲۸؍ دن کے ماہانہ ریچارج کی پریکٹس بند کی جائے اور ماہانہ ری چارج کو تیس دن تک بڑھایا جائے۔
 
 
بدھ کو راجیہ سبھا میں  بی جے پی کے دنیش شرما نے نجی شعبے کے ملازمین کے لیے اپنے والدین کے انتقال پر سوگ کی چھٹی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی چھٹی کناڈا جیسے ممالک میں دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی کتابوں میں والدین کی خدمت کو سب سے اہم بتایا گیا ہے اور ان کی آخری رسومات ادا کرنا لازمی فرض سمجھتے ہیں۔ اسے آئین کے تحت بنیادی حق قرار دیتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کو بامعاوضہ چھٹی دی جائے۔ ’آپ‘  کے اشوک کمار متل نے لوگوں کو بیرون ملک لے جانے کے بہانے دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں ہندوستانی جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں یرغمال بن کر رہ رہے ہیں۔ انہوں نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مستقل یکساں پروٹوکول کا مطالبہ کیا۔ سماج وادی پارٹی کے رام جی لال سمن نے مطالبہ کیا کہ اسکول کے نصاب میں آئین کو لازمی مضمون کے طور پر پڑھایا جائے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK