Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی : بجلی کے نئے نرخ نافذکر دیئے گئے

Updated: July 30, 2025, 11:55 PM IST | Mumbai

دن اور رات کے نرخ مختلف ہونے سے صارفین کوفائدہ کم، الجھن زیادہ۔ انرجی چارج میں کمی تو فکسڈ چارج میں اضافہ

Torrent Power is a franchisee company of MSEDCL.
ٹورینٹ پاور ایم ایس ای ڈی سی ایل کی فرنچائزی کمپنی ہے۔

مہاراشٹر الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن (ایم ای آر سی )  نے مہاراشٹر اسٹیٹ الیکٹریسٹی ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹڈ (ایم ایس ای ڈی سی ایل ) کے صارفین کیلئے  بجلی کے نئے نرخوں کی منظوری دے دی ہے جس کا اطلاق یکم جولائی۲۰۲۵ءسے ہوچکا ہے۔ اس کے پیش نظر شہر میں فرنچائزی طرز پر بجلی سپلائی کرنے والی ٹورینٹ پاور کمپنی  کے عوامی رابطہ افسر چیتن بادیانی نے بتایا کہ یہ نئے نرخ ریاست کے ان سبھی شہروں میں نافذ ہوئے ہیں جہاں ایم ایس ای ڈی سی ایل بجلی فراہم کرتی ہے۔ چونکہ ٹورینٹ پاور ایم ایس ای ڈی سی ایل کی فرنچائزی ہے  اس لئے یہ حکم نامہ ریاست کے دیگر شہروں کی طرح ہی یہ نئے نرخ بھیونڈی، شیل ممبرا اور کلوا کے صارفین پر بھی نافذہوں گے اور انہیں آئندہ بلوں میں اس کا اثر دکھائی دے گا۔
  ایسے رہائشی صارفین جو ماہانہ۱۰۰؍یونٹ تک بجلی خرچ کرتے ہیں، ان کیلئے ۹؍  فیصد تک کمی کی گئی ہے۔ اس کے برعکس۱۰۰؍ یونٹ سے زائد خرچ کرنے والے صارفین کو۰ء۵؍ سے۳؍ فیصد تک کا  اضافہ برداشت کرنا پڑے گا۔
 بجلی کے نئے نرخوں کے مطابق انرجی چارج میں کچھ کمی دی گئی ہے لیکن دوسری جانب فکسڈ چارج میں۴ء۵؍ فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ویلنگ چارج  میں ایک روپیہ۱۷؍ پیسے فی یونٹ سے بڑھا کر ایک روپیہ۴۷؍پیسے  فی یونٹ کر دیا گیا ہے جو مجموعی بل کو متاثر کرے گا۔
 نئی بلنگ سسٹم ` ’کے وی اے ایچ‘ پر مبنی 
 یکم جولائی سے وہ تمام ایل ٹی صارفین جن کا لوڈ۲۰؍ کلو واٹ سے زائد ہے، ان کا بجلی بل اب `’کلو واٹ ہاور  (کے ڈبلیو ایچ)‘ کے بجائے `’ کلو وولٹ ایمپیئرہاور  (کے وی اے ایچ)‘ کی بنیاد پر تیار کیا جائے گا۔ اس تبدیلی کامقصد یہ بتایا گیا ہے کہ بجلی کے موثر استعمال کو فروغ دینا اور صارفین کو پاور فیکٹر بہتر رکھنے کی ترغیب دینا ہے۔ تاہم ماہرین کے مطابق صرف استعمال ہی نہیں بلکہ بجلی کے معیار (پاور فیکٹر) پر چارج لیا جائے گا جس سے عام تاجر، چھوٹے کاروباری حضرات ،پاور لوم مالکان کیلئے پاور فیکٹر کی نگرانی نہ کرنا بل میں غیرمعمولی اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔ صارفین کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر کیپیسٹر بینک یا اے پی ایف سی پینل نصب کریں اور ان کا باقاعدہ رکھ رکھاؤ کریں تاکہ پاور فیکٹر ایک کے قریب رہے۔ اگر پاور فیکٹر میں گراوٹ آئی تو بجلی بل میں اضافہ ہوجائے گا۔
 دن میں رعایت اور رات میں اضافی چارج 
 بجلی کے نرخوں میں کی گئی حالیہ تبدیلیاں خاص طور پر اُن صارفین کو متاثر کریں گی جن کے کنکشن کا لوڈ۱۰؍ کلو واٹ سے زیادہ ہے۔ ان میں صنعتی، تجارتی اور عوامی خدمات (پبلک سروسیز) فراہم کرنے والے ادارے شامل ہیں۔ تاہم کچھ تبدیلیوں کا اطلاق۱۰؍کلو واٹ سے کم لوڈ والے صارفین پر بھی ہوگا۔
 نئے ٹیرف نظام میں بجلی کے استعمال پر وقت کے مطابق رعایت یا اضافی چارج نافذ ہوں گے۔  دن کے اوقات (صبح۹؍ بجے سے شام۵؍ بجے تک) گرمیوں کے مہینوں یعنی اپریل سے ستمبر تک، اس وقت بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو۱۵؍ فیصد رعایت دی جائے گی جبکہ سردیوں کے مہینوں یعنی اکتوبر سے مارچ کے دوران  دن میں استعمال پر۲۵؍ فیصد رعایت فراہم کی جائے گی۔اس کے ساتھ ہی شام  اور رات کے اوقات (شام۵؍بجے سے رات۱۲؍ بجے تک) بجلی استعمال کرنے پر صنعتی و تجارتی صارفین کو۲۵؍ فیصد اضافی چارج دینا ہوگاجبکہ دیگر صارفین پر (مثلاً گھریلو یا ادارہ جاتی)۲۰؍ فیصد اضافی چارج عائد کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی رات کو حاصل ایک روپیہ۵۰؍ پیسے کی رعایت اب ختم کردی گئی ہے۔
 سسٹم اپ گریڈ کے نام پر اضافی چارج   
 جب تک کہ میٹرنگ سسٹم مکمل اپ گریڈ نہ ہو جائے (تقریباً۳؍تا۶؍ ماہ) اس دوران شام۶؍ بجے تا رات۱۰؍ بجے بجلی استعمال کرنے پر ایک روپیہ ۳۰؍پیسے فی یونٹ اضافی چارج عائد کیا جائے گا۔ صارفین کے مطابق سسٹم کمپنی کا ہے اور اپ گریڈنگ کی ذمہ داری بھی کمپنی کی ہے تو پھر صارفین کو اس عبوری مدت کا بل کیوں بھگتنا پڑے؟ 
  ٹورینٹ پاور کے پی آر او چیتن بادیانی نے بتایا کہ  یہ فیصلہ۲۵؍ جون۲۰۲۵ءکو کیس نمبر ۷۵؍ آف۲۰۲۵ء کے تحت جاری کیا گیا جس کے بعد بجلی کی شرحوں میں کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں جو ریاستی سطح پر رہائشی، تجارتی، صنعتی اور پبلک سروس زمرے کے صارفین پر براہِ راست اثر انداز ہوں گی۔ انہوں نے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ ان تبدیلیوں سے خود کو باخبر رکھیں اور اگر ممکن ہو تو اپنے بجلی استعمال کے انداز میں تبدیلی لائیں تاکہ بل میں اضافہ روکا جا سکے۔ کسی بھی شکایت یا تفصیلات کیلئے ٹورینٹ پاور کے قریبی کسٹمر سروس سینٹر سے فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK