انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میٹرو ریل پروجیکٹ کی پیش رفت، ٹریفک نظم و نسق میں بہتری اور عوامی سہولت کیلئے روڈ کی توسیع ناگزیر ہے۔ متاثرین سے معاوضے کا وعدہ
EPAPER
Updated: November 19, 2025, 10:03 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میٹرو ریل پروجیکٹ کی پیش رفت، ٹریفک نظم و نسق میں بہتری اور عوامی سہولت کیلئے روڈ کی توسیع ناگزیر ہے۔ متاثرین سے معاوضے کا وعدہ
یہاں میونسپل کارپوریشن نے انجور پھاٹا سے کلیان ناکہ تک مرکزی سڑک کی توسیع کے لئے دو دن تک بڑے پیمانے پر انہدامی کارروائی کرتے ہوئے ۱۱۴؍ متاثرہ املاک منہدم کردیں جبکہ۲؍ املاک عدالت کے حکمِ امتناع کے باعث برقرار ہیں۔ انہدامی کارروائی بدھ کو بند رہیں، تاہم عوامی رابطہ کے افسر سری کانت پردیشی کے مطابق باقی متاثرہ حصوں کی کارروائی بھی آئندہ دنوں میں مکمل کی جائے گی، تاکہ منصوبہ بروقت پایۂ تکمیل تک پہنچ سکے۔واضح ہوکہ تقریبا۲؍ کلومیٹر طویل اس مرکزی شاہراہ کو۲۴؍ میٹر سے بڑھاکر۳۶؍ میٹر کیا جارہا ہے۔انتظامیہ کے مطابق انجور پھاٹا سے نیو لبرٹی ہوٹل کے درمیان کل۳۵۱؍ متاثرہ املاک کی نشاندہی کی گئی تھی۔ ان تمام کو معاوضہ طے کرنے اور ضروری کاغذات جمع کرانے کے لئے نوٹسیں جاری کی گئی تھیں جن میں سے بیشتر مالکان نے خود ہی اپنے دکان اور مکان کو منہدم کرلیا تھا، انہی میں سے ۱۱۶؍ املاک کو مہاراشٹر میونسپل کارپوریشن ایکٹ۱۹۴۹؍ کی دفعہ۲۶۸؍ اور ایم آر ٹی پی ایکٹ۱۹۶۶؍ کی دفعہ۵۳(۱) کے تحت۲۴؍ گھنٹوں میں غیرقانونی تعمیری حصے ہٹانے کی ہدایت بھی دی گئی تھی۔میونسپل کارپوریشن کی اس انہدامی کارروائی میں ٹھیکیدار کا۲۰؍ رکنی عملہ،۳؍جے سی بی مشینیں،۳؍ڈمپر، میونسپل کارپوریشن کے۵۰؍ افسران و اہلکار،محکمہ آب رسانی کے۱۰؍ ملازمین اور لاء اینڈ آرڈر برقرار رکھنے کے لئے اے سی پی سچن سانگلے کی قیادت میں۲۵۰؍ تا۳۰۰؍ پولیس افسران و اہلکار تعینات کئےگئے تھے۔ انہدامی کارروائی کی براہ راست نگرانی اسسٹنٹ میونسپل کمشنر گِریش گھوشٹیکر، سریندر ببوئر ،سعید چیونے، بیٹ انسپکٹر سندیپ چوہان، ہنومان مہاترے ، پرکاش سپکالے اور وارڈ ۴؍کے دیگر افسران نے کی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میٹرو ریل پروجیکٹ کی پیش رفت، ٹریفک نظم و نسق میں بہتری اور عوامی سہولت کے لئے روڈ کی توسیع ناگزیر ہے۔ باقی متاثرہ حصوں کی کارروائی بھی آئندہ دنوں میں مکمل کی جائے گی، تاکہ منصوبہ بروقت پایۂ تکمیل تک پہنچ سکے۔
متاثرین کو معاوضے کی یقین دہانی
انہدامی کارروائی میں متاثرہ شہریوں کو میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے بھرپور اور منصفانہ فائدہ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اہل متاثرین کو ٹی ڈی آر کی شکل میں معاوضہ دیا جائے گا جبکہ نقد رقم سے فائدہ دینے کی تجویز بھی حکومت کو ارسال کی جا رہی ہے۔ اسی کے ساتھ متاثرہ دکانداروں کے لئے ایک نیا کمرشیل کمپلیکس تعمیر کرنے کی تیاری ہے تاکہ انہیں مستقل متبادل جگہ مل سکے۔اس کے ساتھ وزیر اعظم آواس یوجنا میں۲۰؍ فیصد فلیٹ بھی متاثرین کے لئے محفوظ رکھنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کا مؤقف ہے کہ زیادہ سے زیادہ اہل شہریوں کو فائدہ پہنچایا جائے گا اور تمام متاثرین کے پنچنامے وقت پر مکمل کر کے انہیں کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچانے کی پوری کوشش کی جائے گی۔ انتظامیہ کے ساتھ ہی مغربی حلقہ کے رکن اسمبلی مہیش چوگھلے اورشیوسینا شندے گروپ کے لیڈر سنتوش شیٹی نے معاوضہ سے متعلق یہی باتیں دہرائی ہیں ۔