• Fri, 21 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انگلینڈ ایشیز کی خشک سالی ختم کرنے کا خواہاں

Updated: November 21, 2025, 11:08 AM IST | Agency | Perth

آج سے ایشیز سیریز کاآغاز ۔آسٹریلیا میں کھیلے گئے گزشتہ ۱۵؍میچوں میں انگلینڈ کو ۱۳؍میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے

England captain Ben Stokes (right) and Australian captain Steve Smith will be looking to make a winning start to the Ashes series. Photo: INN
انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس(دائیں)اور آسٹریلیائی کپتان اسٹیو اسمتھ ایشیز سیریز میں فاتحانہ آغاز کرنا چاہیںگے۔ تصویر:آئی این این
آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان جمعہ سے شروع ہونے والی ایشز سیریز سے قبل سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ کیا انگلینڈ آسٹریلیائی سرزمین پر ایشیز جیتنے کی خشک سالی ختم کر سکے گا؟آسٹریلیا میں کھیلے گئے پچھلے ۱۵؍ ٹیسٹ میچوں میں سے انگلینڈ نے ۱۳؍ہارے اور ۲؍ ڈرا کھیلے ہیں جبکہ ایک بھی جیت حاصل نہیں کر سکا۔ آخری بار انگلینڈ نے ۱۱۔۲۰۱۰ءمیں آسٹریلیا کو ایک کے مقابلے ۳؍ٹیسٹ سے شکست دی تھی۔آئندہ ۷؍ہفتوں تک ۵؍ شہروں میں کھیلی جانےوالی ایشز سیریز سے پہلے کئی بڑے سوالات کھڑے ہیں۔کیا عمر رسیدہ اور اہم کھلاڑیوں کے بغیر کھیلنے جا رہی آسٹریلیائی ٹیم اپنی سرزمین پر ۱۱۔۲۰۱۰ء سے جاری ناقابل شکست مہم کو برقرار رکھ سکے گی؟کیا کپتان بین اسٹوکس انگلینڈ کو آسٹریلیائی سرزمین پر ایک طویل عرصے بعد ایشیز دلا سکیں گے؟
آسٹریلیائی کپتان پیٹ کمنز اور تیز گیند باز جوش ہیزل ووڈ چوٹ کی وجہ سے پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے۔ ایسے میں تیز گیند باز مچل سٹارک اور آف سپنر ناتھن لیون پر ذمہ داری بڑھ جائے گی۔ برینڈن ڈوگیٹ تیز گیند باز اسکاٹ بولینڈ کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کر سکتے ہیں، جس سے آسٹریلیائی مردوں کی ٹیسٹ الیون میں پہلی بار ۲؍ مقامی کھلاڑی ہوں گے۔ کیمرون گرین آل راؤنڈر کی طرح کھیلیں گے۔ آسٹریلیا کے اوپننگ بلے باز جیک ویدرالڈ کو بھی ۳۱؍سال کی عمر میں ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔ مارنس لابوشین تیسرے اور قائم مقام کپتان اسٹیو اسمتھ چوتھے نمبر پر اتریں گے۔
وہیں انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے کہا  کہ’’مجھے معلوم ہے کہ یہ کتنی بڑی سیریز ہے۔ میں جنوری میں یہاں سے روانہ ہوتے وقت ان خوش قسمت کپتانوں میں اپنا نام درج کرانا چاہتا ہوں جنہوں نے آسٹریلیا میں ایشز سیریز جیتی ہے۔ تاریخ کے بارے میں کافی باتیں ہوتی ہیں لیکن اب ہمارے پاس اپنی تاریخ رقم کرنے کا موقع ہے۔‘‘انگلینڈ کی ٹیم میں جوفرا آرچر تیز گیند بازی کا بوجھ سنبھالیں گے جن کا ساتھ دینےکیلئے مارک ووڈ موجود ہیں۔ اسٹوکس خود بھی گیند بازی کریں گے اور تیز گیند باز برائیڈن کارس اور گس ایٹکنسن کو بھی موقع مل سکتا ہے۔
آسٹریلیا نے پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے پہلے ایشیز ٹیسٹ کیلئے پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا گیا ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں کپتانی کرنے والے اسٹیو اسمتھ نے پلئینگ الیون کی تصدیق کردی ہے۔ برینڈن ڈوگٹ اور جیک ویدرالڈ ٹیسٹ آسٹریلیا کی طرف سے ڈبیو کریں گے۔، پلیئنگ الیون میں عثمان خواجہ جیک ویدرالڈ، مارنس لابوشین اور کپتان اسٹیو اسمتھ شامل ہیں۔ کیمرون گرین، ٹریوس ہیڈ، ایلیکس کیری اور میچل اسٹارک بھی ٹیم میں شامل ہیں جبکہ ناتھن لیون، برینڈن ڈوگٹ اور اسکاٹ بولینڈ بھی آخری۱۱؍ میں شامل ہیں۔ 
گلین میگرا کمنٹری پینل سے فارغ
دوسری جانب آسٹریلیائی ٹیم کے سابق تیز گیندباز گلین میگرا کو ایشیز سیریز کے آغاز سے قبل کمنٹری پینل سے نکال دیا گیا ہے۔ آسٹریلوی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گلین میگرا کو قومی براڈ کاسٹر ادارے نے ریڈیو کمنٹری پینل سے فارغ کردیا ہے۔ سابق فاسٹ بولر کو جوئے کی کمپنی کے ساتھ تعلق کی بنیاد پر پینل سے فارغ کیا گیا ہے۔ آسٹریلوی میڈیا نے انکشاف کیا کہ سابق تیز گینداز میگرا کا آن لائن جوئے کی کمپنی کے ساتھ تعلق بتایا گیا ہے، قومی براڈ کاسٹر ادارے کی پالیسی کے مطابق ملازم کا جوئے کی کمپنی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہوسکتا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK