Inquilab Logo

بھیونڈی:نئے ڈیولپمنٹ پلان کیخلاف شکایتوں کا انبار، ڈی پی رد کرنے کا مطالبہ

Updated: December 02, 2023, 9:08 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

۲۰۴۳ء تک کیلئے بنائے گئے مجوزہ پلان پر ۸؍ہزار ۶۳۴؍اعتراضات داخل، تمام سیاسی پارٹیوں نے ناراضگی کا اظہارکرتے ہوئے خامیوں کی نشاندہی کی

The development plan was put up in the head office of the corporation and objections and suggestions were sought from the citizens.
ڈیولپمنٹ پلان کو کارپوریشن کے صدر دفتر میںلگاکر شہریوں سے اعتراضات اور مشورے طلب کئے گئے تھے۔

شہر کو گزشتہ ۲۰؍برسوں کے درمیان منصوبہ بند طریقے سے بسانے کیلئے بنائے گئے مجوزہ نئے ڈیولپمنٹ پلان (ڈی پی)کیخلاف شہریوں نے شکایتوں کاانبار لگادیا ہے۔ کارپوریشن  کی جانب سے  ۲۰۴۳ء تک کیلئے جاری ترقیاتی منصوبے کے خلاف شہریوں نے ساڑھے ۸؍ ہزار سے زائداعتراضات کے ڈھیر لگا دیئے ہیں۔ اب ان اعتراضات پر اعلیٰ افسران پر مشتمل ۵؍رکنی کمیٹی سنوائی کرکے اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔اس رپورٹ کی بنیاد پر حکومت ڈیولپمنٹ پلان پر کوئی حتمی فیصلہ کرے گی۔ شہریوں کا الزام ہے کہ یہ ترقیاتی منصوبہ ان افسران نے اپنے دفتروں میں بیٹھ کر بنایا ہے جنہیں بھیونڈی کے جغرافیائی محل وقوع کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔
۸؍ہزار ۶۳۴؍اعتراضات داخل
  واضح رہےکہ ایڈ منسٹریٹر اور میونسپل کمشنر اجے ویدیہ نے ۱۲؍اکتوبر کوشہر کا نیا ترقیاتی منصوبہ (ڈی پی) جاری کرکے اسے میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر کے گراؤنڈ فلور پرلگادیا تھا۔ کارپوریشن انتظامیہ نے اس منصوبے پر اپنے اعتراض،تنقید ، تجاویز و مشورے دینے کیلئے  ۳۰؍ دنوں کی مہلت دی تھی جو ۱۰؍ نومبر۲۰۲۳ء کو ختم ہو گئی۔ایک ماہ کے اندر عام شہریوں کے ساتھ ہی سیاسی ،سماجی ،فلاحی تنظیموں نے ڈیولپمنٹ پلان کو خامیوں کا پلندہ قرار  دے کر اس کیخلاف ۸؍ ہزار۶۳۴؍ اعتراضات ،تنقید و تجاویز کاانبار لگادیا۔ 
 میونسپل کارپوریشن کے تعلقات عامہ کے افسر ملند پالسولے نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے ان اعتراضات کی سماعت کیلئے جلد ہی ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ اس کے بعد متعلقہ اعتراض کنندگان کو سماعت میں شرکت  سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔ ڈیولپمنٹ پلان کی افسر اسمیتا کالی کٹی کے مطابق شہریوں کی جانب سے داخل کردہ اعتراضات پر حکومت کی جانب سے نامزد افسران پر مشتمل ایک ۵؍رکنی کمیٹی سنوائی کرے گی جس میں میونسپل کمشنر اور اس گریڈ کاایک سینئر افسر شامل ہوگا۔
 شہریوں کا ضروری دستاویز کے ساتھ کمیٹی کے سامنے حاضر ہونا لازمی
 محکمہ شہری ترقیات کے مطابق ڈیولپمنٹ پلان پرتجاویز اور اعتراضات درج کرانے والے شہریوں کیلئے تمام ضروری دستاویزات کے ساتھ کمیٹی کے سامنے حاضر ہونا لازمی ہوگا۔ ڈی پی میں ریزرویشن سے متعلق تمام اعتراضات سن کر ماہرین کی کمیٹی شہر کی ترقی سے متعلق تمام حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرے گی۔ شہریوں کی جانب سے دائر کردہ تجاویز اور اعتراضات کو مکمل طور پر سننے کے بعد کمیٹی اپنا فیصلہ حکومت کو پیش کرے گی۔افسران کے مطابق حکومت ڈی پی  ۲۰۲۳ء کی حتمی منظوری ماہرین کی کمیٹی کی سفارش پر ہی کرے گی۔
ڈیولپمنٹ پلان کو رد کرنے پر سبھی سیاسی جماعتوں کااتفاق
 ۲۰۴۳ء تک کیلئے بنائے گئے پلان کے متعلق تقریباًسھی سیاسی جماعتوں نے ایک آواز میں اسے رد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سماج وادی پارٹی ، کانگریس ،بی جے پی ،ایم آئی ایم ، شیوسینا،این سی پی و دیگر سیاسی جماعتوں نے اسے مسترد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایمانداری کے ساتھ نیا ڈی پی  بنایا جائے۔سیاسی جماعتوں نے ڈی پی کی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے حکومت کولکھا ہے کہ مجوزہ نیا ترقیاتی پلان دفتر میں بیٹھ کر بنایا گیا ہے۔کسی بھی شخص کی زمین یا جائداد کو ریزویشن میں ڈال کر ایکوائر کرنے سے پہلے اسے بازار بھاؤ سے معاوضہ ادا کیا جائے۔ شہر کے ۲۰؍برسوں کیلئے بنائے جارہے ترقیاتی پلان بناتے وقت انتظامیہ نے عوامی نمائندوں سے مشورہ کرنا تک گوارہ نہیں کیا گیانیز میٹروکا کام شروع ہے لیکن ترقیاتی منصوبہ بنانے والوں نے میٹرو کے انجینئرس سے رابطہ تک نہیں کیا تھا۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK