نالوں اورسیور لائن کی صفائی کیلئے جدید ٹیکنالوجی اپنانے کا میونسپل کارپوریشن کا فیصلہ،کیرالاکی مشین کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
روبوٹک مشین سے مین ہول کی صفائی کاجائزہ میونسپل افسران لیتے ہوئے۔ تصویر:آئی این این
صنعتی شہر میں نالوں اور سیور لائن کی صفائی کے موجودہ انتظامات ناکافی ثابت ہونے لگے ہیں، جس کے پیش نظر میونسپل کارپوریشن نے جدید ٹیکنالوجی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی سلسلے میں سیور کے مین ہول کی صفائی کے لئے روبوٹک نظام متعارف کرانے کی سمت پیش رفت کرتے ہوئے کیرالا کی جینروبوٹ کمپنی کی جانب سے پیر کو اشوک نگر علاقے میں عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔اس ڈیمو کے موقع پر میئر نارائن چودھری، کارپوریٹر ایڈوکیٹ ویبھو بھوئیر، فراز بہاء الدین، ایڈیشنل کمشنر وٹھل ڈاکے، ڈپٹی کمشنر وکرم دراڑے، صفائی محکمہ کے سربراہ جے ایم سوناونے ، ہریش بھنڈاری، نتن چوہان سمیت دیگر افسران و ملازمین بڑی تعداد میں موجود تھے اور انہوں نے مشین کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
میئر نارائن چودھری نے اس موقع پر کہا کہ سیور کے مین ہول کی صفائی ایک نہایت دشوار اور جان لیوا عمل ہے کیونکہ یہ زمین کی گہرائی میں واقع ہوتے ہیں اور انسانی محنت کے ذریعے صفائی کے دوران حادثات کا اندیشہ ہمیشہ رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روبوٹک مشین کے استعمال سے نہ صرف صفائی کا عمل محفوظ ہوگا بلکہ شہر کی بڑی سڑکوں کے ساتھ ساتھ تنگ و گنجان آبادی والی گلیوں میں موجود مین ہول کی بھی مؤثر طریقے سے صفائی ممکن ہو سکے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس جدید نظام کا عملی مظاہرہ اطمینان بخش رہا ہے اور اب میونسپل انتظامیہ اور عوامی نمائندوں سے مشاورت کے بعد اس مشین کی خریداری کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔جینروبوٹ کمپنی کے نمائندوں کے مطابق مذکورہ روبوٹک مشین کی قیمت تقریباً ایک کروڑ ۹؍ لاکھ روپے ہے اور یہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سیور مین ہول کی صفائی کو نہایت آسان، محفوظ اور مؤثر بنا سکتی ہے جس سے صفائی نظام میں نمایاں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔