Inquilab Logo

بھیونڈی: آئی جی ایم اسپتال میں ۴؍ماہ سے ماہر امراض نسواں نہ ہونے سے دشواری

Updated: January 31, 2021, 1:57 PM IST | Khalid Abdulqayym Ansari | Bhiwandi

اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ریاستی وزیر برائے صحت کی ہدایت کے بعد بھی اسپتال گائنا کو لوجسٹ ڈاکٹر کی خدمات سے محروم،خواتین کو پریشانیوں کا سامنا

Indira Gandhi Memorial Hospital in Bhiwandi. Picture:INN
بھیونڈی میں واقع اندرا گاندھی موموریل اسپتال۔ تصویر :پی ٹی آئی

یہاں اندرا گاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال(آئی جی ایم) میں گزشتہ تقریباً ۴؍ ماہ سے ایک بھی ماہر امراض نسواں نہ ہونے کے سبب اسپتال میں زچگی کیلئے آنے والی خواتین کو شدید دشواریوں کا سامنا کرناپڑ رہا ہے۔ ریاستی وزیر برائے صحت راجیش ٹوپے کی سخت ہدایت کے ۲؍ ہفتوں سے زائد وقت نکل جانے کے بعد بھی  آئی جی ایم اسپتال میں کوئی بھی ماہر امراض نسواں کی تقرری نہیں ہوسکی ہے۔ واضح رہےکہ آئی جی ایم اسپتال کی بدحالی  کے تعلق سے منترالیہ میں ۱۴؍جنوری کو ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کا انعقاد کیا گیاتھا جس میں رکن اسمبلی رئیس شیخ،میونسپل کمشنر ڈاکٹر پنکج آشیا،سابق رکن اسمبلی عبدالرشید طاہر مومن،سماجی تنظیم ایم پی جے کے اراکین اورمحکمہ صحت کے اعلیٰ افسران اور سیاسی لیڈران موجود تھے۔میٹنگ میں عوامی نمائندوں نے اسپتال میں کئی ماہ سے امراض نسواں نہ ہونے کی شکایت کی تھی جس کے سبب نارمل زچگی کسی طرح نرس اوراسپتال کا عملہ کروادیتا ہے لیکن سیزرین کے حاملہ خواتین کو دوسرے اسپتالوں میں جانے کیلئے مجبور ہونا پڑتاہے جس سے حاملہ خواتین کو وقت پر طبی امداد نہیں مل پاتی نیز انہیں  شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
  راجیش توپے نے محکمہ صحت کو ہدایت دی تھی کہ وہ آئی جی ایم اسپتال کے لئے فوری طور پر ۳؍ ماہرامراض نسواں فراہم کریں۔ وزیر صحت کی اس ہدایت کے ۲؍ہفتوں سے زیادہ گزرجانے کے بعد بھی ابھی تک اسپتال میں کسی بھی ماہر امراض نسواں نے جوائن نہیں کیا ہے۔ اسپتال کے ذرائع بتاتے ہیں اسپتال انتظامیہ کی جانب سے اسپتال سے مستعفیٰ ہونے والی تینوں امراض نسواںکے خلاف پولیس میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے جس کے خوف کی وجہ سے یہاںکوئی دوسراگائناکو لوجسٹ  آنے کو تیار نہیں ہے۔
 رکن اسمبلی رئیس شیخ نے بتایا کہ وہ روزانہ آئی جی ایم اسپتال میں امراض نسواں بھیجنے کے لئے محکمہ صحت سے گفتگو کر رہے ہیں۔ وزیر صحت کے حکم کے بعد بھی یہاں کوئی ڈاکٹرنہیں آیاہے جس کی وجہ سے انہوں نے ۲۷؍جنوری کو وزیر صحت کو ایک خط لکھ کر بنا کسی تاخیر کے اسپتال میں ماہر امراض نسواں کی تقرری کا مطالبہ دہرایا ہے۔ آئی جی ایم اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راجیش مورے نے بتایا کہ محکمہ صحت کی جانب سے آئی جی ایم اسپتال کے لئے ۲؍ماہر امراض نسواںکی تقرری کا حکم نامہ جاری ہوا ہے لیکن ابھی تک اسپتال میں کسی بھی ڈاکٹر نے جوائن نہیں کیا ہے۔

mumbai Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK