Inquilab Logo Happiest Places to Work

اندھیری میں ایک گودام میں بھیانک آتشزدگی سے لاکھوں روپے کا مالی نقصان

Updated: May 09, 2025, 10:42 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

اندھیری میں ہولی فیملی اسکول کے قریب اپولوانڈسٹریل کمپلیکس کے ایک گودام میں جمعرات کو بھیانک آگ لگنےسے لاکھوں روپے کا مالی نقصان ہوا ہے۔

This video of the fire in a godown in Andheri was circulating on X, from which these pictures were taken. Picture: INN
اندھیری کے گوڈاؤن میں لگنے والی آگ کا یہ ویڈیو ایکس پر زیرگردش رہا، اسی سے یہ تصاویر لی گئی ہیں۔ تصویر: آئی این این

اندھیری میں ہولی فیملی اسکول کے قریب اپولوانڈسٹریل کمپلیکس کے ایک گودام میں جمعرات کو بھیانک آگ لگنےسے لاکھوں روپے کا مالی نقصان ہوا ہے۔ خوش قسمتی سے حادثہ میںکوئی زخمی نہیں ہوا ہے۔ لیکن گودام بشمول سرجیکل آلات ، طبی اور دیگر دفتری سامان جل کر خاکستر ہوگیا جس سے بھاری مالی نقصان ہوا۔ حاصل کردہ تفصیلات کے مطابق اپولو انڈسٹریل کمپلیکس کے گودام نمبر ۴۴؍ میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ، متعلقہ میونسپل محکمہ کے ملازمین، پولیس اہلکار اور اڈانی الیکٹرسٹی کے ملازمین موقع پر پہنچ گئے، مگر اس وقت تک آگ بڑھ چکی تھی۔ آگ کی بڑھتی ہوئی شدت کو دیکھتے ہوئے فائر بریگیڈ نے آگ کو بڑی آگ قرار دیا۔ آگ عمارت کے تہہ خانے اور پہلی منزل تک پھیل گئی تھی۔ آگ کے شعلے اور دھویں کے باعث فائر فائٹرز کو آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ آگ کے شعلوں کے باعث گودام کے بجلی کے تار، بجلی کا سامان، دفتری دستاویزات اور دیگر ریکارڈ، فرنیچر، ڈائپر، وہیل چیئرز، سرجیکل آلات، زیراکس مشین، کمپیوٹراور پرنٹرز وغیرہ جل کر راکھ ہو گئے۔ فائر بریگیڈ نے اپنی بھرپور کوششوں سے آگ پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کی۔ 
 خیال رہے کہ گزشتہ ۱۵؍سے ۲۰؍ دنوں میں شہر ومضافات میں آگ لگنےکے ۸ ؍معاملات سامنے آچکےہیں۔ ان حادثات میں ۳؍افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ماہرین اور فائر حکام کے مطابق درجہ حرارت میں ہونےوالے متواتر اضافہ اور پرانی الیکٹرک وائرنگ پر پڑنے والے دبائو سے آگ کے حادثات میں اضافہ ہورہاہے۔ عوام سے الیکٹر سسٹم کی دیکھ بھال اور فائر آڈٹ پر توجہ دینےکی اپیل کی گئی ہے۔  شہری منصوبہ ساز، وویک پائی کے مطابق’’ ممبئی میں آگ کی حالیہ لہر تشویشناک یکسانیت کو ظاہر کرتی ہے۔ حالیہ واقعات میں، زیادہ تر آگ برقی نوعیت کی تھی اور وہ سب رات کے وقت لگیں۔ متعدد واقعات میں، آگ سے متاثرہ دکان، مکان کی راہ میں رکاوٹیں دیکھی گئیںاور مناسب فائر آڈٹ کی کمی بھی دکھائی دیں۔ اسکولوں، ہاؤسنگ سوسائٹیوں، مالز، اسپتالوں سمیت دیگر اداروں کو حفاظتی آڈٹ کرنے کا پابند بنایا گیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ آگ بجھانے کے تمام نظام موجود ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK