۳۶؍درخواستیں موصول ہونے کی اطلاع، آر ٹی آئی کے تحت نامزدگیوں کے تمام سرکاری ریکارڈ طلب کئے گئے۔
EPAPER
Updated: October 11, 2026, 12:29 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
۳۶؍درخواستیں موصول ہونے کی اطلاع، آر ٹی آئی کے تحت نامزدگیوں کے تمام سرکاری ریکارڈ طلب کئے گئے۔
بھیونڈی نظام پور سٹی میونسپل کارپوریشن میں ۹؍نامزد کارپوریٹروں کی تقرری کیلئے دعوے داری پیش کرنے والے امیدواروں کی فہرست اب تک عام نہ کئے جانے پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ۲۸؍ستمبر تک تقریباً ۳۶؍ درخواستیں موصول ہونے کی اطلاع ہے لیکن درخواست گزاروں کے نام اور دیگر تفصیلات سرکاری طور پر منظرعام پر نہیں آئی ہیں۔ اس معاملے میں مہاراشٹر اسٹیٹ اسمال انڈسٹریزڈیولپمنٹ کارپوریشن کے سابق چیئر مین اور کانگریس کے سینئر لیڈر محمد طارق فاروقی نے بتایا کہ انہوں نے اس ضمن میں ضلع کلکٹر ڈاکٹر شری کرشن پانچال کو خط لکھ کر درخواستوں اور امیدواروں کی قانونی اہلیت کی جانچ کرانے کا مطالبہ کیا ہے اور حقِ معلومات قانون (آر ٹی آئی) کے تحت درخواست داخل کرکے نامزدگیوں سے متعلق سرکاری ریکارڈ کی مصدقہ نقول بھی طلب کی گئی ہیں۔
آر ٹی آئی کے تحت نامزدگیوں کا ریکارڈ طلب
محمد طارق محمد یونس فاروقی نے حق معلومات قانون کے تحت میونسپل کارپوریشن کے الیکشن ڈپارٹمنٹ، جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ اور میونسپل سیکریٹری کے دفتر سے متعلقہ دستاویزات طلب کئے ہیں۔ درخواست میں تمام امیدواروں کے نام، ان کی سیاسی جماعتوں کی وابستگی اور نامزدگی درخواستوں کے اندراجی نمبروں پر مشتمل مکمل فہرست فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہر امیدوار کا نامزد کیاگیا فارم، قانونی حلف ناموں اور امیدواروں کی منظوری یا نامنظوری سے متعلق سرکاری جانچ رجسٹر یا جانچ رپورٹ کی مصدقہ نقول بھی مانگی گئی ہیں۔ درخواست گزار نے واضح کیا ہے کہ یہ دستاویزات عدالتی مقصد کیلئے درکار ہیں اور انہیں عدالت میں ثبوت کے طور پر پیش کیا جانا ہے۔
ذرائع ابلاغ کو بھی تفصیلات نہیں مل سکیں
حیرت کی بات یہ ہے کہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ گزرنے کے تقریباً ۲؍ ہفتے بعد بھی میونسپل کارپوریشن انتظامیہ میڈیا کو بھی موصولہ درخواستوں کی تفصیلات کے تعلق سے واضح جواب نہیں مل سکا۔ بعض سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں کو بھی درخواستوں سے متعلق معلومات دستیاب نہ ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔ ان حالات میں مطالبہ کیا جارہا ہے کہ انتظامیہ موصولہ درخواستوں کی تعداد، امیدواروں کی تفصیلات اور تقرری کے لئے اختیار کئے جانے والے طریقۂ کار کو واضح کرے، تاکہ کسی بھی قسم کے شبہات کی گنجائش باقی نہ رہے۔
نامزد کارپوریٹروں کے عہدوں کیلئے دعوے داری پیش کرنے والے درخواست گزاروں کی فہرست جاری نہ کئے جانے کے معاملے پر انقلاب نے میونسپل کمشنر انمول ساگر سے وہاٹس ایپ اور ٹیکسٹ میسیج کے ذریعے وضاحت طلب کی گئی۔ ان سے یہ بھی دریافت کیا گیا کہ فہرست اب تک جاری کیوں نہیں کی گئی اور انتظامیہ کی جانب سے اسے روک کر رکھنے کے الزامات پر ان کا کیا مؤقف ہے، تاہم خبر لکھے جانے تک ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
دوسری جانب نامزد کارپوریٹروں کیلئے درخواستیں دینے والے امیدواروں کی فہرست کے سلسلے میں میونسپل کارپوریشن کے عوامی رابطہ افسر شری کانت پردیشی سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ فہرست تاحال جاری نہیں کی گئی ہے۔ تاہم فہرست جاری نہ کئے جانے کی وجوہات کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں دی گئی۔
۹؍ نشستوں کیلئے مختلف جماعتوں کی دعوے داری
بھیونڈی میونسپل کارپوریشن میں کُل ۹۰؍ منتخب کارپوریٹر ہیں۔ سیاسی جماعتوں کی نمائندگی کے تناسب سے ۹؍ نامزد کارپوریٹروں کی نشستوں میں کانگریس کیلئے ۳؍، بی جے پی کیلئے۲؍ جبکہ شیوسینا، سماج وادی پارٹی، این سی پی (شرد ) اور کونارک وکاس اگھاڑی کے لئے ایک ایک نشست ملنا ہے۔