Inquilab Logo

بھیونڈی:راجیو گاندھی فلائی اوور گڑھوں میں تبدیل ،روزانہ درجنوں حادثات

Updated: September 16, 2021, 9:45 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

شدید بارش، کارپوریشن کی مجرمانہ لاپروائی اور بدعنوانی کےالزامات کے سبب راجیو گاندھی فلائی اوورخستہ حالی کا شکار ہے۔

The citizens of Bhiwandi are worried about the potholes.Picture:Inquilab
بھیونڈی کے شہری سڑکوں کے گڑھوں سے پریشان ہیں تصویر انقلاب

):شدید بارش، کارپوریشن کی مجرمانہ لاپروائی اور بدعنوانی کےالزامات کے سبب راجیو گاندھی فلائی اوورخستہ حالی کا شکار ہے۔اس پر سیکڑوں جان لیوا گڑھے پڑچکے ہیںجن کے سبب روزانہ درجنوںموٹر سائیکل سوار حادثات سے دوچار ہورہے ہیں۔مذکورہ فلائی اوور کی تعمیر شہریوں کو ٹریفک کے عذاب سے نجات دلانے کیلئے کی گئی تھی لیکن فلائی اوور کے گڑھوں سے خودکواور اپنی گاڑیوں کو محفوظ رکھنے کی کوششوں کے سبب یہاں اکثرٹریفک جام رہتا ہے۔تاہم انتظامیہ بے حس بنا ہوا ہے۔حیرت کی بات یہ ہے مذکورہ فلائی اوور اپنی تعمیر کے ۱۳؍برسوں میں ہی خستہ حال ہوگیا تھا۔جس کے سبب ۲۴؍  جولائی ۲۰۱۹ء کو اس کے اوپر سے بڑی گاڑیوں کا داخلہ ممنوع کردیا گیاتھا۔صرف موٹر سائیکل اور چھوٹی گاڑیاں ہی اس فلائی اوور سےگزررہی ہیں۔ اس کے باوجود فلائی اوورپر گڑھوں کی بھرمار ہےجو چھوٹے چھوٹے تالاب میں تبدیل ہوچکے ہیں جن پر سے گزرنا انتہائی دشوار ہے۔یہ گڑھے اس حد تک خطرناک ہیں کہ کسی بھی وقت کوئی ناخوشگوار حادثہ پیش آسکتا ہے۔
 سماجی کارکن اور سینئر کانگریس لیڈر انس انصاری نے بتایاکہ فلائی اوورپرجگہ جگہ گہرے گڑھے بنے ہوئے ہیں جن میں جمع گندہ پانی شہریوں کے لئے خطرناک بن گیا ہے۔گڑھوں کے سبب فلائی اوور پر ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوتا ہے۔گڑھے اور اوبڑ کھابڑ سڑک کے سبب گاڑیاں جھولے کی طرح ہچکولے لیکر چلتی ہیں جس سے حادثات کا خطرہ رہتا ہے۔ فلائی اوور سے گزرنے والے ایک شہری ابو ذر نے بتایا کہ کام کے سلسلے میں وہ اس فلائی اوورسے دن میں کئی بار گزرتے ہیں،یہاں کے گڑھوں میں موٹر سائیکل گزارنے کے دوران ان کا پیٹ اکڑ سا جاتاہے توکبھی کبھی پیٹ میں درد سا ہونے لگتا ہے۔سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ُان کی طرح اس فلائی اوور سے گزرنے والا ہر شخص میونسپل انتظامیہ کو ڈھیروں بددعاؤں سے نوازتا ہوا گزرتا ہوگا۔کلیان روڈ پر رہنے والے سمیر احمد نے بتایا کہ وہ ہر سال اپنی کار سے آبائی وطن پرتاپ گڑھ جاتے ہیں لیکن اس طرح کا فلائی اوور انہیں تقریبادیڑھ ہزار کلومیٹر کے سفر میں کہیں نظر نہیں آتا۔انہوں نے کہا کہ میونسپل انتظامیہ کو شرم سے ڈوب مرنا چاہئے۔ فلائی اوور کی بدحالی اور وہاں کے گڑھوںسے متعلق جب سٹی انجینئر لکشمن گائیکواڑ سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ بارش رکتے ہی رات کے وقت فلائی اوور کے گڑھوں کا پیچ ورک کرنے کا کام شروع کردیا جائے گا۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK