پہلے بازآبادکاری، پنچنامہ اور سامان محفوظ طریقے سے نکالنے کی ضمانت کا مطالبہ، مکینوں کی ناراضگی کے بعد کارروائی فی الحال ملتوی ۔
مکینوں کو بچے ہوئے سامان کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر:آئی این این
بھیونڈی میں بھنڈاری کمپاؤنڈ کے گنگارام واڑی میں واقع کوہِ نور اپارٹمنٹ سانحہ میں ۱۰؍ افراد کی ہلاکت کے بعد اتوار کو بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے عمارت کے باقی ماندہ حصے کو بھی منہدم کرنے کی تیاری کی گئی مگر مکینوں نے موقع پر پہنچ کر شدید احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ جب تک بازآبادکاری، املاک کا پنچنامہ، گھریلو سامان اور اہم دستاویزات محفوظ نکالنے کا انتظام نہیں کیا جاتا، اس وقت تک انہدامی کارروائی نہ کی جائے۔کوہِ نور اپارٹمنٹ میں مجموعی طور پر ۴۸؍ فلیٹ ہیں۔ ’بی‘ ونگ مکمل طور پر منہدم ہونے کے بعد میونسپل کارپوریشن نے’ اے‘ ونگ کو بھی خطرناک قرار دیتے ہوئے اسے گرانے کیلئے پوکلین مشین اور عملہ روانہ کیا تھا۔ تاہم مکینوں نے موقف اختیار کیا کہ ان کے فلیٹوں میں قیمتی سامان، ضروری دستاویزات اور دیگر گھریلو اشیاء موجود ہیں، جنہیں پہلے بحفاظت باہر نکالنے کا انتظام کیا جائے۔ ساتھ ہی ہر فلیٹ اور نقصان کا باقاعدہ پنچنامہ کیا جائے اور بلڈر کی جانب سے عمارت کی ازسرنو تعمیر اور متاثرہ خاندانوں کی بازآبادکاری کے بارے میں تحریری یقین دہانی دی جائے، اس کے بعد ہی انہدامی کارروائی کی جائے۔
اسی دوران میونسپل کارپوریشن نے حادثہ زدہ عمارت سے متصل ایک دوسری عمارت کو بھی ممکنہ طور پر غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے وہاں کے مکینوں کو فوری طور پر عمارت خالی کرنے، اسٹرکچرل آڈٹ کرانے اور ضروری مرمت مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اس اعلان کے بعد متعدد خاندانوں نے اپنا سامان منتقل کرنا شروع کر دیا، تاہم ان مکینوں نے بھی مطالبہ کیا کہ مکمل پنچنامہ، نقصان کا ریکارڈ، سامان اور اہم دستاویزات محفوظ نکالنے کی سہولت اور متبادل رہائش سے متعلق تحریری یقین دہانی کے بغیر عمارت نہ گرائی جائے۔
مکینوں کے شدید احتجاج کے پیش نظر پربھاگ سمیتی ۴؍ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر اروند گھوگرے نے فی الحال انہدامی کارروائی روک دی۔ انہوں نے بتایا کہ پیر کے روز متاثرہ شہریوں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کے بعد آئندہ کی کارروائی کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔مقامی کارپوریٹر یشونت ٹاورے نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کو کسی بھی انہدامی کارروائی سے پہلے حادثہ زدہ اور اطراف کی عمارتوں کے تمام متاثرہ خاندانوں کو اعتماد میں لینا چاہیے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کوہِ نور اپارٹمنٹ انتہائی ناقص تعمیراتی معیار کے ساتھ تعمیر کیا گیا تھا اور’ اے‘ ونگ کی چھت پر موبائل ٹاور بھی نصب تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے میں کسی بھی قصوروار کو تحفظ نہ دیا جائے، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندانوں کیلئے عارضی رہائش کا انتظام بھی میونسپل کارپوریشن اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے فوری کرے۔