Inquilab Logo Happiest Places to Work

مکے بازی میں ہندوستان کی بادشاہت،۱۰؍تمغےجیتے

Updated: August 03, 2026, 12:00 PM IST | Agency | Glasgow

اروندھتی، سچن اور انکوش نے بھی طلائی تمغے جیتے۔ ہندوستانی باکسروں نے ۷؍گولڈ،۲؍سلور اور ایک برونز میڈل حاصل کئے۔دولت مشترکہ کھیلوں میں اب تک کی بہترین کارکردگی۔

Boxing Team.Photo:PTI
باکنسگ ٹیم۔ تصویر:پی ٹی آئی
ہندوستان کی خاتون باکسروں نے اپنی شاندار ساکھ کے مطابق ۵؍ طلائی تمغے جیتے جبکہ سچن سواچ اور انکش پنگھال نے مردوں کے زمرے میں خطاب اپنے نام کئے۔ اس طرح  یہاں کامن ویلتھ گیمز میں  ہندوستان نے مکے بازی میں اپنی بادشاہت قائم کرتے ہوئے دولت مشترکہ کھیلوں میں  اپنی اب تک کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔  
 
 
باکسنگ رِنگ میں ہندوستانی مکے بازوں   جیسمین لیمبوریا، پریتی پوار، ساکشی چودھری، اروندھتی چودھری، پریہ گھنگاس کے بعد سچن سواچ  اور انکش پنگھال نے بھی حریفوں کو یکطرفہ انداز میں شکست دے کر ’سنہری پنچ‘ لگایا۔ کامن ویلتھ گیمز میں ہندوستانی باکسروں کی یہ اب تک کی بہترین کارکردگی رہی جب انہوں نے مجموعی طور پر ۱۰؍ تمغے حاصل کئے۔ اس سے قبل ۲۰۲۲ء  کے برمنگھم کامن ویلتھ گیمز میں ہندوستانی باکسروں نے ۷ ؍تمغے جیتے تھے جن میں ۳ ؍ طلائی ، ایک چاندی اور۳؍ کانسے کے تمغے شامل تھے جبکہ ۲۰۱۸ء کے گولڈ کوسٹ میں باکسروں نے ۹ ؍تمغے جیتے تھے جن میں ۳ ؍گولڈ، ۳ سلوراور اتنے ہی کانسے کے تمغے شامل تھے۔
سچن سیواچ کا دبدبہ
سچن سیواچ نے ۶۰ کلوگرام میں نمیبیا کے ٹی ایم اینڈیویلو کو ۲۔۳؍سے جبکہ ۸۰ ؍کلوگرام میں انکش نے انگلینڈ کے ڈیمیجی شٹو کو ۴۔ایک سے ہرایا۔
انکش نے ۸۰؍کلوگرام میں طلائی تمغہ جیت لیا
ہندوستانی  باکسر انکش نے دولتِ مشترکہ کھیل میں مردوں کے ۸۰؍ کلوگرام وزن کے زمرے کے فائنل میں ۲۰۲۵ء ورلڈ باکسنگ کپ کے طلائی تمغہ یافتہ انگلینڈ کے ڈی۔ شِٹّو کو ۴۔ایک کے اسپلٹ فیصلے سے شکست دے کر طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔اس کامیابی کے ساتھ انکش گلاسگو ۲۰۲۶ءمیں ہندوستان کے ساتویں باکسنگ گولڈ میڈلسٹ بن گئے۔
اروندھتی چودھری نے لگایا گولڈن پنچ
ہندوستان کی اسٹار باکسر اروندھتی چودھری نےخواتین کے ۷۰؍ کلوگرام زمرے کے فائنل میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔  اروندھتی چودھری نے  فائنل میں انگلینڈ کی شانٹیل ریڈ کو متفقہ فیصلے سے شکست دے کر طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔فائنل راؤنڈ کے آغاز میں ریفری نے دونوں باکسروں کو مقابلے کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی، لیکن شانٹیل ریڈ مطلوبہ جارحانہ کھیل پیش نہ کر سکیں۔ اروندھتی پورے مقابلے میں مکمل طور پر حاوی رہیں۔ انہوں نے رفتار پر اپنی گرفت برقرار رکھی اور اعتماد کے ساتھ حریف کو آگے آنے کی دعوت بھی دی۔شانٹیل ریڈ کی آخری لمحات کی کوششیں بھی ہندوستانی باکسر کو پریشان نہ کر سکیں۔ فیصلہ سنائے جانے سے پہلے ہی اروندھتی اپنی فتح کے حوالے سے پراعتماد نظر آئیں اور ججوں نے متفقہ فیصلے کے ذریعے انہیں فاتح قرار دے کر ہندوستان کے لئے ایک اور شاندار طلائی تمغے کی توثیق کر دی۔
 
 
لوولینا بورگوہین نے چاندی کا تمغہ جیت لیا
ہندوستان کی ممتاز باکسر لولینا بورگوہین نے خواتین کے ۷۵؍کلوگرام وزن کے زمرے میں چاندی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔ فائنل مقابلے انہیں آسٹریلیا کی ایما سو گرین ٹری کے خلاف ۴۔ایک کے اسپلٹ فیصلے سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس چاندی کے تمغے کے ساتھ لولینا بورگوہین نے اپنی کامیابیوں میں کامن ویلتھ گیمز کا سلور میڈل بھی شامل کر لیا ہے۔اس کیساتھ ہی انہوں نے ایک منفرد کارنامہ انجام دیتے ہوئے اولمپک گیمز، عالمی چمپئن شپ، ایشیائی کھیلوں اور کامن ویلتھ گیمزچاروں بڑے بین الاقوامی مقابلوں میں تمغے جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK