اسکولی طلبہ کی زندگی سے کھلواڑ کرنے والے غیر محفوظ ٹرانسپورٹروں کے خلاف بھیونڈی میونسپل کارپوریشن نے سخت رخ اختیار کر لیا ہے۔
میٹنگ۔ تصویر:آئی این این
اسکولی طلبہ کی زندگی سے کھلواڑ کرنے والے غیر محفوظ ٹرانسپورٹروں کے خلاف بھیونڈی میونسپل کارپوریشن نے سخت رخ اختیار کر لیا ہے۔ شہر میں اسکول بسوں اور نجی گاڑیوں کے ذریعے طلبہ کی نقل و حمل کے دوران بڑھتی ہوئی بے ضابطگیوں اور حادثات کے خدشات کے پیش نظر میئر نارائن چودھری نے واضح الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ طالب علم کے اسکول پہنچنے سے لے کر بحفاظت گھر آنے تک کی مکمل ذمہ داری اسکول انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے اور اس معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
طلبہ کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں
اس سلسلے میں منعقدہ ایک اہم جائزہ اجلاس میں اسکول انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور میونسپل کارپوریشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں میئر نے طلبہ کی سلامتی کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ بعض نجی گاڑیوں میں گنجائش سے زیادہ بچوں کو بٹھایا جا رہا ہے، جو نہ صرف قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ معصوم جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ میئر نارائن چودھری نے کہا کہ مہاراشٹر حکومت کے محکمہ داخلہ کی ۲۰۱۱ء کی اسکول بس پالیسی کے مطابق طلبہ کی حفاظت کی ذمہ داری صرف اسکول کے احاطے تک محدود نہیں بلکہ گھر سے اسکول اور اسکول سے گھر تک کے پورے سفر پر محیط ہے۔
تعلیمی ادارے ذمہ دار
ایسے میں کوئی بھی تعلیمی ادارہ نجی گاڑیوں کا بہانہ بنا کر اپنی ذمہ داری سے دستبردار نہیں ہو سکتا۔انہوں نے تمام اسکولوں کو ہدایت دی کہ اسکول شروع ہونے اور چھٹی کے اوقات میں طلبہ کی آمد و رفت کو منظم کرنے کے لئے کم از کم ۲؍ ذمہ دار ملازمین تعینات کئے جائیں۔ ساتھ ہی میونسپل افسران کو اسکولوں کا اچانک معائنا کر کے ضابطوں پر عمل درآمد کی رپورٹ براہ راست پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔
ٹریفک پولیس کو خصوصی ہدایت
اجلاس میں ٹریفک پولیس کو خصوصی طور پر ہدایت دی گئی کہ وہ روزانہ جانچ مہم چلا کر اوورلوڈ گاڑیوں، غیر قانونی اسکول وینوں اور حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کرے۔ میئر نے دوٹوک انداز میں کہا کہ طلبہ کی سلامتی سے سمجھوتہ کرنے والوں کیلئے کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی۔
اسکولوں کا اطراف صاف صفائی
اس موقع پر اسکولوں کے اطراف بنیادی سہولتوں کی بہتری پر بھی زور دیا گیا۔ میئر نے میونسپل کارپوریشن کے تعمیرات اور محکمہ صحت کے افسران کو کھلے نالوں کو ڈھانپنے، صفائی ستھرائی برقرار رکھنے اور خستہ حال سڑکوں کی فوری مرمت کے احکامات جاری کئے گئے تاکہ طلبہ کو محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔میئر نارائن چودھری نے کہا کہ ’’اسکولی طلبہ نہ صرف بھیونڈی بلکہ پورے ملک کا مستقبل ہیں۔ ان کی حفاظت میری اولین ذمہ داری ہے۔ اگر کسی کی لاپروائی سے طلبہ کی جان خطرے میں پڑی تو متعلقہ افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔‘‘