بلیسنگ موزاربانی اور بریڈ ایونز کی قہر ڈھاتی بولنگ کی بدولت زمبابوے نے جمعہ کوعالمی کرکٹ کی مضبوط ترین ٹیم آسٹریلیا کو ۲۳؍ رنز سے شکست دے کر ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کا سب سے بڑا الٹ پھیر کر دیا۔
EPAPER
Updated: February 13, 2026, 4:36 PM IST | Mumbai
بلیسنگ موزاربانی اور بریڈ ایونز کی قہر ڈھاتی بولنگ کی بدولت زمبابوے نے جمعہ کوعالمی کرکٹ کی مضبوط ترین ٹیم آسٹریلیا کو ۲۳؍ رنز سے شکست دے کر ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کا سب سے بڑا الٹ پھیر کر دیا۔
بلیسنگ موزاربانی اور بریڈ ایونز کی قہر ڈھاتی بولنگ کی بدولت زمبابوے نے جمعہ کوعالمی کرکٹ کی مضبوط ترین ٹیم آسٹریلیا کو ۲۳؍ رنز سے شکست دے کر ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کا سب سے بڑا الٹ پھیر کر دیا۔زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں ۲؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۶۹؍ رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، جس کے تعاقب میں کینگروز کی پوری ٹیم ۳ء۱۹؍اوورز میں محض ۱۴۶؍ رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
واضح رہے کہ زمبابوے نے اس سے قبل ۲۰۰۷ء کے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر دنیا کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا تھا اور اب۱۹؍ برس بعد ایک بار پھر اس تاریخ کو دُہرا دیا ہے۔کولمبو کا آر پریماداسا اسٹیڈیم زمبابوے کے شائقین کے جشن سے گونج رہا تھا، جبکہ آسٹریلوی حامی اپنی ٹیم کی اس غیر متوقع شکست پر ششدر رہ گئے۔ بلیسنگ موزاربانی (۱۷؍ رنز عوض۴؍ وکٹ) اور بریڈ ایونز (۲۳؍رنز عوض ۳؍ وکٹ) نے نئی گیند کے ساتھ ایسی تباہی مچائی کہ آسٹریلیا کا ٹاپ آرڈر تاش کے پتوں کی طرح بکھر گیا۔
یہ بھی پڑھئے:اڈانی ہتک عزت کیس: صحافی روی نائر کی ایک سال قید پر عالمی سطح پر مذمت
جوش انگلس ڈیپ میں کیچ آؤٹ ہوئے، جبکہ کیمرون گرین اور ٹم ڈیوڈ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ٹریوس ہیڈ کے کلین بولڈ ہونے سے آسٹریلیا کی حالت مزید نازک ہوگئی اور اس کا اسکور محض ۲۹؍ رنز پر ۴؍ وکٹ ہو گیا۔
گلین میکسویل (۳۱؍رن ) اور میٹ رینشا (۶۵؍رن) نے پانچویں وکٹ کے لیے ۷۷؍ رنز کی شراکت داری قائم کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی بھرپور کوشش کی۔ ایک مرحلے پر جب زمبابوے کے کپتان سکندر رضا کریمپس (پٹھوں میں کھنچاؤ) کے باعث میدان سے باہر گئے، تو لگا کہ شاید میچ زمبابوے کے ہاتھ سے نکل جائے گا، لیکن ریان برل نے اہم موڑ پر میکسویل کو آؤٹ کر کے بازی پلٹ دی۔اس سے قبل زمبابوے کی اننگز میں برائن بینیٹ نے ناٹ آؤٹ ۶۴؍ رنز اسکور کیے۔ تادیواناشے مارومانی اور ریان برل نے ۳۵۔۳۵؍ رنز بنائے جبکہ کپتان سکندر رضا۲۵؍رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
یہ بھی پڑھئے:ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ: ہندوستان کا دبنگ انداز، نمیبیا کو عبرتناک شکست
زمبابوے کرکٹ کی تاریخ میں یہ دن سنہری حروف سے لکھا جائے گا جہاں انہوں نے حالات کا بہتر ادراک کیا، بہترین حکمتِ عملی اپنائی اور مستحق فتح کے ساتھ قیمتی دو پوائنٹس حاصل کیے۔ بلیسنگ موزاربانی کو ان کی تباہ کن بولنگ پر پلیئر آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔