میئر نے میونسپل کمشنر کو خط لکھ کر ترقیاتی کاموں میں لاپروائی برتنے والے ٹھیکہ داروں کیخلاف تادیبی کارروائی کرنے کیلئے کہا۔
EPAPER
Updated: April 25, 2026, 11:14 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
میئر نے میونسپل کمشنر کو خط لکھ کر ترقیاتی کاموں میں لاپروائی برتنے والے ٹھیکہ داروں کیخلاف تادیبی کارروائی کرنے کیلئے کہا۔
میونسپل حدود میں خستہ حال سڑکوں کے مسئلے نے سنگین شکل اختیار کر لی ہے، جس پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے میئر نے لاپروا اور غیر ذمہ دار ٹھیکیداروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں مرکزی اور اندرونی سڑکیں جگہ جگہ گہرے گڑھوں کا منظر پیش کر رہی ہیں جس کے نتیجے میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے اور حادثات کے امکانات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔
اس تشویشناک صورتحال پر میئر نارائن رتن چودھری نے میونسپل کمشنر انمول ساگر کو ایک تفصیلی مکتوب ارسال کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سڑکوں کی مرمت میں غیر معمولی تاخیر ناقابل قبول ہے اور یہ براہ راست عوامی مفاد کے خلاف ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ناقص کارکردگی دکھانے والے اور کام میں کوتاہی برتنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف نہ صرف تادیبی کارروائی کی جائے بلکہ مستقبل میں انہیں کسی بھی قسم کے سرکاری ٹھیکوں سے محروم رکھا جائے۔
میئر کے اس اقدام کو طویل عرصے سے جاری مبینہ ’ٹھیکیدار راج‘ کے خلاف ایک فیصلہ کن قدم تصور کیا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی ان سرکاری اہلکاروں کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان کھڑا ہو گیا ہے جو مبینہ طور پر ایسے ٹھیکیداروں کی پشت پناہی کرتے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: میل گھاٹ میں بنیادی سہولیات کے فقدان کے سبب اموات پر عدالت برہم
ذرائع کے مطابق میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ہر سال ای-ٹینڈرنگ کے عمل کے تحت سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے ٹھیکے دئیے جاتے ہیں جن میں طے شدہ معیار اور وقت کی پابندی لازمی ہوتی ہے۔ اس کےباوجود کئی ٹھیکیدار ’تارکول کی قلت‘یا دیگر غیر معقول وجوہات کا سہارا لے کر کام میں تاخیر کر رہے ہیں، جسے میئر نے ٹینڈر کی شرائط کی صریح خلاف ورزی اور شہریوں کی سلامتی کے ساتھ کھلواڑ قرار دیا ہے۔ انہوں نے سخت ہدایت دی ہے کہ تمام متعلقہ ٹھیکیدار فوری طور پر سڑکوں کی مرمت اور تارکول بچھانے کا عمل شروع کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مزید برآں، میئر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مقررہ مدت میں کام مکمل نہ کرنے والے ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کیا جائے تاکہ آئندہ عوامی منصوبوں میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے ترقیاتی کاموں میں معیار اور رفتار برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے اور اس کیلئے سخت اور فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔