Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی میں ایس آئی آر مہم: شہریوں سے ووٹر میپنگ کرانے کی اپیل

Updated: April 06, 2026, 11:30 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

میونسپل کمشنر نے اس مہم کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے شہریوں سے بڑھ چڑھ کر شرکت کی درخواست کی۔

People gather at a camp set up for mapping in the Kaneri area of ​​Bhiwandi. Photo: INN
بھیونڈی کے کنیری علاقے میں میپنگ کیلئے لگائے گئے ایک کیمپ پر لوگ جمع ہیں۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان کے الیکشن کمیشن کی جانب سے ریاست بھر میں خصوصی جامع نظرثانی پروگرام (ایس آئی آر) کے تحت ووٹر لسٹ کی بڑے پیمانے پر میپنگ مہم شروع کر دی گئی ہے، جس کے تحت شہر میں ۲۰۰۲ءکی ووٹر لسٹ کے ساتھ موجودہ ووٹروں کا ڈیٹا جوڑا جا رہا ہے۔ بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن کے کمشنر انمول ساگر نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس عمل میں فوری طور پر شامل ہو کر اپنی تفصیلات کی تصدیق کریں۔ انتظامیہ کے مطابق یہ مہم ووٹر لسٹ کو شفاف، درست اور بے نقص بنانے کیلئے انتہائی اہم ہے۔ خاص طور پر اسمبلی حلقہ ۱۳۶ (بھیونڈی مغرب) اور ۱۳۷ (بھیونڈی مشرق) کے تمام ووٹروں کو اس میں شامل ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے۔ 
میپنگ کیا ہے اور کیوں ضروری؟
میونسپل کمشنر نے بتایا کہ اس عمل کے ذریعے موجودہ ووٹر لسٹ کو ۲۰۰۲ءکی فہرست سے ملایا جا رہا ہے، تاکہ کسی بھی قسم کی غلطی، ڈپلیکیشن یا ناموں کی کمی کو دور کیا جا سکے۔ حکام کے مطابق ۲۰۰۲ءکے بعد یہ پہلا بڑا جامع نظرثانی عمل ہے، اس لئے ہر ووٹر کی شمولیت نہایت اہم ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ریلوے کی دعوؤں کے برعکس جون تک ٹرینیں فل

میپنگ کے دو طریقے
اس سلسلے میں کمشنر انمول ساگر نے ایک پریس ریلیز جاری کرکے بتایا کہ میپنگ کے ۲؍ طریقے ہیں۔ پرسن ٹو پرسن میپنگ(فرد سے فرد کی تصدیق/میپنگ) وہ ووٹرز جن کا نام ۲۰۰۲ءمیں موجود تھا، وہ اپنی براہ راست تصدیق کریں۔ پروجنی میپنگ(نسلی/خاندانی بنیاد پر میپنگ) نئے ووٹرز اپنے والدین یا بزرگوں کے ۲۰۰۲ء کے ریکارڈ کی بنیاد پر اپنی تفصیلات لنک کریں۔ 
شہری فوری کیا کریں ؟
الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ https://voters.eci.gov.in پر جا کر ۲۰۰۲ءکی ووٹر لسٹ میں اپنا یا اپنے خاندان کا ریکارڈ تلاش کریں۔ پارٹ نمبر اور سیریل نمبر نوٹ کریں۔ اپنے علاقے کے بی ایل او (بی ایل او ) سے رابطہ کر کے میپنگ مکمل کریں۔ مزید رہنمائی کے لیے اسسٹنٹ ووٹر رجسٹریشن افسر، تحصیلدار یا سب ڈویژنل آفیسر کے دفتر سے رجوع کریں۔ کمشنر انمول ساگر نے واضح کیا کہ ’’اگر شہری بروقت اپنی معلومات کی تصدیق نہیں کرتے تو مستقبل میں ووٹر لسٹ میں مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کو سنجیدگی سے لیں اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ یہ مہم ووٹر لسٹ کی درستگی کے لئے ایک فیصلہ کن قدم ہے اور ہر اہل ووٹر کے لئے اپنی تفصیلات کی تصدیق اب لازمی ہو گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK