Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی : ٹریفک کا مسئلہ حل کرنے کیلئےسخت کارروائی کا فیصلہ

Updated: August 28, 2025, 11:19 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

غلط سمت ڈرائیونگ اور سڑک پر پارکنگ کرنے والوں پر کیس درج ہوگا۔ سی سی ٹی وی سے سخت نگرانی کی جائے گی

Municipal Commissioner and senior officials discussing solutions to serious traffic problems.
ٹریفک کے سنگین مسائل کے حل پر میونسپل کمشنر اور اعلیٰ افسران تبادلہ خیال کرتے ہوئے۔

 شہر کی برسوں پرانی ٹریفک جام کی پریشانی پر قابو پانے کیلئے پولیس اور میونسپل کارپوریشن نے مشترکہ طور پر سخت قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سب سے زیادہ زور ان ڈرائیوروں پر کارروائی پر دیا جا رہا ہے جو غلط سمت میں گاڑی چلاتے ہیں یا سڑک کے کنارے گاڑیاں کھڑی کر دیتے ہیں۔ ایسے ڈرائیوروں کے خلاف اب براہِ راست مقدمات درج کئے جائیں گے۔
 شہر میں ٹریفک مسائل کے حل کیلئے منعقدہ میٹنگ میں ڈپٹی پولیس کمشنر (ٹریفک) پنکج شیرساٹھ نے بتایا کہ شہر کے۸۰۰؍ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی ہو رہی ہے۔ جو ڈرائیور غلط پارکنگ کریں گے یا اُلٹی سمت (رانگ سائٹ) میں گاڑی چلائیں گے، ان کے خلاف فوری کارروائی ہوگی اور اگر یہ روش نہ بدلی گئی تو ان پر باقاعدہ مقدمہ درج کیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں کو وارننگ دی کہ اب کسی بھی قسم کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔
 اس موقع پر پولیس نے میونسپل انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ٹریفک نظام کو مزید موثر بنانے کیلئے اضافی ٹریفک وارڈنز فراہم کئے جائیں۔ دوسری جانب میونسپل کمشنر انمول ساگر نے تمام انجینئروں کو حکم دیاہے کہ شہر کی خستہ حال سڑکوں کی مرمت جنگی پیمانے پرشروع کی جائے کیونکہ خستہ حال سڑکیں ٹریفک جام کی سب سے بڑی وجہ ہے۔
 میٹنگ میں ڈی سی پی ششی کانت بوراڈے، ایڈیشنل کمشنر وٹھل ڈاکے، ڈپٹی میونسپل کمشنر (ہیڈکوارٹرز) وکرام دراڈے، اسسٹنٹ پولیس کمشنر سچن سانگلے، اسسٹنٹ پولیس کمشنر مارٹھے، اسسٹنٹ پولیس کمشنر (ٹریفک) شرد اوہول، پولیس انسپکٹر کشور کھرات، شہر انجینئر جمیل پٹیل، تمام پربھاگ افسران اور تعمیراتی محکمے کے انجینئر بھی موجود تھے۔
 پولیس اور میونسپل کارپوریشن کے درمیان ہوئی اس مشترکہ میٹنگ میں واضح فیصلہ کیا گیا کہ شہریوں کو ٹریفک جام  سے نجات دلانے کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ شہریوں کو امید ہے کہ یہ حکمت ِ عملی برسوں پرانی ٹریفک کی پریشانی سے بڑی حد تک نجات دلائے گی۔اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے درگاہ روڈ پر رہنے والے سماجی کارکن معراج انصاری  نے کہاکہ ’’بھیونڈی میں ٹریفک جام ہماری روزمرہ زندگی کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ خاص طور پر غلط سمت میں گاڑی چلانے والے اور سڑک پر گاڑیاں پارک کرنے والے سب سے زیادہ پریشانی پیدا کرتے ہیں۔ اگر پولیس واقعی سخت کارروائی کرے اور میونسپل کارپوریشن سڑکوں کی مرمت پر توجہ دے تو ہمیں یقین ہے کہ ٹریفک جام کا مسئلہ کافی حد تک کم ہو جائے گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK