Inquilab Logo Happiest Places to Work

سکھ بھائیوں کی جانب سے فراہم کردہ زمین پرمسجد کی تعمیر کاکام مکمل

Updated: August 28, 2025, 11:05 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

جلد ہی نمازکی ادائیگی شروع ہوگی،۱۴؍جنوری کوپُروقار تقریب کے بعد مسجد کا سنگ ِ بنیاد رکھا گیا تھا،انتظامیہ کمیٹی اورگاؤں کےباشندوں میںخوشی کی لہر

The mosque`s construction is complete, but the painting work is still pending.
مسجد کی ہےجس کی تعمیر مکمل ہوگئی ، رنگ وروغن کا کام باقی ہے

مسجد کیلئے سکھ بھائیوں سابق سرپنچ سکھ جندر سنگھ نونی اوران کے بھائی اونی دھر سنگھ کی جانب سے زمین کی فراہمی کے بعد پنجاب ضلع مالیرکوٹلہ عمر پورہ گاؤں میں ’مدینہ مسجد‘ کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے۔ صرف رنگ وروغن باقی ہے، عنقریب نماز کا آغاز عمل میںآئے گا۔ اس مسجد میں۱۲۵؍ مصلیان کے نماز ادا کرنے کی گنجائش ہے۔ مسجد کی تعمیر کا کام پورا ہونے پر عمر پورہ گاؤں کی مسجد انتظامیہ کمیٹی اور اس کام کی نگرانی کرنے والوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ 
 واضح ہوکہ مساجد کے خلاف شرپسند عناصر کی ریشہ دوانیوں کے َدورمیںسکھ برادران نے زمین وقف کرتے ہوئے انسانیت نوازی کی شانداراورقابل تقلید مثال پیش کی تھی۔۱۲؍جنوری ۲۰۲۵ء بروز اتوار ایک پُروقارتقریب کے ساتھ سنگِ بنیاد رکھا گیا تھااور۷؍ماہ کے اندر مسجد کی تعمیر کا کام پورا ہوگیا ۔ مسجدکے تعمیراتی کام کی نگرانی کرنے والے قاری فرقان احمد (مدرسہ عمر فاروق اینڈ پبلک اسکول احمد گڑھ کے سربراہ)نے نمائندۂ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’’مقامی لوگ بہت خوش ہیں، انہوں نے جو خواب دیکھا تھا، باری تعالیٰ نے اپنے فضل وکرم سے اسے شرمندۂ تعبیر فرمادیا۔ مسجد انتظامیہ کمیٹی عمرپورہ تحصیل احمد گڑھ ضلع مالیر کوٹلہ نے بھی اس پراطمینان کا اظہار کیا  ۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ’’ سنگ ِ بنیاد رکھے جانے کے بعدکام تیزی سے جاری رہا، اِن دنوں پنجاب میںمسلسل بارش ہورہی ہے اسی وجہ سےکا م میںرکاوٹ آرہی ہے لیکن امید ہےکہ جلد ہی رنگ وروغن بھی کردیا جائے گا اور نماز کاآغاز ہوگا۔‘‘ قاری فرقان کے مطابق ’’ چونکہ مذکورہ گاؤں میں مسجد کی اشد ضرورت تھی ، زمین مل جانے کےبعد تعمیری مصارف کا مسئلہ تھا مگر کچھ مخیرین کی جانب سےدست ِتعاون دراز کیا گیا اورآج بحمداللہ مسجد کی تعمیر ہوگئی۔ یہ اپنے آپ میںایک مثال ہے۔ ‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ ’’ویسے بھی صوبۂ پنجاب میںتعصب اورنفرت نہیں بلکہ انسانیت اوربھائی چارہ ہے، لوگ بلاتفریق مذہب انسانی بنیادوں پرایک دوسر ے کی عزت اور قدر کرتے ہیں ۔مسجد کے لئے زمین کی فراہمی، اس کی ایک مثال ہے ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK