Inquilab Logo

بھیونڈی: میٹرو کے روٹ کے تعلق سے سسپنس برقرار

Updated: October 17, 2020, 12:48 PM IST | Khalid Abdulqayyam Ansari | Bhiwandi

میونسپل کارپوریشن اور ایم ایم آر ڈی اے کے درمیان تال میل کا فقدان،کروڑوں روپے کے نقصان کا خدشہ

Picture. Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

یہاں میونسپل کارپوریشن اور ایم ایم آر ڈی کے درمیان تال میل کا فقدان میٹرو ٹرین کیلئے جاری کام کو متاثر کررہا ہے۔اسی کے ساتھ ہی دھامنکر ناکہ سے آگے ڈٹیل پروجیکٹ رپورٹ( ڈی پی آر)نہ ہونے اور نہ ہی ٹینڈر جاری ہونے سے روٹ  کے تعلق سے اب بھی سسپنس برقرار ہے۔
میٹرو روٹ  کے تعلق سےقیاس آرائیاں جاری
 واضح رہےکہ تھانے سے بھیونڈی اور بھیونڈی سے کلیان تک جانے والی میٹرو۵؍کا کام تھانے سے شروع ہوکر کالہیر، انجور پھاٹا ہوتے ہوئے دھامنکر ناکہ تک تیزی سے جاری ہے۔ تاہم دھامنکر ناکہ سے آگے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ڈی پی آرفائنل نہ ہونے کے سبب شہریوں میں ایک مرتبہ پھر میٹرو کے روٹ کے تعلق سے بحث و مباحثہ اور قیاس آرائیوں کا دور جاری ہے۔ ایم ایم آر ڈی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ دھامنکر ناکہ سے آگے میٹرو کے روٹ  کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے تاہم اس پر غور وفکر جاری ہے۔
ٹھوس لائحہ عمل کی کمی
 معلوم ہوکہ مجوزہ میٹرو ٹرین کو انجور پھاٹا سے دھامنکر ناکہ سے ہوتے ہوئے کلیان ناکہ ، وہاں سے ٹیم گھر،سائی بابا ہوتے ہوئے کلیان  لے جانے کا منصوبہ ہے۔لیکن دھامنکر ناکہ سے  لے کر کلیا ن ناکہ وہاں سے ٹیم گھر تک شاہراہ پر ہونے والے غیرقانونی تعمیرات کو ہٹانے اورسڑک کی توسیع کو  لے کر ابھی تک کوئی ٹھوس لائحہ عمل تیار نہیں ہواہےجس کی تصدیق میونسپل کارپوریشن کے افسر نے بھی کی ہے۔
سڑک مکمل بھی نہیں ہوئی کہ کھدائی شروع
 مرکزی حکومت نے اپنی ایک  خصوصی اسکیم کے تحت انجورپھاٹا سے باغ فردوش مسجد تک تقریباً ۴؍ کلومیٹر کانکریٹ کی سڑک کی تعمیرکومنظوری دی تھی۔ کانکریٹ کی سڑک کی تعمیر کا یہ کام ۲۰۱۷ء میں شروع ہوا تھا۔سڑک کی اس تعمیر کا کام ابھی دھامنکر ناکہ تک پہنچا ہی تھاکہ میٹرو کا کام شروع ہوگیا۔سڑک کی تعمیر کا کام ابھی جاری ہی تھا میٹرو کے ٹھیکیدار نے بیریکیڈنگ کرکے اس کانکریٹ کی سڑک کو کھودنا شروع کردیا۔اس کے سبب اس سڑک پر خرچ کیا گیا کروڑوں روپے ضائع ہو گئے۔ جبکہ بتایا جاتاہے کہ فنڈ کی کمی کے سبب دھامنکر ناکہ سے آگے کانکریٹ کی سڑک کی تعمیر کے کام کو روک دیا گیا ہے۔ماہرین کے مطابق اگر ایم ایم آر ڈی اے،میونسپل کارپوریشن اور عوامی نمائندے اس تعلق سے بیٹھ کر منصوبہ سازی کرتے تو عوام کا کروڑوں روپے کے نقصان کو روکا جا سکتا تھا۔
دھامنکر ناکہ فلائی اوور کومنہدم کرنے کی تیاری
 میٹرو روٹ کی لائن میں دھامنکر ناکہ پر تعمیر ہونے والے شہر کا اولین فلائی اوورآنے کے سبب اسے منہدم کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس فلائی اوور کی تعمیر کیلئے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ایم ایم آر ڈی اے سے لیا گیا قرض ابھی ادا نہیں کیا گیا ہے۔
 سیکڑوںدکاندار اور مکینوں کااحتجاج
   دھانکر ناکہ پر واقع فلائی اوور کی طرح کلیان روڈ پر کلیان ناکہ سے سائی بابا مندر تک آنجہانی بال ٹھاکرے فلائی اوور تعمیر کیا گیا ہے۔ جس وقت اس فلائی اوور کی تعمیر کا کام شروع ہوا تھا اسی دوران  میٹرو ۵؍کا اعلان کیا گیا تھا۔ مگر انتہائی اہم پروجیکٹ کے لئے کوئی منصوبہ بندی نہ ہونے کے سبب سیکڑوں دکاندار اور مکینوں کے متعدد مرتبہ سڑک کی توسیع کے دوران ہونے والے نقصانات کے تعلق سے احتجاج کرچکے ہیں مگر اس کےبعد بھی کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK