بچوں کی تعلیم متاثر ہونے کی شکایات کے بعد بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کا سخت قدم، وزیٹر رجسٹر میں تفصیلی اندراج لازمی
EPAPER
Updated: July 13, 2025, 9:39 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
بچوں کی تعلیم متاثر ہونے کی شکایات کے بعد بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کا سخت قدم، وزیٹر رجسٹر میں تفصیلی اندراج لازمی
بھیونڈی نظام پور شہر میونسپل کارپوریشن کے محکمہ تعلیم نے اسکول کے اوقات میں تدریسی و غیر تدریسی عملے کی محکمہ تعلیم کے دفتر میں غیر ضروری آمد و رفت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق محکمہ تعلیم نے یہ نیا حکم نامہ اس وقت جاری کیا جب اعلیٰ افسران کو اس بات کی شکایات موصول ہوئیں کہ اسکول کے اوقات میں متعدد اساتذہ تعلیمی ذمہ داریوں کو نظر انداز کرکے دفتر میں موجود ہوتے ہیں جس سے نہ صرف تدریسی عمل متاثر ہو رہا ہے بلکہ طلبہ کی تعلیم بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ اس حکم نامے کے مطابق اب کوئی بھی استاد، صدر مدرس یا اسکول اسٹاف اگر کسی کام کے سلسلے میں محکمہ تعلیم کے دفتر آئے گا تو اُسے لازماً وزیٹر رجسٹر میں تفصیل درج کرنی ہوگی۔ اس رجسٹر میں درج ذیل معلومات لازمی ہوں گی،کس سے ملنے آئے ہیں؟ کیا کام ہے؟ اسکول کا وقت کیا ہے؟ دفتر پہنچنے اور واپس جانے کا وقت کیا ہے؟ یہ ہدایت تمام پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں کے اساتذہ، سربراہان اور ملازمین پر یکساں طور پر نافذ ہے۔
محکمہ تعلیم کے انتظامی افسر سوداگر شیکھرے نے اس اقدام کے پیچھے کی نیت واضح کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد کسی کو پریشان کرنا نہیں بلکہ اسکول کے تعلیمی نظام میں نظم و ضبط قائم رکھنا اور طلبہ کی تعلیم کو اولین ترجیح دینا ہے۔ ان کے مطابق دفتر میں غیر ضروری طور پر وقت گزارنے کا رجحان بڑھتا جا رہا تھا، جس پر قابو پانے کے لئے یہ قدم ناگزیر ہو چکا تھا۔
تعلیمی میدان میں سرگرم ایک سماجی کارکن نے انقلاب کو بتایا کہ میونسپل اسکولوں میں کچھ اساتذہ ایسے بھی ہیں جو اپنی تدریسی فرائض سے بے پروا محکمہ تعلیم کے دفتر میں ضلع بدلی،داخلی تبادلہ ، تنخواہ اور اساتذہ کے چھوٹے بڑے کام کے سلسلے میں محکمہ تعلیم میں گشت کرتے نظر آتے ہیں۔یہ ` لیڈر نما ٹیچر طلبہ کے تعلیمی نقصان سے بے پرواہیں۔ یہ حکم نامہ ایسے ہی سرکاری ٹیچروں پر لگام کسنے کیلئے جاری کیا گیا ہے تاکہ اس پر سختی سے عمل درآمد ہو اور تعلیمی نظام میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس حکم نامے پر اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ مہاراشٹر ` کے ریاستی کار گزارصدد ذکی احمد شیخ نے اپنے تاثرات دیتے ہوئے انقلاب کو بتایا کہ ` ہم اساتذہ کو اس حکم نامے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔ جن اساتذہ کو دفتر میں کام ہو تو صبح کی شفٹ والے دوپہر میں جائیں گے اور دوپہر کی شفٹ والے صبح جاکر اپنا کام کرسکتے ہیں ۔ اگر کوئی فوری معلومات دینا ہو تو اسکول کے اوقات میں اسکول کے ہال چال رجسٹر پر لکھ کر دفتر جا سکتے ہیں ۔ ویسے بھی بغیر کام اساتذہ دفتر نہیں جاتے، کام رہتا ہے تو ہی جاتے ہیں وہ بھی اسکول کے کام کے کام کے بعد۔ `