Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’حنظلہ‘‘ جہاز غزہ کے ساحل کے قریب پہنچ گیا، جہاز ضبط کرنے کی اسرائیلی دھمکی

Updated: July 26, 2025, 11:41 PM IST | Gaza

’’حنظلہ‘‘ جہاز غزہ کے ساحل کے قریب پہنچ گیا، گزشتہ مہینے کے’’ میڈلین ‘‘ بیڑے سے آگے نکل گیا۔ رپورٹس کے مطابق امدادی بیڑا پٹی کے اس مقام سے بھی قریب پہنچ گیا ہے جہاں گزشتہ مہینے اسرائیلی فوج نے `میڈلین بیڑے کو روکا تھا۔ اسرائیل نے دھمکی دی ہے کہ اگر جہاز نے اپنا راستہ نہیں تبدیل کیا تو اس کی نیوی جہاز کو ضبط کر لے گی۔

Photo: X
تصویر: ایکس

 ’’حنظلہ‘‘ جہاز غزہ کے ساحل کے قریب پہنچ گیا، گزشتہ مہینے کے’’ `میڈلین ‘‘ بیڑے سے آگے نکل گیا۔ رپورٹس کے مطابق امدادی بیڑا پٹی کے اس مقام سے بھی قریب پہنچ گیا ہے جہاں گزشتہ مہینے اسرائیلی فوج نے میڈلین بیڑے کو روکا تھا۔ ’’حنظلہ‘‘جہاز پر سوار کارکنوں نے سنیچر کے روز کہا کہ وہ غزہ پٹی کے ساحل کے قریب پہنچ رہے ہیں اور اس مقام کو بھی پار کر چکے ہیں جہاں گزشتہ مہینے میڈلین بیڑا روکا گیا تھا۔واضح رہے کہ یہ جہاز اس ہفتے کے شروع میں اٹلی سے روانہ ہوا تھا۔ کارکنوں نے کہاکہ ’’ساری دنیا کی نظریں اس پر ہیں۔‘‘ گزشتہ مہینے کا امدادی بیڑا اس وقت منظر عام پر آیا تھا جب فلسطین نواز ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ بھی اس پر سوار تھیں۔ اسرائیلی بحریہ جہاز کو روکنے کی تیاری کر رہی ہے جو سنیچر کی دوپہر تک غزہ سے تقریباً۲۰۰؍ کلومیٹر دور تھا۔ اسی دوران اسرائیل نے دھمکی دی ہے کہ اگر جہاز نے اپنا راستہ تبدیل نہیں کیا،تو وہ اسے ضبط کرلےگا۔اور اس کے کمانڈو اسے اشدود بندرگاہ تک کھینچ لائیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’حنظلہ‘‘ سے رابطہ ۲؍ گھنٹے کیلئے ٹوٹ گیا تھا، اب بحال ہوگیا ہے: فریڈم فلوٹیلا

اس سے قبل جہاز پر موجود کارکنوں نے ’’حنظلہ‘‘ کے اوپر ڈرون کے گردش کرنے کو اپنے کیمرے میں ریکارڈ کیا، جس نے اس جہاز کی حفاظت کے تعلق سے تشویش میں اضافہ کردیا۔ کارکنوں نے ایک پیغام میں عوام سے کہا کہ وہ ان کی فکر نہ کریں، کیونکہ ان کے ساتھ جو بھی ہوگا وہ غزہ کے عوام کے مقابلے میں کم ہوگا۔ اس کے علاوہ کارکنوں نے اسرائیل کے ذریعے روکے جانے کی صورت میں بھوک ہڑتال پر جانے کا بھی انتباہ دیا ہے۔
  انسانی حقوق کی وکیل، انٹرنیشنل سولیڈیریٹی موومنٹ کی شریک بانی اور ’’فریڈم فلوٹیلا‘‘کی اسٹیئرنگ کمیٹی کی رکن حویدہ عراف نے کہا’’یہ بیڑا ضمیر کی اجتماعی آواز ہے۔‘‘اس جہاز کا نام فلسطینی کارٹون کردار’’حنظلہ‘‘کے نام پر رکھا گیا ہے، جسے ’’ننگے پاؤں مہاجر بچہ، انصاف کا متلاشی‘‘بتایا جاتا ہے جس نے عہد کیا تھا کہ وہ فلسطین کی آزادی تک پیٹھ نہیں پھیرے گا۔۲۰۲۳ء اور۲۰۲۴ء میں، ’’حنظلہ‘‘جہاز یورپ اور برطانیہ کے متعدد بندرگاہوں پر گیا، جس نے ’’میڈیا بلاک کو توڑا اور عوامی تقریبات، آرٹ انسٹالیشنز اور سیاسی تعلیم کے ذریعے عالمی یکجہتی کو مضبوط کیا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: غزہ سے فلسطینیوں کو ختم کرکے مکمل یہودی علاقہ بنائیں گے: اسرائیلی وزیر

جہاز’’حنظلہ‘‘ اتوار کو اٹلی کی بندرگاہ گیلیپولی سے بین الاقوامی احتجاجی بیڑے کے حصے کے طور پر روانہ ہوا تھا۔ منتظمین کے مطابق اس کا مقصد غزہ پر اسرائیلی محاصرہ توڑنا اور وہاں کے رہائشیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔ اس سفر میں تقریباً دس دن لگنے کی توقع ہے۔ روانگی سے قبل بندرگاہ پر ایک وداعی تقریب منعقد ہوئی جس میں سیکڑوں حامیوں نے فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے شرکت کی اور جہاز کو منزل تک پہنچنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔ منتظمین کے مطابق اس بیڑے کا مقصد غزہ میں انسانی بحران کی سنگینی کے بارے میں عالمی شعور بیدار کرنا اور فوری امداد پہنچانا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK