کروڑوں روپے مالیت کا سامان تباہ۔ عینی شاہدین کے مطابق گودام سے اچانک دھوئیں کے گھنے بادل اٹھنے لگے جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
EPAPER
Updated: June 13, 2026, 11:53 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
کروڑوں روپے مالیت کا سامان تباہ۔ عینی شاہدین کے مطابق گودام سے اچانک دھوئیں کے گھنے بادل اٹھنے لگے جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
شہر سے ملحق مضافات کے پڑگھا علاقے میں واقع واہولی گاؤں کے جئے بھگوان گودام کمپلیکس میں ایک کاغذ اور گتے کے گودام میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گودام احاطے کو اپنی زد میں لے لیا۔ گودام میں بڑی مقدار میں کاغذ اور کارڈ بورڈ کا ذخیرہ موجود ہونے کے باعث آگ نہایت تیزی سے پھیل گئی اور چند ہی لمحوں میں کئی گودام اس آگ کی زد میں آگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق گودام سے اچانک دھوئیں کے گھنے بادل اٹھنے لگے جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ آگ نے جلد ہی شدت اختیار کرلی اور پورا احاطہ دھوئیں اور شعلوں سے بھر گیا۔ اس بڑے آتشزدگی کے واقعے میں مجموعی طور پر۹؍ گوداموں میں رکھا گیا کاغذ، گتہ اور دیگر سامان مکمل طور پرخاکستر ہوگیا۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی : شہر کو آلودگی سے بچانے کی مہم تیز
واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھیونڈی میونسپل فائر بریگیڈ کی تین گاڑیاں جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔ فائر فائٹرز نے نجی پانی کے ٹینکروں کی مدد سے آگ پر قابو پانے کے لئے فوری کارروائی شروع کی اور کئی گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے میں کامیابی حاصل کی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ لگنے کی اصل وجہ ابھی تک سامنے نہیں آسکی ہے، تاہم ابتدائی تفتیش میں شارٹ سرکٹ کے سبب آگ بھڑکنے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ اس حادثے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
دوسری جانب آگ کی وجہ سے گوداموں میں موجود کروڑوں روپے مالیت کے کاغذ، گتے اور دیگر تجارتی سامان کے تباہ ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جس سے متعلقہ کاروباری حلقوں کو بھاری مالی نقصان پہنچا ہے۔
صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر مقامی پولیس نے موقع پر حفاظتی انتظامات سخت کرتے ہوئے بندوبست تعینات کر دیا ہے جبکہ آگ لگنے کی وجوہات اور مالی نقصان کے تخمینے کے سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔