Inquilab Logo

بھیونڈی:شہر میں فروخت ہونے والے جوس کے معیار کی جانچ شروع

Updated: June 25, 2022, 9:32 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

ایف ڈی اے اور میونسپل کارپوریشن نے مشترکہ طور پر معائنہ شروع کیا اور خراب مشروب فروخت کرنے والوں پر کارروائی کی

FDA and municipal officials take action against a fruit seller in an area of Bhiwandi.
بھیونڈی کے ایک علاقے میں ایف ڈی اے اور میونسپل افسران پھل فروش کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے۔

یہاں تھانے کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن اور میونسپل کارپوریشن نے مشترکہ طور پر جوس سینٹروں پرفروخت ہونے والے پھلوں کے مشروبات کا معائنہ شروع کیا ہے۔افسران خاص طور پر گاڑیوں پر فروخت ہونے والے مشروبات کے معیارکی باریک بینی سے جانچ کررہے ہیں۔
 واضح ہوکہ گزشتہ دنوں سائی بابا مندر کے سامنے گاڑی پر جوس فروش  کی ویڈیو سوشل میڈیا پر  وائرل ہوئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ جوس فروخت کرنے والا شخص خراب پھلوں کا جوس تیار کرکے گاہکوں کو پیش کررہا ہے۔یہ ویڈیو وائرل ہوتے ہی میونسپل کارپوریشن فوری طور پر حرکت میں آگیاجس کے بعد پربھاگ سمیتی ۲؍کے افسران نے مذکورہ جوس سینٹر کی گاڑی کو جے سی بی کی مدد سے توڑ کر تباہ  اور دکان کو سیٖل کردیا۔میونسپل کارپوریشن کی اس کارروائی کا شہرمیں ملا جلا ردعمل دیکھا گیا۔بیشتر شہریوں نے شہری انتظامیہ کی اس کارروائی کوضابطے کے خلاف ، ڈی پی ایل اور بنا کسی انکوائری کے ویڈیو کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کو غیرقانونی بتایا۔کچھ شہریوں نے کارپوریشن کی اس بروقت کارروائی کی تعریف بھی کی۔
  جوس سینٹر پر فروخت ہونے والے خراب جوس کی خبر ملتے ہی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے )بھی حرکت میں آگیا اوراس نے میونسپل کارپوریشن کے محکمۂ صحت کے افسران کی ایک مشترکہ ٹیم تیار کرکے غیبی نگر، شانتی نگر، شیواجی چوک، منڈئی  اور دھامنکر ناکہ کے ساتھ شہر کے دیگر علاقوں میں ہاتھ گاڑیوں اور ٹھیلوں پر فروخت ہونے والے پھل اور جوس سینٹروں کا جائزہ لے کر  انہیں سخت ہدایات دیں۔
   فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے  سائی بابا مندر کے سامنے واقع جوس سینٹرکے خلاف بھی کارروائی کی ہے۔اس مشترکہ کارروائی میں فوڈ اینڈ ڈرگس ڈپارٹمنٹ کے افسران کے ساتھ چیف سینی ٹیشن انسپکٹر جے ایم سوناونے، سینی ٹیشن انسپکٹر سمادھن جادھو، روہن جادھو، روپیش گائیکواڑ، لیلادھر جادھو اور ساگر دھنگرنیز صفائی محکمہ کے دیگر ملازمین شامل تھے۔ قبل ازیں شیواجی چوک اور نذرانہ کے علاقوں میں ٹھیلوںپر پھل اور ناشتہ کی چیزیں فروخت کرنے والوں کوپربھاگ سمیتی۵؍ کے اسسٹنٹ کمشنر نے سخت ہدایات جاری کرکے انہیں بھی متنبہ کیا ہے۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK