Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: ٹورینٹ پاور نے ۲۶۶؍ عمارتوں کو نوٹس جاری کیا

Updated: July 30, 2026, 12:20 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

بجلی سپلائی نظام غیر محفوظ، مانسون میں بڑے حادثات کا خدشہ ، کمپنی نے بجلی کی حفاظت اور صارفین میں بیداری کیلئے خصوصی مہم شروع کی ہے۔

A dilapidated electrical wiring system in a building. Photo: INN
ایک عمارت میں بجلی سپلائی کا خستہ حال وائرنگ سسٹم ۔ تصویر: آئی این این

مانسون کے موسم میں برقی حادثات کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر ٹورینٹ پاور کمپنی نے اپنے فرنچائزی علاقے میں بجلی کی حفاظت اور صارفین میں بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے خصوصی مہم شروع کی ہے۔ اس مہم کے دوران کیے گئے سروے میں ۲۶۶؍ عمارتیں بجلی سپلائی  سسٹم کے اعتبار سے غیر محفوظ پائی گئیں جنہیں نوٹس جاری کرتے ہوئے فوری اصلاحی اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ غیر محفوظ برقی نظام نہ صرف متعلقہ عمارتوں کے مکینوں بلکہ آس پاس رہنے والے شہریوں کے لیے بھی جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے عوامی تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے یہ کارروائی کی گئی ہے۔ٹورینٹ پاور کے مطابق غیر محفوظ قرار دی گئی عمارتوں کو دو اہم زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلی قسم میں وہ عمارتیں شامل ہیں جہاں بغیر بجلی میٹر کے غیر قانونی طور پر بجلی استعمال کی جا رہی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس طرح کے غیر قانونی کنکشن برقی نظام پر غیر معمولی بوجھ ڈالتے ہیں جس سے اووَر لوڈنگ، شارٹ سرکٹ، کرنٹ لگنے، آگ بھڑکنے اور دیگر سنگین حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ برسات کے موسم میں نمی اور پانی کی موجودگی ایسے غیر محفوظ نیٹ ورک کو مزید خطرناک بنا دیتی ہے اور یہی صورتحال اکثر جان لیوا برقی حادثات کا سبب بنتی ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ٹورینٹ پاور وقتاً فوقتاً غیر قانونی بجلی کنکشن ختم کرنے کے لیے خصوصی مہم  چلاتی رہی ہے، تاہم اس کے باوجود بعض افراد ذاتی مفاد کے لیے غیر قانونی طور پر بجلی کا استعمال جاری رکھتے ہیں، جس سے پورا برقی نظام غیر محفوظ ہو جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: دھاراوی ری ڈیولپمنٹ کیلئے ملنڈ ڈمپنگ گراؤنڈ کی زمین دینے کی منظوری نہیں ملی

دوسری قسم میں وہ عمارتیں شامل ہیں جہاں بجلی کے میٹر تو نصب ہیں، مگر اندرونی وائرنگ، میٹر سے گھروں تک جانے والے کیبلز یا دیگر برقی تنصیبات خستہ حال، ناقص یا غیر محفوظ پائی گئی ہیں۔ ٹورینٹ پاور نے واضح کیا کہ ایسی وائرنگ کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث معمولی خرابی بھی بڑے حادثے کی شکل اختیار کر سکتی ہے، خصوصاً بارش کے موسم میں کرنٹ لگنے اور آگ لگنے کے امکانات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔ ان عمارتوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ لائسنس یافتہ الیکٹریکل کنٹریکٹروں کے ذریعے فوری طور پر وائرنگ کی جانچ، مرمت یا مکمل تبدیلی کا کام کرائیں۔شفافیت اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹورینٹ پاور نے برقی اعتبار سے غیر محفوظ قرار دی گئی تمام عمارتوں کی مکمل فہرست اپنے کنزیومر پورٹل پر بھی جاری کر دی ہے، تاکہ شہری مکان یا فلیٹ خریدنے، کرائے پر لینے یا دیگر معاملات میں درست معلومات کی بنیاد پر فیصلہ کر سکیں۔ٹورینٹ پاور نے تمام صارفین، ہاؤسنگ سوسائٹیوں، مکان مالکان اور جائیداد کے ذمہ داران سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف قانونی بجلی کنکشن استعمال کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK