Inquilab Logo

بھیونڈی:محکمہ ٹریفک کے معمراور امراض میں مبتلا پولیس اہلکار دفتری کام پر مامور

Updated: May 07, 2023, 10:46 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

یہاں محکمہ ٹریفک میں تعینات سینئر پولیس اہلکاروں کو گرمی اور شدید دھوپ سے بچانے کیلئے ایک انوکھا اقدام کیا گیا ہے۔

Elderly traffic officials will not have to do duty in the sun. (File Photo)
معمر ٹریفک اہلکاروں کو دھوپ میں ڈیوٹی نہیں کرنی ہوگی۔(فائل فوٹو)

یہاں محکمہ ٹریفک میں تعینات سینئر پولیس اہلکاروں کو گرمی اور شدید دھوپ سے بچانے کیلئے  ایک انوکھا اقدام کیا گیا ہے۔ اس کے تحت شہر میں ٹریفک کے ۳؍دفاتر میں تعینات ۸؍ معمر اور ذیابیظس و دیگر مرض سے متاثر پولیس اہلکاروں کو ہیٹ اسٹروک سے بچانے کیلئے انہیں فیلڈ سے ہٹا کر دفترمیں تعینات کیا گیا ہے۔
 محکمہ ٹریفک کے سینئر پولیس افسران کا کہنا ہے کہ بھیونڈی میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کی تعداد نا کافی ہے ، اس کے باوجود گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے  ۵۵؍برس یا اس سے زائد عمر کے پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ دمہ ،بلڈ پریشر،ذیابیطس میں مبتلا پولیس اہلکاروں کو دھواں،دھول ،مٹی اور دھوپ اور گرمی سے بچانے کیلئے دوپہر ۱۲؍بجے سے شام ۵؍بجے تک انہیں دفتر کے کاموں پر مامور کردیا گیا ہے۔
 انجورپھاٹاٹریفک ڈپارٹمنٹ کے سینئر پولیس انسپکٹر شری کانت سونڈے نے بتایا کہ انجور پھاٹا ٹریفک محکمہ میں ۴۰؍پولیس اہلکار اور۵؍افسران سمیت ۴۵؍پولیس اہلکار ہیں۔ ان میں ۲؍ اہلکاروں کی عمر۵۵؍سال سے زائد ہیں۔  انہیں  دفتری کام سونپا گیا ہے۔اسی طرح کونگاؤں ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے تحت ۳۷؍ ٹریفک پولیس اہلکار اور افسران ہیں۔جو ٹریفک کے نظام کو بہتر ڈھنگ سے چلانے کیلئے کام کرتے ہیں۔یہاں  کے سینئر پولیس انسپکٹر اپا صاحب جانکر نے بتایا کہ کونگاؤں ٹریفک محکمہ کے تحت کام کرنے والے افسران و اہلکاروں میں ۲؍ معمر اہلکار ہیں جنہیں دفتری کام پر مامور کیا گیا ہے۔ 
 اسی طرح کلیان ناکہ ٹریفک ڈپارٹمنٹ کے سینئر پولیس انسپکٹر منیش پاٹل نے بتایا کہ کلیان ناکہ ٹریفک ڈپارٹمنٹ میں کل ۳۶؍ پولیس اہلکار اور افسران کام کر رہے ہیں۔ ان میں ۵۵؍ سال کی عمر کے ۴؍ پولیس اہلکار شامل ہیں۔ منیش پاٹل نے بتایا کہ۲؍ پولیس والوں کو رات کی شفٹ میں ڈیوٹی دی گئی ہے اور ۲؍ کو  دن کے وقت دفتر اور سائے والی جگہ پر ڈیوٹی دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھیونڈی میں واقع ٹریفک کے ۳؍ دفاتر میں کل ۱۱۸؍ پولیس اہلکار، جن میں فی الحال ۸؍ پولیس اہلکار اس وقت دفتری کام میں مصروف ہیں تاکہ انہیں ہیٹ اسٹروک سے بچایا جا سکے۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK