Inquilab Logo

بھیونڈی:قبائلی علاقے بنیادی سہولیات سے محروم

Updated: September 05, 2022, 11:54 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

قبائلی خاتون نے چادر کی جھولی میں بچے کو جنم دیا،اسپتال پہنچنے سے قبل نومولود ہلاک

The pregnant woman was taken to the hospital in a bed swing. .Picture:INN
حاملہ خاتون کو چادرکی جھولی بناکر اسپتال لے جایا گیا تھا۔۔ تصویر:آئی این این

بھیونڈی تعلقہ کے دیگاشی گاؤں کے دھرمی پاڑہ سے مرکزی سڑک پر جانے کیلئے آزادی کے ۷۵؍برس گزرنے کے بعد بھی کوئی سڑک نہیں ہے۔ ا س وجہ سے بارش کے ایام میں یہاں گاڑیوں کی آمد و رفت بند ہوجاتی ہے۔کوئی بھی گاڑی یہاں نہ پہنچ پانے کے سبب  ایک قبائلی حاملہ خاتون کو اسپتال لے جانے کیلئے چادرکی جھولی(چادر کا اسٹریچر) کا سہارا لیا گیا لیکن اس حاملہ خاتون نے اسپتال پہنچنے سے پہلے راستے میں ہی بچے کو جنم  تودے دیا لیکن نومولود  اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گیا۔ اس حاد ثہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے اس پر شدید افسوس اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ سال بھی دھرمی پاڑہ میں ایسا ہی واقعہ پیش آچکا ہے۔  معلوم ہوکہ بھیونڈی واڑہ روڈ پر دیگاشی گاؤں کے دھرمی پاڑہ کی درشنا فرلےنامی قبائلی حاملہ خاتون کے اہل خانہ نے اسپتال لے جانے کا فیصلہ کیا لیکن یہاں تک کوئی گاڑی نہ پہنچنے کی وجہ سے اسے چادروں کی جھولی میں   اسپتال لے جا یا جا رہا تھا۔ راستے میں ہی اس نے ایک بچے کو جنم  دےدیا تھا۔   بتایا جاتا ہے کہ قبائلی علاقوں میں ایسے واقعات اکثر ہوتے رہتے ہیں۔ یہاں کے باشعور قبائلیوں نے سوال کیا ہے کہ مزید کتنی اموات کے بعد حکومت جاگے گی۔ اس تعلق سے قبائلیوں میں کافی ناراضگی ہے۔ آزادی کے ۷۵؍ سال بعد بھی قبائلی ابھی تک آزاد نہیں ہو سکے ہیں۔ انہیں آج بھی بنیادی سہولتیں میسر نہیں ہیں۔ اس سلسلے میں وجریشوری پرائمری ہیلتھ سینٹر کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مادھو کاولے نے بتایا کہ حاملہ خاتون۲۴؍ اگست کو پرائمری ہیلتھ سینٹر میں جانچ کیلئے آئی تھی۔اس وقت اس کی طبیعت اچھی تھی۔ لیکن بارش کی وجہ سے آدیواسی پاڑہ تک پہنچنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ جس کی وجہ سے خاتون کو چار دن تک اسپتال میں بھرتی  رہنے کو کہا گیا لیکن گھر میں چھوٹے بچے ہونے کے سبب وہ  اسپتال میں داخل نہیں ہوئی  اور اپنے گھر چلی گئی۔ مقامی آشا ورکرحاملہ خاتون کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھیں۔ اس کے بعد بھی یہ واقعہ پیش آیا۔فی الحال مذکورہ  خاتون کو اسپتال میں داخل کرایا گیا اور اس کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹر کاولے نے بتایا کہ قبائلی خاتون درشنا فرلے کی حالت اب بہتر ہے اور وہ خطرے سے باہر ہے۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK