Updated: May 07, 2026, 5:07 PM IST
| Mumbai
اکشے کمار کی ہارر کامیڈی ’’بھوت بنگلہ‘‘ باکس آفس پر بڑی کامیابی بن کر ابھری ہے اور کوو۱۹؍ کے بعد اداکار کی تیسری بڑی ہٹ قرار دی جا رہی ہے۔ اس فلم نے ۱۹؍ دنوں میں دنیا بھر میں ۲۰۰؍ کروڑ روپے سے زائد کمائی کی ہے۔ یہ ۲۰۲۶ء کی پہلی بڑی غیر فرنچائز ہندی ہٹ بن گئی ہے۔
اکشے کمار۔ تصویر: آئی این این
اکشے کمار کے لیے وبائی مرض کے بعد کا دور باکس آفس کے اعتبار سے خاصا مشکل رہا، لیکن اب ’’بھوت بنگلہ‘‘ نے ان کے کریئر کو نئی رفتار دے دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق اکشے کمار کی وبا کے بعد ریلیز ہونے والی ۱۹؍ فلموں میں سے صرف دو فلمیں ہی واضح باکس آفس کامیابیاں حاصل کر سکی تھیں، جن میں ’’سوریہ ونشی‘‘ اور ’’او ایم جی ۲‘‘ شامل تھیں۔ اب ’’بھوت بنگلہ‘‘ ان کے لیے تیسری بڑی کامیابی بن گئی ہے اور تقریباً تین سال بعد ان کی پہلی کلین ہٹ بھی قرار دی جا رہی ہے۔ فلم نے اکشے کمار اور معروف ہدایتکار پریہ درشن کو ۱۶؍ سال بعد دوبارہ ساتھ لایا۔ دونوں کی جوڑی اس سے قبل ’’بھول بھلیاں‘‘ جیسی کامیاب فلم دے چکی ہے، جسے طویل عرصے تک ان کے اشتراک کی سب سے بڑی ہٹ سمجھا جاتا رہا۔
یہ بھی پڑھئے: فلم ’’جَن نائیکن‘‘ کے نئے ویڈیو نے دھوم مچادی، وجے کے نام کے ساتھ جڑا خاص ٹائٹل
تاہم اب ’’بھوت بنگلہ‘‘ نے کمائی کے لحاظ سے ’’بھول بھلیاں‘‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔باکس آفس انڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلم نے صرف ۱۹؍ دنوں میں ہندوستان میں ۵۰ء۱۳۲؍ کروڑ روپے کمائے جبکہ بیرون ملک اس کی کمائی ۴۶؍ کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ اس طرح فلم کی دنیا بھر میں مجموعی کمائی ۲۰۷ء کروڑ روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ فلم بیرون ملک ۵۰؍ کروڑ روپے سے زائد بزنس مکمل کر سکتی ہے، جبکہ ہندوستان میں اس کی مجموعی کمائی ۱۵۰؍ کروڑ روپے سے اوپر جانے کی توقع ہے۔ اندازوں کے مطابق فلم کی فائنل کمائی ۲۲۰؍ سے ۲۴۰؍ کروڑ روپے کے درمیان رہ سکتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ’’بھوت بنگلہ‘‘ ۲۰۲۶ء کی پہلی اور اب تک کی واحد ہندی غیر فرنچائز ہٹ فلم بن گئی ہے۔ اس سے قبل کامیاب ہونے والی بڑی فلموں میں ’’بارڈر ۲‘‘، ’’مردانی ۳‘‘ اور ’’دھرندھر: دی ریوینج‘‘ جیسی سیکوئلز شامل تھیں۔ پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق فلم کی مجموعی آمدنی تقریباً ۲۱۰؍ کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے، جس میں تھیٹر، ڈجیٹل، میوزک اور سیٹیلائٹ رائٹس شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق فلم نے ہندوستان سے ۷۵؍ کروڑ روپے شیئر حاصل کیا، جبکہ اوورسیز شیئر ۲۲؍ کروڑ روپے رہا۔ اس کے علاوہ ڈجیٹل رائٹس سے ۸۰؍ کروڑ، میوزک سے ۱۵؍ کروڑ اور سیٹیلائٹ رائٹس سے ۱۸؍ کروڑ روپے حاصل ہوئے۔
یہ بھی پڑھئے: انوشکا شرما کی ’’چکدا ایکسپریس‘‘ بن کر تیار ہے، پھر ریلیز کیوں نہیں ہو رہی؟
دوسری جانب فلم کی کل لاگت تقریباً ۱۳۸؍ کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے، جس میں پروڈکشن، پروموشن، اوورہیڈ اور ڈسٹری بیوشن اخراجات شامل ہیں۔ یوں فلم کا مجموعی منافع۷۲؍ کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے، جس کے بعد یہ ۲۰۲۶ء کی سب سے زیادہ منافع بخش فلموں میں شمار کی جا رہی ہے۔ اکشے کمار اور پریہ درشن اب اپنی اگلی فلم ’’حیوان‘‘ کے لیے بھی تیار ہیں، جس میں سیف علی خان مرکزی کردار ادا کریں گے جبکہ اکشے کمار منفی کردار میں نظر آئیں گے۔ رپورٹس کے مطابق یہ تھریلر فلم ستمبر یا اکتوبر ۲۰۲۶ء میں سنیما گھروں میں ریلیز کی جا سکتی ہے۔