صدر ڈونالڈٹرمپ نے اس فوٹوگیلری کی رونمائی کی، جس میں امریکہ کے اب تک کے سبھی صدور کی تصاویر لگائی گئی ہیں۔
EPAPER
Updated: September 26, 2025, 2:00 PM IST | Agency | Washington
صدر ڈونالڈٹرمپ نے اس فوٹوگیلری کی رونمائی کی، جس میں امریکہ کے اب تک کے سبھی صدور کی تصاویر لگائی گئی ہیں۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ کو وائٹ ہاؤس میں ایک نئی ’’پریسڈنشیل واک آف فیم گیلری‘‘ کی نقاب کشائی کی۔ اس میں اب تک کے تمام امریکی صدور کی تصاویر موجود ہیں لیکن سابق صدر جو بائیڈن کی تصویر غائب ہے۔ ’ ویسٹ ونگ کالونیڈ‘ میں ایک دیوار پر سنہری فریموں میں آویزاں، یہ تصاویر پہلے صدر جارج واشنگٹن سے شروع ہوتی ہیں اور موجودہ صدر ٹرمپ تک جاری رہتی ہیں۔ تاہم، ٹرمپ کے فوری پیشرو جوبائیڈن کی تصویرنظر نہیں آرہی ہے۔ اس کے بجائے، اس جگہ پر دستخط کرتے ہوئے `آٹومیٹک پین کی تصویر لگا دی گئی ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ بائیڈن کے ناقدین کا الزام ہے کہ انہوں نے ذاتی طور پر حکومت نہیں چلائی اور امریکہ کا انچارج کوئی اور تھا۔ مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ بائیڈن نے صرف دستخط کیے تھے۔ بائیڈن نے گزشتہ صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کو شکست دی تھی لیکن اس بار ٹرمپ نے واپسی کی اور اس بار ان کا سامنا بائیڈن سے نہیں بلکہ ہندوستانی نژاد کملا ہیرس سے ہوا، جو ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار تھیں۔ اس مہینے کے شروع میں ٹرمپ نے نامہ نگاروں کو بتایاکہ ’’میرے خیال میں انہوں نے صرف ایک دستاویز پر دستخط کیے، یا ان چند دستاویزات میں سے ایک جن پر انہوں نے دستخط کیے، اپنے بیٹے کے لیے معافی تھی۔‘‘ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آٹوپین کو ’’غیر قانونی طور پر استعمال کیا گیا تھا۔‘‘ ٹرمپ نے اپنے پیشرو کے دور میں ملک چلانے والوں کے خلاف دھوکہ دہی کے الزامات کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
جو بائیڈن نے بارہا ایسے دعووں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام فیصلے ان کے اپنے تھے اور آٹوپین کے استعمال کی مکمل اجازت تھی۔ امریکی قانون کے تحت، اس ڈیوائس کے ساتھ دستخط شدہ دستاویزات کی وہی قانونی قدر ہوتی ہے جو صدر کی طرف سے منظور ہونے پر ہاتھ سے لکھے ہوئے دستخطوں کی ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ اس ’واک آف فیم‘ گیلری کی تعمیر وہائٹ ہاؤس کی ایک جامع تزئین و آرائش کا حصہ ہے، جس میں اوول آفس میں سونے کی پرت چڑھانا، روز گارڈن میں فلوریڈا کی ان کی اسٹیٹ کے مطابق بنایا گیا سنگ مرمر کا صحن، ایک نیا بال روم اور وائٹ ہاؤس کے لان پر دو۲۷؍ میٹر اونچے فلیگ پولز کی تنصیب شامل ہے۔