Inquilab Logo

’لمپی وائرس‘ کے سبب شہر میں بڑے جانور کے گوشت پر پابندی

Updated: September 11, 2022, 10:22 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

ریاستی حکومت نے حکم نامہ جاری کرکے گائیں اور بھینسوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانا ممنوع قرار دیا۔ دیونار مذبح کا گیٹ بند۔ اتوارکے بعد شہر میں بڑے کے گوشت کی فروخت ممکن نہیں

Big animals will not come to Deonar slaughterhouse from today, it will be difficult to get meat from Monday (file photo).
دیونار مذبح خانے میں آج سے بڑے جانور نہیں آئیں گے، پیر سے گوشت ملنا مشکل ( فائل فوٹو)

  حالیہ دنوں میں  بڑے جانوروں میں پھیلنے والے ’لمپی ‘ نامی جلدی بیماری کے پیش نظر ممبئی کے دیونار مذبح میں آنے والے بڑے جانوروں پر پابندی لگادی گئی ہے ۔حکومت مہاراشٹر نےاس سلسلے میں  ایک حکم نامہ بھی جاری کیا ہے ۔ لہٰذا دیونار مذبح میں آنے والےبڑے جانوروں  کیلئے گیٹ بند کردیا گیا ہے  ۔ نتیجتاً ممبئی میں  اتوار سے گوشت کی تقریباً تمام  دکانیں بند ہوجائیں گی اور شہریوں کو گوشت ملنا مشکل ہو جائے گا۔
  ممبئی میں مقیم اور آل مہاراشٹر کھاٹک اسوسی ایشن کے صدرعقیل تائڑے نے انقلاب کو بتایاکہ ’  بھینس اور گائے میںپھیلنے والے  ’لمپی وائرس‘کے پیش نظرحکومت مہاراشٹر نے جانوروںکی آمدورفت پر پورے مہاراشٹرمیں پابندی لگادی ہے کیونکہ کسی بھی بھینس اور گائے کو ایک سے دوسری جگہ  لے جانے پر بیماری پھیلنے کا اندیشہ ہے ۔‘‘ انھوں نے بتایا کہ یہ بیماری  جانوروں کے  ایک دوسرے کے قریب جانے سے بہت تیزی کے ساتھ پھیلتی ہے۔ اسی لئے حکومت نے   پورے مہاراشٹر میں کسی بھی علاقے میں بھینس اور گائے کو ایک سے دوسری جگہ لے جانے پر پابندی لگا دی ہے۔   دیونار  مذبح میں شیوسینا پنت مہاراشٹر راجیہ کھاٹک کے صدر عشاء الدین نے کہا کہ حکومت مہاراشٹر نے ۸؍ ستمبر کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعہ کہاہے کہ مہاراشٹر سمیت متعدد ریاستوں میں پھیلنے والے لمپی وائرس کی وجہ سےبڑے جانوروں کے لانے اور لے جانے پر پابندی ہے ۔ اس کے علاوہ ان کے کھانے کی چیزیں بھی ایک سے دوسری جگہ منتقل نہیں کی جا سکتیں  ۔   اگر کوئی جانور اس دوران مرجاتا ہے یا ذبح کیا جاتا ہے تو اس کا چمڑہ وغیرہ اسی جگہ پر زمین کھود کر دفن کرد یا جائے ۔ واضح رہے کہ یہ   بیماری ہریانہ سے پھیلی ہے اور اب تک گجرات ، اتراکھنڈ ، اترپردیش ، مدھیہ پردیش ،  راجستھان ، ہماچل پردیش ، جموںو کشمیر ، انڈومان نکوبار، مہاراشٹر اور پنجاب وغیرہ میں پھیل چکی ہے اور ان علاقوں میں کئی جانور اس بیماری کی وجہ سے مر چکے ہیں۔بڑے جانوروں کے تاجر ویپول سمبھاجی نے کہا کہ مہاراشٹر کے  ۱۷؍ ضلع اور ۵۹؍تحصیل کے علاقوں میں۱۸؍ اگست سے ۷؍ ستمبر کے درمیان ۲۵؍ گائیں او ر بھینسیں مرچکی  ہیں۔انھوں نے الزام لگایا کہ دیونار مذبح پر جمعہ  سے تالہ لگادیا گیا ہے ۔ حالانکہاس سے پہلے جانور کے تاجروں کو اس کی اطلاع دی جانی چاہئے تھی ۔ جمعہ کو دیونار مذبح پہنچنے والی جانوروں کی ۶؍ گاڑیاں واپس کردی گئیں ۔ نیز ممبئی  آنے والے راستوںپر ٹول ناکے اور چیک پوسٹ کے اہلکاروں اورپولیس والوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ بڑے جانوروں کی کوئی بھی گاڑی ممبئی شہر میں داخل ہوتو انہیں انہی مقامات پر بھیجا جائے، جہاں  سے وہ جانور لائے گئےہوں ۔ 
 اس ضمن میں ممبئی دیونار مذبح کے جنرل منیجر  ڈاکٹر کلیم پٹھان نے بتایا کہ بھینس اور پاڑے پر پابندی کے متعلق حکومت  مہاراشٹر نے ۸؍ ستمبر کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس  میںکہاگیا ہے کہ مہاراشٹر کے کسی بھی علاقے میں بڑے جانوروں کو ایک سے دوسری جگہ منتقل نہیں کیا جاسکتا ۔  اس بیماری کے پیش نظر جمعہ سے دیونار میں بڑے جانوروں کی آمدورفت بند کردی گئی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ دیونارمیں آئے ہوئے بڑے جانوروں کا ذبیحہ اتوار تک ہوسکتا ہے ۔ اس کے بعد مذبح میں جانور نہ ہونے سے مذبح میں جانور ذبح نہیں کئے جاسکتے ۔ لہٰذا شہر گوشت ملنا مشکل ہوجائے گا ۔سنیچر کو  دکاندار گاہکوں کو بتاتے نظر آئے کہ  پیر سے گوشت نہیں مل سکےگا ۔

deonar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK