القریش ہیومن ویلفیئر اسوسی ایشن کے وفد کےساتھ رکن اسمبلی رئیس شیخ کا ریاستی وزیر وکھے پاٹل سےمطالبہ
EPAPER
Updated: September 14, 2022, 10:13 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai
القریش ہیومن ویلفیئر اسوسی ایشن کے وفد کےساتھ رکن اسمبلی رئیس شیخ کا ریاستی وزیر وکھے پاٹل سےمطالبہ
یہاں دیونار مذبح میں بڑے جانوروں پر عائد پابندی کی وجہ سے بھینس اور پاڑے ذبح نہیں ہورہے ہیںجس کی وجہ سے گوشت کا کاروبار بری طرح متاثر ہورہا ہے ۔ اسی کےپیش نظر القریش ہیومن ویلفیئر اسوسی ایشن کےایک وفد نے رکن اسمبلی رئیس شیخ کے ہمراہ ریاستی وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل سے ملاقات کرکے ممبئی اوراطراف کے طویلوں سے طبی جانچ کے بعد جانور لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
بڑے جانوروںکے تاجروں کی مذکورہ تنظیم کے جنرل سیکریٹری انصاری محمد عمر نے نمائندۂ انقلاب کوبتایا کہ’’ لمپی بیماری کے پیش نظر دیونار مذبح میں ۸؍ ستمبر سے بھینس اور پاڑے لانے پر پابندی عائد کردی گئی ہےجس کی وجہ سے تاجروں کا نقصان ہورہا ہے ۔القریش ہیومن ویلفیئر اسوسی ایشن کے عہدیداروں نے اس سلسلے میں رکن اسمبلی رئیس شیخ کے ہمراہ ریاستی وزیر برائے مویشی پالن سے ملاقات کرکےدیونارمذبح میں بڑے جانور لانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ۔‘‘ انھوں نے دعویٰ کیاکہ ’’پہلی بات تو یہ ہے کہ سروے اور معلومات کے مطابق ۹۰؍ فیصد لمپی وائرس گائے اور بیل میں پایا جارہا ہے اور یہ وہ جانور ہیں جو گئو شالوں میں بند ہیں ‘‘۔ محمد عمر انصاری کے مطابق ممبئی اور اطراف کے جانوروں میں یہ بیماری قطعی نہیں ہے ۔ اس لئے ہماری تنظیم نے تحریری طور پر وزیر وکھے پاٹل سے مطالبہ کیا ہے کہ ممبئی اور مضافات کے علاقوں میں قلابہ سے دہیسر اور ملنڈ کے درمیان واقع طویلوں میں شامل آرے کالونی، جوگیشوری اور گوریگاؤں وغیرہ سے بھینسوں کو طبی جانچ کے بعد ڈاکٹرکےذریعے ان کے صحتمند اور ذبیحہ کے قابل ہونے کا سرٹیفکیٹ دیا جائے اور انہیںدیونارسلاٹر ہاؤس میںلانے کی اجازت دی جائے ۔ مذکورہ تنظیم کے صدر محمد قریشی نےکہا کہ پابندی کی وجہ سے کسانوں اورگوشت کا کاروبار کرنے والے افرادبری طرح متاثر ہورہے ہیں ۔
اس ضمن میں رکن اسمبلی رئیس شیخ نے بتایا کہ القریش ہیومن ویلفیئر اسوسی ایشن کے مطالبے پر میں نے وزیر برائے مویشی پالن رادھا کرشن وکھے پاٹل سے منگل کی سہ پہر تقریباً ساڑھے ۳؍بجے ملاقات کی۔ انھو ں نے دیونار جنرل منیجر سے تفصیلی بات چیت کی اور یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں ممبئی کے میونسپل کمشنر سے تفصیلی گفتگو کریں گے اورجلد ہی ایک سرکیولر جاری کرکے طبی جانچ کے بعد صحتمند جانوروں کو دیونار سلاٹر ہاؤس لانے کی اجازت دی جائے گی ۔