Inquilab Logo

بہار: پرنب مکھرجی کے انتقال پر سیاسی اورسماجی حلقوں میں غم کی لہر

Updated: September 01, 2020, 11:08 AM IST | Inquilab News Network | Patna

گورنر پھاگو چوہان، وزیر اعلیٰ نتیش کمار، نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی، اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو اور د یگرنے بھی رنج وغم کا اظہار کیا

Pranabh Mukherjee - Pic : INN
پرنب مکھرجی ۔ تصویر : آئی این این

سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کے انتقال پر بہار کے سیاسی اور سماجی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ کورونا کی زد میں آئے پرنب مکھرجی گزشتہ کئی دنوں سے شدید بیمار تھے ۔ ان کا علاج نئی دہلی میں واقع آرمی اسپتال میں چل رہا تھا۔ سابق صدر جمہوریہ نے پیر کو ۸۴؍ سال کی عمر میں آخری سانس لی۔ اس کی اطلاع ان کے بیٹے ابھیجیت مکھرجی نے سوشل میڈیا پر دی۔ پرنب مکھرجی کے انتقال پر ملک کے دوسرے حصوں کی طرح بہار کےسیاسی حلقوں میں بھی غم کی لہر  ہے۔ گورنر پھاگوچوہان نے سابق صدر جمہوریہ کے انتقال پر اپنے غم کا اظہار کرتےہوئے کہا ہے کہ ان کے جانے سے ملک نے ایک سچا سپوت اور قابل منتظم کھودیا ہے۔ ان کے انتقال سے سیاست میں جو خلا ءپیدا ہوا ہے ، اس کو پر نہیں کیا جا سکتا ہے۔ 
  بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نےکہا  کہ پرنب مکھرجی کا انتقال انتہائی افسوسناک ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ پرنب مکھرجی نہ صرف ایک معروف سیاستداںاور ماہر انتظام کار تھے بلکہ وہ بہت ہی اچھے خطیب بھی تھے۔ ان کا انتقال میرا ذاتی نقصان ہے۔ان کےمطابق پرنب مکھرجی کی شخصیت ایسی تھی کہ وہ اپنے حامیوں اور مخالفین سب میں یکساں مقبول تھے۔ وزیر اعلیٰ نے پرنب مکھرجی کے لواحقین اور مداحوں کو صبر کی تلقین بھی کی۔
 نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی نے کہا  کہ بھارت رتن سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کے انتقال سے ایک دور کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ وہ بڑے دانشورتھے۔ اپنی علمی لیاقت اور غیر معمولی یادداشت سے ہندوستانی سیاست کے وقار کو بلند کیا۔ بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر مالیات نے کہا کہ ان کے انتقال سے ملک اور سماج کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔
 بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے ابھیجیت مکھرجی کے ٹویٹ پر انگریزی میں اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا :’’ کہ پرنب مکھرجی کے انتقال کی خبر سے  دکھ ہوا ہے۔ دل کی گہرائیوں سے آپ کو اور آپ کے خاندان کوتعزیت پیش کرتا ہوں۔ واقعی، یہ ملک کاعظیم خسارہ ہے۔ وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔‘‘ تیجسوی یادو کے ساتھ ہی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی ، آرجے ڈی کے ریاستی صدر جگدانند سنگھ اور پارٹی کے دوسرے لیڈروں نے بھی اپنے رنج وغم کا اظہار کیا۔
 بہار کانگریس کے صدر ڈاکٹر مدن موہن جھا نے پرنب مکھرجی کے انتقال پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا  کہ سابق صدر جمہوریہ  ایک عظیم ماہر اقتصادیات تھے۔ انہوں نے کم وبیش ۴۰؍ سال کانگریس پارٹی کی خدمت کی۔ ان کے کارناموں کو ملک  بہت دنوں  تک یاد کرے گا۔ کانگریس کے ریاستی کارگزار صدر کوکب قادری نے کہا ہے کہ پرنب مکھرجی کا انتقال ہندوستانی سیاست کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ان کا انتقال نہ صرف کانگریس بلکہ سبھی سیاسی پارٹیوں کے لئے صدمے کا باعث ہے۔ 
  سابق وزیر اعلیٰ اور ہندوستانی عوام مورچہ کے صدر جیتن رام مانجھی نے پرنب مکھرجی کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرنب دا ایک عظیم لیڈر تھے اور قابل خطیب تھے۔ ان کے انتقال سے جو نقصان ہوا ہے ، اسے پورا نہیں کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK