• Mon, 06 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہار اسمبلی الیکشن کی تاریخوں کا اعلان جلد

Updated: October 06, 2025, 9:44 AM IST | Javed AKhtar | Patna

کمیشن کا دورہ مکمل، ووٹنگ کے براہ راست نشریہ کافیصلہ، اعتراضات کے باوجود ’ایس آئی آر‘ پر اطمینان کا اظہار، ملک بھر میں کرانے کا اعلان۔

Chief Election Commissioner Gianish Kumar talking to the media in Patna. Photo: PTI.
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پٹنہ میں  میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں اپنا ۲؍روزہ بہار دورہ مکمل کرنے کےبعداتوار کو دہلی روانہ ہونے سے قبل چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب میں  اسمبلی الیکشن کی تاریخوں کے جلد اعلان کا وعدہ کیا تاہم یہ واضح نہیں  کیاکہ الیکشن کتنے مراحل میں  ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی بہار میں  انتخابی فہرست کی ’’خصوصی جامع نظر ثانی‘‘ پر اٹھنےوالے سوالات کو نظر انداز کرتے ہوئے انہوں نےاسے اطمینان بخش قراردیا اور اس اعلان کو دہرایا کہ ملک بھر میں  ایس آئی آر کروایا جائےگا۔ 
ایس آئی آر کی’’کامیابی‘‘ کیلئے انہوں نے ۹۰؍ہزار ۲۱۷؍بی ایل او زکا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایاکہ خصوصی جامع نظر ثانی کی بہار میں کامیابی کے بعد اب اسے پورے ملک میں کرایا جائے گا۔ پریس کانفرنس میں ان کے ساتھ الیکشن کمشنرسکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی بھی موجود تھے۔ گیانیش کمار نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کی تاریخوں اور اور اس کے مرحلے کے بارے میں جلد اعلان کیاجائےگا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں نافذکئے جانے والے۱۷؍ نئے اقدامات نہ صرف بہار بلکہ پورے ملک کے لئے رہنما ثابت ہوں گے۔ 
انہوں  نےبتایا کہ بہارقانون ساز اسمبلی کی مدت ۲۲؍ نومبر کو ختم ہورہی ہے۔ اس سےپہلے انتخابی عمل مکمل کرلیاجائے گا۔ انہوں نے انتخابات کو جمہوریت کا عظیم تہوار قرار دیتے ہوئے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ چھٹھ پوجا کی طرح جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ ووٹ ڈالیں۔ انہوں نے بتایا کہ خصوصی جامع نظر ثانی عمل کے تحت نااہل ووٹروں کے نام ہٹا دیئے گئے ہیں۔ تاہم اہل رائے دہندگان نامزدگی کی آخری تاریخ سے ۱۰؍ دن پہلے تک فارم۶؍ یا فارم۷؍ کو پُر کر کے اپنے نام درج کرا سکتے ہیں۔ 
چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ ووٹرس کی شناخت کو آسان بنانے کیلئے پہلی بار الیکشن کمیشن نے ای وی ایم پر امیدواروں کی رنگین تصویر لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ووٹنگ کے عمل کی براہ راست نگرانی ہوگی تاکہ کسی بھی بے ضابطگی پر فوری کارروائی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے دوران کسی بھی پولنگ بوتھ پر اب ۱۲۰۰؍ سےزیادہ ووٹر نہیں  ہوں  گے۔ چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ اس سے پہلے ایک پولنگ بوتھ پر ۱۵۰۰؍ ووٹروں کے نام ہوتے تھے، جس سے لمبی قطاریں لگ جاتی تھیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بہار اسمبلی انتخابات کے دوران ہر پولنگ بوتھ پر سو فیصد ویب کاسٹنگ کی جائے گی۔ اس سے قبل یہ صرف ۶۰؍فیصد پولنگ بوتھوں پر ممکن تھا۔ 
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بہار میں پہلی بار ’ون اسٹاپ ڈیجیٹل پلیٹ فارم‘ نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس سے ووٹنگ سے متعلق تمام معلومات ایک جگہ دستیاب ہو جائیں گی۔ ووٹنگ ختم ہونے کے چند دنوں کے اندر ایک ڈیجیٹل انڈیکس کارڈ جاری کیا جائے گاجس میں ووٹر ٹرن آؤٹ، خواتین ووٹروں کی تعداد کے ساتھ ووٹروں کی کل تعداد کی مکمل تفصیلات ہوں گی۔ انہوں  نے امید ظاہر کی کہ اس سے انتخابی عمل پہلے سے زیادہ شفاف ہو جائے گا۔ بہار سے شروع ہونے والا یہ عمل ہندوستانی جمہوریت کے انتخابی ڈھانچے میں ایک بڑی تبدیلی لانے والا عمل ثابت ہوگا۔ گیانیش کمار نے ووٹر لسٹ سے خارج کیے گئے ناموں کے تعلق سے پوچھے گئےسوال پر کہا کہ ووٹر لسٹ سےحذف کیے گئے ناموں کی فہرست ضلعی سطح پر سبھی پارٹیوں کے امیدواروں کو سونپ دی گئی ہے۔ ووٹر کارڈ کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ جن کے ووٹر کارڈ میں تبدیلی کی گئی ہے انہیں ۱۵؍دنوں کے اندر نیاووٹر کارڈ مل جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK