اسکول میں ذمہ داران کی ہنگامی میٹنگ میں۷؍ اہم امور پر توجہ مرکوز کی گئی۔آج داد میں میونسپل دفتر پر مورچہ۔۱۲؍ اکتوبر کو دھاراوی جوڑو یاترا نکالی جائے گی۔
EPAPER
Updated: October 06, 2025, 11:59 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Dharavi
اسکول میں ذمہ داران کی ہنگامی میٹنگ میں۷؍ اہم امور پر توجہ مرکوز کی گئی۔آج داد میں میونسپل دفتر پر مورچہ۔۱۲؍ اکتوبر کو دھاراوی جوڑو یاترا نکالی جائے گی۔
یہاں راجے شیواجی اسکول میں اتوار کی شام ’دھاراوی بچاؤ آندولن‘ کی ہنگامی میٹنگ منعقد کی گئی جس کا بنیادی مقصد دھاراوی واسیوں کے مسائل، ڈیولپمنٹ کے نام پر من مانی اور زور زبردستی یا دھمکی کی بنیاد پر تھوپے جانے والے کسی فیصلے کو قبول نہ کرنے کے ساتھ باہمی اتحاد واتفاق کو مستحکم کرنا تھا تاکہ پوری قوت اور شدت سے اپنے حقوق کی حفاظت کیلئے آگے بڑھا جائے۔ یاد رہے کہ ایک سے زائد مرتبہ دھاراوی ری ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے یہ اعلان کیا جاچکا ہے کہ اتنے فیصد سروے ہوگیا، اتنے فیصد مکین راضی ہوگئے ہیں اورانہوں نے کاغذات دے دیئے ہیں اور مذہبی عبادت گاہوں کے تعلق سے بھی رابطہ قائم کیا گیا ہے مگر دھاراوی بچاؤ آندولن کے ذمہ داران اس دعوے کو آج بھی قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں ، وہ اسے گمراہ کن قرار دیتے ہیں۔
میٹنگ میں کون سے امور طے کئے گئے
(۱)آج پیر۶؍ اکتوبر، سہ پہر۳؍ بجے، ذمہ داران جی نارتھ وارڈ دفتر(دادر) پر مورچہ نکالیں گے اور بی ایم سی حکام کو ایک میمورنڈم پیش کریں گے۔ اس میمورنڈم کے ذریعے یہ مطالبہ کیا جائے گا کہ اڈانی کی کمپنی این ایم ڈی پی ایل نے ماہم اسٹیشن اور جاسمین مل روڈ کے درمیان سیکڑوں درختوں کو غیر قانونی طور پر کاٹ دیا ہے۔ درختوں کی کٹائی فوری طور پر روکی جائے تاکہ دھاراوی کے باشندوں کو ماحولیاتی مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ (۲) ۱۲؍ اکتوبر کو شام۴؍بجے اڈانی ہٹاو دھاراوی بچاؤ اور دھاراوی جوڑو جن سمواد یاترا نکالی جائے گی۔ یہ یاترا دھاراوی دھوبی گھاٹ سے نکل کر وارڈ نمبر ۱۸۵؍ ٹرانزٹ کیمپ۱۸۴؍ میں ایم جی روڈ سے ہوتے ہوئے ساحل ہوٹل پر ختم ہوگی۔ (۳) دھاراوی بچاؤ آندولن چند دن بعد ڈپٹی کلکٹر اور تحصیلدار کنگز سرکل کے دفاتر کے باہر دھاراوی کے رہائشیوں کے رہائشی حقوق کے تحفظ کے لئے احتجاج کرے گی۔ (۴) نومبر میں پارلیمانی اجلاس کے آغاز سے پہلے دھاراوی بچاؤ آندولن کا ایک وفد دہلی میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کرے گا تاکہ وہ اپنے مطالبات کا ایک میمورنڈم انہیں پیش کرے۔ اس میں یہ مطالبہ کیا جائے گا کہ دھاراوی کو اڈانی کے ذریعے ڈیولپ نہ کیا جائے اور دھاراوی کے رہائشیوں کے رہائشی حقوق کو محفوظ بنایا جائے۔ (۵) دھاراوی کے کئی علاقوں کے مکینوں، بشمول ماہم ۱۳؍ کمپاؤنڈ، بزنس ایریا اور کمہار واڑہ کے مکینوں اور تاجروں نے کوئی سروے نہیں کروایا ہے اور اپنے کاغذات اڈانی کی کمپنی این ایم ڈی پی ایل کو جمع نہیں کرائے ہیں۔ این ایم ڈی پی ایل کی طرف سے ان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے مگر انہیں ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ دھاراوی بچاؤ آندولن ان کے لئے آواز بلند کررہا ہے۔ (۶) دھاراوی بچاؤ آندولن پورے دھاراوی میں ۱۰؍ ہزار پمفلٹ تقسیم کرے گا تاکہ لوگوں کو اصل صورتحال اور اڈانی کی دھوکہ دہی سے آگاہ کیا جا سکے۔
میٹنگ میں خاص طور پر شیوسینا کے سابق ایم ایل اے بابو راؤ مانے، سی پی آئی کےکامریڈ نصیر الحق، این سی پی( شردپوار ) کے الیش گجاکوش، عام آدمی پارٹی کے لیڈر پال رافیل، سماجی کارکن انل کسارے، بزنس مین اسوسی ایشن کے ذمہ دار انصار شیخ، چمڑے کے کاروباریوں کے نمائندے خورشید خان، کانگریس کے رکن پرکاش پکھارے، بہوجن سماج پارٹی کے رکن شیام لال جیسوار اور سماج وادی پارٹی کے رکن راہل گائیکواڑ کے علاوہ دیگر ذمہ دار اشخاص موجود تھے۔
اس دوران زور دے کر یہ واضح کیا گیا کہ ہمیں اپنے اور دھاراوی واسیوں کی حمایت اور ان کے حق کیلئے صدائے احتجاج میں مزید شدت لانی ہے تاکہ ہر شخص کو حقیقت حال سے آگاہی ہو۔ اس کے علاوہ ایک بھی دھاراوی واسی کے بے گھر کئے جانے یا دھاراوی سے باہر دھکیلنے کا اندیشہ نہ رہے۔