• Wed, 15 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہار : این ڈی اے میں جوتم پیزار کی نوبت

Updated: October 15, 2025, 7:43 AM IST | Patna

بی جے پی نے ۷۱؍ امیدواروں کی فہرست جاری کردی، نتیش کمار برہم ،جیتن رام مانجھی کے بھی سُر تبدیل ،ٹکٹ کے خواہشمندوں کا ہنگامہ

Candidates seeking tickets protest at the BJP state office in Patna. (PTI)
پٹنہ میں بی جے پی کے ریاستی دفتر میں ٹکٹ کے متمنی امیدوار احتجاج کرتے ہوئے ۔(پی ٹی آئی )

بہار میںحکمراں اتحاد این ڈی اے میں اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں خاموشی کے ساتھ سیٹوں کا بٹوارہ تو ہوگیا لیکن سیاست کے جس جوار کو کئی دنوں سے دبانے کی کوشش کی جارہی تھی، وہ بار بار اپنا سراٹھارہا ہے۔ اس کا آغاز علامتی طور پر جے ڈی یو کے قومی صدر اور بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے قدم سے ہوا۔ انہوں نے سیٹوں کی تقسیم کے بعد انتخابی حلقوں کے ناموں کا باضابطہ اعلان  کئےجانے سے پہلے ہی اپنے چار ساتھیوں کو ٹکٹ دے کر پارٹی کا نشان دے دیا۔ ان میں مہنار سے جے ڈی یو کے ریاستی صدر امیش سنگھ کشواہا ، بکسر ضلع کےراجپور سے سنتوش کمار نرالا کے علاوہ سہرسہ ضلع کے سونبرسا سے رتنیش سادا کے نام شامل ہیں۔ رتنیش سادا سونبرساسے جے ڈی یو کے ایم ایل اے اور نتیش حکومت میں وزیرہیں۔ امیش کشواہا اور سنتوش کمار نرالا پچھلے اسمبلی انتخابات میں دوسرے نمبر پر تھے۔ 
 جے ڈی یو یا پھر یوکہیں کہ نتیش کمار کے ذریعے ان سیٹوں پر پارٹی کے امیدواروں کوخاموشی سے نشان دینے کا مطلب ناراضگی کا کھل کر اظہار تھا۔ جے ڈی یو کے ذرائع کے مطابق نئی دہلی میں این ڈی اے کی حلیف جماعتوں کی میٹنگ میں سیٹوں کی جس طرح تقسیم ہوئی اور خاص طور سے جے ڈی یو کی چند ایک جیتی ہوئی سیٹ چراغ پاسوان کی پارٹی کو دینے کی بات کی گئی ، اس سے نتیش کمار سخت ناراض ہوگئے۔ جے ڈی یو کے ایک سینئر لیڈر نے ’انقلاب‘ کے اس نمائندہ سے گفتگو میں واضح طور پرکہا کہ جو بھی معاملے ہیں وہ حل ہوجائیں گے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پارٹی کو جن صاحب نے یہاں تک لاکر چھوڑا ہے،ہم ان کے یہاں جاتے ہی نہیں ہیںلیکن ان کا بھی علاج ہوگیا ہے۔ ان کا اشارہ جے ڈی یو کے قومی صدر سنجے کمار جھا کی طرف تھا۔ 
 اس دوران سنجے جھا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اپوزیشن کے لوگ بھرم پھیلا رہے ہیں۔ بہار کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ این ڈی اے میں سب کچھ ٹھیک ہے، سبھی متحد ہیں اور نتیش کمار کی قیادت میں اور ان کے ’گائیڈنس‘ میں ہم الیکشن لڑیں گے۔ ‘ سنجے جھا کی اس بات سے جے ڈی یو کے ایک اور لیڈر نے اختلاف کیا اور کہاکہ یہی تو مسئلہ ہے، نتیش کمار کی قیادت میں نہیں ، نتیش کمار کو وزیراعلیٰ کے عہدہ کا چہرہ اعلان کرکے الیکشن لڑا جائے یہی ہم اصلی جے ڈی یو والوں کا مطالبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ منگل رات تک سب کچھ ٹھیک ہوجانا چا ہئے ورنہ بدھ کو کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ 
 جے ڈی یو کے ایک اور لیڈرنے کہا کہ پارٹی نے سنجے جھا اور للن سنگھ کو بی جےپی سے بات کرنے اور فیصلہ کرنےکا اختیار دیا تھا لیکن وہ دونوں جب گڑبڑ کرنے لگے تو وجے کمار چودھری کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا مگر تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار اصل میں بیمار اور کمزور نہیں ہوئے تھے بلکہ وہ ان لوگوں کو خول سے باہر نکال رہے تھے جو الگ الگ روپ میں ان کے آس پاس رہ رہے  ہیں۔

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK