Inquilab Logo

بہار:اردو مترجم اورمعاون مترجم کےرزلٹ میں غیرمعمولی تاخیرسے امیدواروں میں مایوسی

Updated: January 14, 2022, 11:22 AM IST | Javed Akhtar | Patna

شدید غم وغصہ ، رزلٹ کے لئے کی مہم تیز، امیدواروں کےمطابق محکمۂ راج بھاشا کی سیٹیں خالی ہوتی جارہی ہیں اور بے روزگار نوجوانوں کی فوج تیار ہورہی ہے

The campaign was launched on Twitte.Picture:INN
ٹویٹر پر مہم چلائی گئی تھی۔ تصویر: آئی این این

 بہار میں ۳؍ دہائیوںکی جدو جہد کے بعد اردو مترجمین اور معاون اردو مترجمین کے جن عہدوں کیلئے الگ الگ تاریخوں  پرجو تحریری امتحان منعقد کئے گئے تھے اب تک ان کے نتائج جاری نہ کئے جانے سے امیدواروں میں شدید غم و غصہ اور مایوسی ہے ۔امیدواروں کا کہناہے کہ محکمہ راج بھاشا میں جن خالی عہدوں کو پر کرنے کیلئے دو سال قبل ۲۰۱۹ءمیں اشتہارات جاری کئے گئے تھے ، افسران کی لا پروائی اور عدم دلچسپی کی وجہ سے اب تک امتحانات کے رزلٹ جاری نہیں کئے گئے ہیں جس سے ایک طرف محکمہ راج بھاشا کی سیٹیں خالی ہوتی جارہی ہیں تو دوسری طرف بے روزگار نوجوانوں کی فوج تیار ہورہی ہے ۔ اس کی فکر حکومت کو ہے اور نہ ہی  موٹی تنخواہ لینے والے افسران کو ۔  واضح رہے کہ تقریباً تین دہائی کی جدو جہد کے بعد اردو مترجمین کے لئے۲۰۲؍اور معاون اردو مترجمین کے ایک ہزار ۲۹۴؍خالی عہدوں کو پرکرنے کیلئےبہار اسٹاف سلیکشن کمیشن نے ۲؍سال قبل۲۰۱۹ءمیں اشتہارات جاری کئےتھے۔ ان دونوں  عہدوں کیلئے تقریباً ایک لاکھ درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔اردو مترجمین کیلئے۳۱؍ جنوری ۲۰۲۱ءکو امتحان منعقد کیا گیا تھا جبکہ معاون اردو مترجمین کے لئے۱۹؍ستمبر۲۰۲۱ء کو  مینس امتحان ہوا تھا۔ اردو مترجمین کے لئے ایک سال قبل امتحان  منعقد ہوئے تھے  جبکہ معاون اردو مترجمین کے لئے ۴؍ مہینے قبل امتحان ہوئے تھے ۔ اس کے باوجود اب تک دونوں کے رزلٹ  جاری نہیں کئے گئے ہیں ۔ اس سے ان امیدواروں کی مایوسی روز بروز بڑھتی جارہی ہے  جو گزشتہ۲؍ سال سے ملازمت کے منتظر ہیں ۔  اردو مترجم عہدے کے امیدواراسلم پرویزاور ناز فاطمہ کہتے ہیں کہ دو سال قبل جب اشتہارات جاری ہوئے تھے تو ہمیں امید تھی کہ جلد سرکاری ملازمت کا انتظام ہوجائے گا مگر اب اس میں غیر معمولی تاخیر سے ایک بار پھر یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ بہار میں کچھ بھی تبدیل نہیں ہوا۔ وہ کہتے ہیں کہ بہار کے سرکاری محکموں میںملازمت کے لئے تقرر کا عمل شروع ہونا اور اسے معلق رکھنا عام بات ہے ۔ ایسا محسوس ہوتاہے کہ حکومت کو بے روزگار نوجوانوں کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ۔ واضح رہے کہ اردو مترجمین اور معاون اردو مترجمین کے خالی عہدوں کو پر کرنے کے لئے۲۰۱۹میں تقرر کا عمل شروع ہوا تھا  جسے اب دو سال مکمل ہو چکے ہیں ۔ ان کے لئے الگ الگ امتحانات بھی لئے جاچکے ہیں مگر عہدے اب بھی خالی ہیں اور امیدوار رزلٹ کے انتظار میں اپنا وقت  ضائع کر رہے ہیں ۔ اس عہدے کی ایک امیدوار نازنین کا کہناہے کہ حکومت کی اس سست روی سے ہم  مایوس ہوچکے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے رزلٹ جلد جاری کرنے کیلئے سوشل میڈیا پر مہم چلار ہے ہیں  جس میں سیکڑوں طلبہ بھی شامل ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK