Inquilab Logo

بہار:انڈیا اتحاد کے امیدواروں کاچار سیٹوں پر این ڈی اے کے موجودہ ایم پیز سے مقابلہ

Updated: April 29, 2024, 10:57 AM IST | patna

تیسرے مرحلے کیلئے بہار میں پانچ سیٹوں پر پولنگ ہوگی جن میں سے چار سیٹوں پر انڈیا اتحاد کے نئے امیدوار قسمت آزما رہے ہیں، ارریہ میں دلچسپ مقابلہ متوقع۔

RJD candidate Shah Nawaz Alam. Photo: INN.
آر جے ڈی کے امیدوار شاہ نواز عالم۔ تصویر: آئی این این۔

لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بہار میں انڈیا اتحاد کے نئے امیدوار پانچ سیٹوں جھنجھار پور، سپول، ارریہ اور مدھے پورہ اور کھگڑیا میں (این ڈی اے) کے موجودہ ممبران پارلیمنٹ کو چیلنج کریں گے۔ ان پانچ سیٹوں میں سے جھن جھار پور، سپول، ارریہ اور مدھے پورہ میں انڈیا الائنس کے بینر تلے پہلی بار لوک سبھا کے لیے لڑنے والے امیدوار این ڈی اے کے موجودہ ممبران پارلیمنٹ کو چیلنج کریں گے۔ 
وکاس شیل انسان پارٹی(وی آئی پی) کے امیدوار سمن مہاسٹھ، جھن جھار پور پارلیمانی سیٹ سے انڈیا اتحاد کے بینر تلے پہلی بار لوک سبھا کی انتخابی لڑائی میں اترے ہیں۔ مہاسٹھ اس سیٹ پر موجودہ ایم پی رام پریت منڈل(جے ڈی یو) سے مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ سمن کمار مہاسٹھ اس سے پہلے۲۰۲۰ء کے بہار اسمبلی انتخابات کے دوران مدھوبنی اسمبلی سیٹ سے وی آئی پی کے امیدوار تھے۔ 
سپول پارلیمانی سیٹ سے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے امیدوار چندر ہاس چوپال انڈیا اتحاد کے بینے تلے پہلی بار لوک سبھا میں اپنی قسمت آزمانے کے لیے تیار ہیں۔ اس سیٹ پر چوپال کا انتخابی مقابلہ جے ڈی یو کے موجودہ ایم پی دلکیشور کامت سے ہے۔ 
ارریہ سے سابق مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ تسلیم الدین کے بیٹے اور جوکیہاٹ سے ایم ایل اے شاہنواز عالم نے انڈیا اتحاد کے بینر تلے پہلی بار آر جے ڈی کے ٹکٹ پر لوک سبھا کا الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شاہنواز عالم کا مقابلہ اس سیٹ پر بی جے پی کے ایم پی پردیپ کمار سنگھ سے ہوگا۔ ۲۰۱۴ء کے لوک سبھا انتخابات میں پردیپ کمار سنگھ نے ارریہ پارلیمانی سیٹ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔ اس سیٹ پر سنگھ کا مقابلہ آر جے ڈی امیدوار اور سابق مرکزی وزیر تسلیم الدین سے تھا۔ تسلیم الدین نے پردیپ کمار سنگھ کو انتخابی میدان میں شکست دی تھی۔ تسلیم الدین کی موت کے بعد۲۰۱۸ءمیں ارریہ لوک سبھا سیٹ پر ضمنی انتخاب ہوا تھا۔ ضمنی انتخاب میں بی جے پی امیدوار پردیپ سنگھ کا مقابلہ آر جے ڈی امیدوار سرفراز عالم سے ہوا، جو تسلیم الدین کے بڑے بیٹے تھے۔ پر دیپ سنگھ کو اس الیکشن میں بھی شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ ۲۰۱۹ء کے لوک سبھا انتخابات میں پردیپ سنگھ نے آر جے ڈی امیدوار سرفراز عالم کو شکست دی تھی۔ اس الیکشن میں بی جے پی امیدوار پردیپ کمار سنگھ کا مقابلہ آر جے ڈی امیدوار شاہنواز عالم سے ہوگا جو آنجہانی تسلیم الدین کے دوسرے بیٹے ہیں۔ 
مدھے پورہ پارلیمانی سیٹ سے رکن اسمبلی آنجہانی کملیشوری پرساد یادو(کے پی یادو) کے پوتے کمار چندردیپ آر جے ڈی کے ٹکٹ پر میدان میں ہیں ۔ وہ پہلی بار الیکشن لڑرہے ہیں ۔ چندردیپ کا مقابلہ جے ڈی یو کے موجودہ ایم پی دنیش چندر یادو سے ہے۔ کمار چندردیپ سابق ایم پی آنجہانی ڈاکٹر رامیندر کمار یادو روی کے بیٹے ہیں ۔ ان چار سیٹوں کے علاوہ بہار میں کھگڑیا سیٹ کیلئے بھی پولنگ ہوگی جہاں سی پی ایم کے سنجےکمار کشواہا اور لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی ) کےراجیش ورما کے درمیان مقابلہ ہے۔ یہاں سے۲۰۱۹ء میں ایل جے پی کے امیدوار محبوب علی قیصر نے جیت حاصل کی تھی جو اب آر جے ڈی میں شامل ہوچکے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK