Inquilab Logo

بہار،ہر گھر تک نل کا جل فراہم کرنے کے ہدف کے قریب

Updated: May 06, 2022, 11:30 AM IST | Inquilab News Network | Patna

مرکزی وزارت کے مطابق بہار کے ۹۸ء۱۱فیصد گھروں تک نل کا جل پہنچ چکا ہے،پی ایچ ای ڈی کے وزیر رام پریت کا صد فیصد ہدف حاصل کرنے کا دعویٰ

A woman carries water in Patna.Picture:INN
پٹنہ میں ایک خاتون پانی لے کر جارہی ہے ۔ تصویر: آئی این این

بہار ہر گھر تک نل کا پانی فراہم کرنے کے ہدف کے قریب پہنچ گیا ہے۔ مرکزی وزارت جل شکتی کی ۲؍ مئی تک کے اعداد و شمار بتا رہے ہیں کہ ریاست کے ۹۸ء۱۱ فیصد گھروں کو نل کے ذریعے پینے کے پانی کی فراہمی ہو رہی ہے۔ دو مہینہ پہلے تک یہ ۹۵؍ فیصد تھا۔ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے وزیر ڈاکٹر رام پریت پاسوان نے کہا کہ ہم نے۱۰۰؍ فیصدہدف حاصل کر لیا ہے۔ اگر کسی گھر میں کوئی کنکشن نہیں ہے تو وہ مقامی وجوہات کی بنا پر ہوا ہوگا۔ جلد ہی۱۰۰؍ فیصد کامیابی کا اعداد و شمار مرکزی وزارت جل شکتی کو دیا جائے گا۔جل شکتی کی وزارت نے فی الحال۱۰۰؍ فیصد ہدف حاصل کرنے کا کریڈٹ مرکزی زیر انتظام علاقہ دادرا اور نگر حویلی کو دیا ہے۔ کرناٹک نے۹۹ء۴۷فیصد ہدف حاصل کیا ہے۔ میگھالیہ نے ۹۸ء۶فیصد کا ہدف حاصل کیا ہے۔ منی پور کی کامیابی بھی اچھی ہے۔ ان کے ۹۸ء۰۶ فیصدگھروں تک پینے کا پانی نلکوں سے پہنچ رہا ہے۔ بڑی ریاستوں میں مدھیہ پردیش کی رفتار قدرے کم ہے۔ وہاں تقریباً ۹۲؍ فیصد گھروں کو پینے کا پانی میسر ہے۔ اتر پردیش میں یہ تعداد۸۵ء۴۶ فیصد ہے۔ مغربی بنگال کے۹۵ء۳۷ فیصدگھروں میں یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ہر گھر نل کا جل کا قومی اوسط ۸۶ء۳۷ فیصد ہے۔نجی ذرائع کا بھی استعمال: بہار کے ہر گھر کو نل کا پانی فراہم کرنے میں پینے کے پانی کے نجی ذرائع کا بھی ہاتھ ہے۔ ریاست کے ایک کروڑ۷۲؍ لاکھ ۲۰؍ ہزار ۴۸۵؍ گھروں میں یہ سہولت دستیاب ہے۔ ان میں سے تقریباً۳۵؍ ہزار گھر مالکان اپنے ذرائع سے پینے کا پانی حاصل کر رہے ہیں۔
 اس بارے میں پی ایچ ای ڈی کے وزیر ڈاکٹر رام پریت پاسوان نے کہا کہ بہار کی صورتحال دیگر ریاستوں سے مختلف ہے۔ ریاست کے تقریباً تمام اضلاع میں پانی کا معیار متاثر ہواہے۔ ان علاقوں میں پانی صاف کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں جہاں پانی میں آئرن، آرسینک اور فلورائیڈ کی مقدار زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا اگلا ہدف شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی بلاتعطل سپلائی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK