۴؍افراد زخمی، کانگریس اور بی جے پی کے درجنوں کارکنان کیخلاف شکایت درج۔
کانگریس اور بی جے پی ورکروں نے ایک دوسرے پر حملہ کیا۔ تصویر: آئی این این
میونسپل کارپوریشن کے عام انتخابات کی تشہیری مہم کے دوران بھنڈاری چوک پر کانگریس اور بی جے پی کارکنوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی، جس میں دونوں جانب سے لاٹھیاں، پتھر اور پلاسٹک کی کرسیاں استعمال کی گئیں۔ اس واقعہ میں ۴؍ افراد زخمی ہوئے۔ حالات بگڑنے پر پولیس کو ہلکا لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ معلوم ہو کہ وارڈ ۲۰؍ میں بی جے پی امیدوار یشونت ٹاورے اور کانگریس امیدوار جتیندر پال کے انتخابی دفاتر آمنے سامنے واقع ہیں۔ پولیس کے مطابق سنیچر کی شام کانگریس امیدوار جتیندر پال کی انتخابی ریلی علاقے سے گزر رہی تھی۔ اسی دوران کانگریس کارکنوں کی جانب سے بی جے پی دفتر کے سامنے نعرے بازی کی گئی، جس پر دونوں فریقین میں پہلے تلخ کلامی اور بعد ازاں ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے معاملہ پُرتشدد تصادم میں تبدیل ہوگیا۔
جھڑپ کے دوران دونوں جانب سے لاٹھیاں چلیں، پتھراؤ کیا گیا اور پلاسٹک کی کرسیاں ایک دوسرے پر پھینکی گئیں۔ اس تصادم میں بھرت ٹاورے، انکیت نشاد، روہت ورما اور نتیش جھا زخمی ہوئے، جنہیں علاج کےلئے قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی نارپولی اور بھوئیواڑا پولیس اسٹیشنوں سے بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ بھیڑ کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کو ہلکا لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ بعد ازاں ڈی سی پی ششی کانت بوراٹے اور اسسٹنٹ پولیس کمشنر سچن سانگلے نے موقع کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا اور علاقے میں اضافی پولیس بندوبست کیا گیا۔
پولیس کے مطابق، اس معاملے میں دونوں فریقین کی جانب سے الگ الگ شکایات درج کی گئی ہیں۔ نارپولی پولیس اسٹیشن میں بی جے پی امیدوار یشونت ٹاورے کی شکایت پر کانگریس امیدوار جتیندر پال سمیت ۱۲؍نامزد اور ۳۰؍ سے ۳۵؍ نامعلوم افراد کے خلاف شکایت درج کی گئی ہے۔ وہیں بھوئیواڑا پولیس اسٹیشن میں کانگریس امیدوار جتیندر پال کی شکایت پر بی جے پی امیدوار یشونت ٹاورے سمیت ۱۱؍ نامزد اور ۴؍سے ۵؍ نامعلوم افراد کے خلاف شکایت درج کیا گیا ہے۔